سوال (470)

صاحب مشکاۃ نے متعدد مقامات پر احادیث کی تخریج کرتے ہوئے “ذکرہ صاحب الجامع” مثلا:

“عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم : لِلْمُؤْمِنِ عَلَى الْمُؤْمِنِ سِتُّ خِصَالٍ: يَعُودُهُ إِذَا مَرِضَ وَيَشْهَدُهُ إِذَا مَاتَ وَيُجِيبُهُ إِذَا دَعَاهُ وَيُسَلِّمُ عَلَيْهِ إِذَا لَقِيَهُ وَيُشَمِّتُهُ إِذَا عَطَسَ وَيَنْصَحُ لَهُ إِذَا غَابَ أَوْ شَهِدَ «لَمْ أَجِدْهُ» فِي الصَّحِيحَيْنِ «وَلَا فِي كِتَابِ الْحُمَيْدِيِّ وَلَكِنْ ذَكَرَهُ صَاحِبُ» الْجَامِع بِرِوَايَة النَّسَائِيّ”
[کتاب الآداب ، فصل اول ، حدیث 03 -الرقم المسلسل : 4630]

ان مواقع پر صاحب الجامع سے کون سے محدث مراد ہیں؟

جواب

یہ صاحب جامع الأصول مجد الدين أبو السعادات المبارك بن محمد بن محمد بن محمد ابن عبد الكريم الشيباني الجزري ابن الأثير (المتوفى : ٦٠٦هـ) ہیں۔
صاحب مشکاۃ نے مقدمے میں اصل مصادر حدیث کے ذکر کے ساتھ ثانوی مصدر کے طور پر دو کتابیں ذکر کی ہیں، فرماتے ہیں:

“فَاعْلَمْ أَنِّي بَعْدَ تتبعي كتابي «الْجمع بَين الصحيحن» لِلْحُمَيْدِيِّ، وَ «جَامِعَ الْأُصُولِ» ؛ اعْتَمَدْتُ”…ألخ [مشكاة المصابيح 1/ 7]

جس سے معلوم ہوتا ہے کہ اگر صاحب مشکاۃ کو صاحب المصابیح کی ذکر کردہ روایت اصل مصدر میں نہیں ملی، تو وہ اسے ثانوی مصدر یعنی الجمع بین الصحیحین یا جامع الاصول کے واسطے سے نقل کر دیتے ہیں!
جیسا کہ سوال میں ذکرہ کردہ مقام پر فرمایا:

«لَمْ أَجِدْهُ» فِي الصَّحِيحَيْنِ «وَلَا فِي كِتَابِ الْحُمَيْدِيِّ وَلَكِنْ ذَكَرَهُ صَاحِبُ» الْجَامِع ” بِرِوَايَة النَّسَائِيّ. [مشكاة المصابيح 3/ 1315]

یہ حدیث جامع الأصول لابن الأثیر میں 4733 نمبر پر ہے۔
اس سے پہلے ایک اور جگہ پر ایک حدیث کے متعلق فرماتے ہیں:

«هَكَذَا رَوَاهُ مُسْلِمٌ فِي صَحِيحِهِ وَالْحُمَيْدِيُّ فِي أَفْرَاد مُسلم وَكَذَا ابْن الْأَثِير فِي ‌جَامع ‌الْأُصُول». [مشكاة المصابيح 1/ 95]

یہاں کتاب اور صاحب کتاب دونوں کا اکٹھے ذکر کیا ہے۔ یہ حدیث جامع الأصول میں 7017 نمبر پر ہے۔
اسی طرح ایک اور جگہ پر ایک حدیث کے متعلق فرماتے ہیں:

«رَوَاهُ مَالِكٌ وَالنَّسَائِيُّ وَلِأَبِي دَاوُدَ نَحْوُهُ ‌ذكره ‌صَاحب ‌الْجَامِع». [مشكاة المصابيح 1/ 125]

جس پر ملا علی قاری رحمہ اللہ لکھتے ہیں:

«أَيْ: جَامِعُ الْأُصُولِ وَهُوَ ابْنُ الْأَثِيرِ». [مرقاة المفاتيح شرح مشكاة المصابيح 1/ 404]

بعینہ اسی وضاحت کو مبارکپوری رحمہ اللہ نے بھی نقل فرمایا ہے [مرعاة المفاتيح 2/ 92]
یہ حدیث جامع الأصول میں 5144 نمبر پر ہے۔

فضیلۃ العالم حافظ خضر حیات حفظہ اللہ