سوال (695)

عمرہ کیلئے اردو زبان میں کوئی موبائیل اپلیکیشن ہو جس میں قرآن وسنت کے مطابق عمرے کا مکمل طریقہ بمع مسنون دعائیں موجود ہوں تو رہنمائی فرما دیں

جواب

حج و عمرہ میں رہنمائی کے حوالے سے کئی ایک ایپس موجود ہیں، لیکن اب تک کی سب سے بہترین ایپس دو ہیں:
1.المطوف
2.Al Nusuk Guide
دونوں کی اپنی اپنی خاصیات ہیں، لیکن دونوں میں قدر مشترک یہ ہے کہ معلومات مستند ہیں اور ٹیکنیکلی بھی بہت حد تک بہتر ہیں، یوزر فرینڈلی یعنی استعمال کرنا زیادہ مشکل نہیں ہے۔
اگر کسی ایک کو ترجیح دینی ہو، تو میں دوسری یعنی ’النسک گائیڈ’ کو اختیار کروں گا، اگرچہ اس میں ایک دو جگہ پر ایک واضح غلطی موجود ہے، مثلا جہاں طواف کی کاؤنٹنگ ہے اس میں جو دعا طواف کا چکر شروع کرتے ہوئے ہونی چاہیے، وہ انہوں نے چکر کے مکمل ہونے پر دی ہوئی ہے۔
البتہ اگر آپ ٹوور آپریٹر ہیں اور گروپس لے کر جاتے ہیں تو اس کو مینج کرنے کے لیے المطوف بہترین ہے، کیونکہ اس میں ’حملۃ’ یعنی ’گروپ’ کا آپشن بھی ہے، جس میں گائیڈ اور اس کے ماتحت سبب لوگ رجسٹر کرکے ایک دوسرے کے ساتھ کنکٹ رہ سکتے ہیں!
یہ دونوں ایپ عربی میں ہیں، لیکن دوسری میں انگلش کا آپشن بھی ہے۔ جبکہ اردو میں کوئی ایسی ایپ نہیں گزری، جو اس طرح بہترین طریقے سے گائیڈ کرتی ہو جیسے النسک گائیڈ عربی یا انگلش میں کرتی ہے۔
زیادہ سے زیادہ لوگوں نے اس قسم کی ایپس بنا کر لانچ کی ہوئی ہیں، جن میں کوئی فنکشنیلٹی اور ٹیکنیکیلٹی نہیں ہے، سیدھی سیدھی کتاب ہے، اور اس میں بھی کئی جگہ مسائل ہوتے ہیں۔ اس قسم کی ایپس سے کسی بھی مستند کتاب کی ہارڈ یا سافٹ کاپی بہتر ہے۔
یہاں سے یہ سمجھ آتی ہے کہ اردو میں اس قسم کی دینی پراڈکٹس کی کس قدر ضرورت ہے۔ ویسے میں نے اس سلسلے میں عربی، انگلش، اردو تینوں زبانوں میں دیکھا ہے، مجموعی طور پر کچھ اچھی چیزیں موجود ہیں، لیکن پھر بھی امکانات بہت وسیع ہیں، جن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

فضیلۃ العالم خضر حیات حفظہ اللہ