سوال 7772
السلام علیکم و رحمۃ اللہ شیوخ کرام ایک رہنمائی مطلوب ہے۔
ایک بچے کی ماں فوت ہو گئی اور وہ بچہ اس خاتون کا پہلا بچہ تھا اس کے وفات کے بعد اس اس بچے کے باپ نے نہیں شادی کر لی اب اس فوت شدہ خاتون کا شناختی کارڈ وغیرہ موجود نہیں ہے تو وہ ادمی اپنی اس پہلی بیوی سے ہونے والے بچے کو دوسری بیوی کے نام پر لکھوانا چاہتا ہے اس کے بارے میں رہنمائی فرما دیجئے کیا ایسا ممکن ہے جائز ہے یا اس کے لیے کوئی اور راستہ اپنانا ہوگا۔
جزاکم اللّہ خیرا
جواب
وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ و برکاتہ!
اس معاملے میں مرحومہ والدہ کے شناختی کارڈ کی ضرورت نہیں، کیونکہ والد کا شناختی کارڈ موجود ہے۔ پہلی بات تو یہ ہے کہ بچے کے اندراج کے لیے والدہ کا شناختی کارڈ ضروری نہیں۔ ان کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ کافی ہے، جو تھوڑی بہت بھاگ دوڑ کے بعد بآسانی بنوایا جا سکتا ہے۔
دوسری بات یہ ہے کہ جب والد کا شناختی کارڈ موجود ہے تو بچے کے لیے کسی قسم کا مسئلہ نہیں بننا چاہیے، ان شاء اللہ۔
فضیلۃ الشیخ عبد الرزاق زاہد حفظہ اللہ
السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ!
دیکھیے، سوال میں اصل ابہام کیا ہے اور سائل کے ذہن میں اشکال کیا ہے، یہ واضح نہیں ہو رہا۔
بچہ اسی شخص کا ہے، باپ بھی وہی ہے، صرف بیوی دوسری ہے۔ عام طور پر سرکاری دستاویزات میں باپ کا نام درج ہوتا ہے، لہٰذا اس حوالے سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
البتہ اگر کہیں دستاویزات میں والدہ کا نام درج کرنے کی ضرورت پیش آئے تو دوسری بیوی، جو اس بچے کی پرورش کر رہی ہے، اس کا نام بطور والدہ درج کروا سکتا ہے۔ اس میں کوئی حرج نہیں، اس معاملے میں غیر ضروری سختی نہیں ہے۔
فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ
سائل:
السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ!
شیخ محترم! اصل معاملہ یہ ہے کہ ایک شخص کے ہاں پہلی بیوی سے بچہ پیدا ہوا، لیکن غفلت کی وجہ سے اس کا برتھ سرٹیفکیٹ نہیں بنوایا گیا۔ یونین کونسل والوں نے بچے کی رجسٹریشن کے لیے والدہ کا شناختی کارڈ طلب کیا تھا، مگر اس وقت بچے کی والدہ کا شناختی کارڈ موجود نہیں تھا، اس لیے بچے کی رجسٹریشن نہ ہو سکی۔
بعد ازاں بچے کی حقیقی والدہ کا انتقال ہو گیا اور اس شخص نے دوسری شادی کر لی۔ اب مشورہ دیا جا رہا ہے کہ موجودہ بیوی کا شناختی کارڈ درج کروا کر بچے کا برتھ سرٹیفکیٹ بنوا لیا جائے اور سرکاری ریکارڈ میں بچے کو پہلی بیوی کے بجائے دوسری بیوی کا بچہ ظاہر کر دیا جائے۔
اس صورت میں شرعی طور پر کیا حکم ہے؟ کیا بچے کا برتھ سرٹیفکیٹ اس کی سوتیلی ماں کے نام پر بنوانا جائز ہے، یا اس کے لیے کوئی دوسرا قانونی اور شرعی طریقہ اختیار کرنا ضروری ہے؟
براہِ کرم رہنمائی فرمائیں۔ جزاکم اللہ خیراً
جواب
وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ و برکاتہ!
دیکھیے، ہمارے نزدیک اس معاملے میں کوئی حرج والی بات نہیں ہے۔ یہ ایک قانونی معاملہ ہے، اسے جتنی جلدی اور جس قدر احسن طریقے سے نمٹا لیا جائے، بہتر ہے تاکہ آگے چل کر کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔
اصل مسئلہ والد کے نسب کا ہوتا ہے، اور اس حوالے سے بچے کی ولدیت اپنے حقیقی والد ہی کی طرف منسوب رہے گی۔ اس معاملے میں غیر ضروری سختی نہیں کرنی چاہیے۔
البتہ ایک بات کا خیال رہے کہ سرکاری دستاویزات میں حقیقی والدہ کی جگہ سوتیلی والدہ کا نام درج کرکے اسے حقیقی ماں ظاہر کرنا درست نہیں۔ اس کے بجائے یونین کونسل سے قانونی طریقۂ کار معلوم کرکے بچے کا برتھ سرٹیفکیٹ بنوا لیا جائے، تاکہ آگے چل کر کوئی قانونی یا نسبی پیچیدگی پیدا نہ ہو۔
اس معاملے کو غیر ضروری طور پر طول نہ دیا جائے۔ آج کل بعض اوقات لوگ معمولی باتوں کو بنیاد بنا کر الجھانے لگتے ہیں، اس لیے بہتر ہے کہ معاملہ درست اور قانونی طریقے سے نمٹا لیا جائے۔
فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ




