سوال 7667

السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ مشائخ کرام رہنمائی فرمائیں جزاکم اللّٰہ خیراً
ایک سوال ہے کیا سالانہ پروگرام یا ماہانہ ایک دن مخصوص کرکے کروانا درست ہے مثلاً ہر سال یکم ستمبر کو ہر مہینے کی پانچ تاریخ کو اس طرح دن تاریخ مخصوص کرکے ہر دفعہ اسی دن درس جلسہ اجتماع کروانا قرآن و سنت کی روشنی میں رہنمائی فرمائیں جزاکم اللّٰہ خیراً

جواب

السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
بسم اللہ، و الصلاۃ والسلام علی رسول اللہ
کوئی تاریخ مقرر کرکے سالانہ یا ماہانہ پروگرام کروانے کے دو پہلو ہیں۔
ایک یہ کہ ہم سالانہ یا ماہانہ کوئی تاریخ مقرر کریں اور اس کے ساتھ ہمارا کوئی عقیدہ جڑا ہوا ہو کہ فلاں تاریخ کو دعوتی اجتماع رکھنے کا زیادہ اجر و ثواب ہے۔ تو یقینی طور پر یہ شرعاً جائز نہیں، کیونکہ اس کی کوئی دلیل یا ثبوت موجود نہیں ہے۔
لیکن اگر انتظامی امور کے پیشِ نظر کوئی اجتماع مقرر کیا جائے، مثلاً ہر مہینے کی آخری اتوار کو، اس لیے کہ اتوار کے دن لوگوں کے پاس فرصت اور چھٹی ہوتی ہے، یا سالانہ کوئی دن اسی مصلحت کے تحت مقرر کیا جائے، اور اس کے ساتھ فلاں تاریخ کو ہی اجتماع رکھنے کے اجر و ثواب کا کوئی عقیدہ نہ ہو، تو اس میں شرعاً کوئی قباحت نہیں، ان شاء اللہ

فضیلۃ الشیخ عبد الرزاق زاہد حفظہ اللہ