سوال 7770

السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ!

ایک مسجد جب تعمیر کی گئی تو اوپر والا حصہ خواتین کے لیے مسجد کی نیت سے ایک بڑا کمرہ بنایا گیا اس کے ساتھ صحن اور امام صاحب کی رہائش بھی لیکن کافی سالوں بعد اس مسجد والے حصے میں جو اوپر بنایا گیا تھا بڑا کمرہ اس کو مدرسہ بھی بنا دیا یعنی وہاں خواتین کی قرآن کلاسز وغیرہ شروع ہو گئی ہیں کبھی کبھار ضرورت پڑنے پر مرد اوپر نماز بھی ادا کر لیتے ہیں جب نیچے کؤی کام وغیرہ ہو رہا ہو سوال یہ ہے کہ کیا اس میں حیض والی خواتین کلاس لینے کے لیے جا سکتیں ہیں کیونکہ اب اس میں مدرسے کی نیت بھی کر دی ہے انتظامیہ نے؟

رہنمائی فرما دیں۔

جواب

وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ و برکاتہ!

اس کی دو صورتیں ہیں:

پہلی صورت: اگر آپ نے اوپر والی منزل کو مسجد قرار دیا ہے تو پھر حیض والی خواتین وہاں نہیں جا سکتیں۔

دوسری صورت: اگر آپ نے اس جگہ کو مدرسے، مصلیٰ نساء یا مطلق مصلیٰ کا نام دیا ہے، جہاں بوقتِ ضرورت مرد بھی نماز پڑھ سکتے ہیں، تو پھر حیض والی خواتین وہاں جا سکتی ہیں۔

میری اپنی مسجد میں بھی یہی معاملہ ہے۔ نیچے مسجد ہے اور اوپر ایک ہال ہے، جس کے ہم نے دو حصے بنائے ہیں۔ ایک حصہ مسجد ہے اور دوسرا مصلیٰ نساء ہے۔ رمضان میں خواتین مسجد والے حصے میں اعتکاف بیٹھتی ہیں، جبکہ اس حصے میں حیض والی خواتین نہیں جا سکتیں۔

باقی پورا ہال سال بھر درسگاہ اور جمعہ وغیرہ کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

فضیلۃ الشیخ عبد الرزاق زاہد حفظہ اللہ

سائل:

جب تعمیر کی تھی تو نیت یہی تھی کہ اس اوپر والے حصے میں خواتین نماز ادا کریں گیں چند سالوں بعد وہاں قرآن کلاسز کا اہتمام کیا گیا اور نیت خواتین کی مسجد کے ساتھ مدرسے کی بھی کر دی اس صورت میں کیا حکم ہوگا؟ اس حصے میں خواتین اعتکاف بھی کرتی ہیں رمضان المبارک میں کیونکہ نیچے والے حصے میں مرد ہوتے ہیں۔

رہنمائی فرما دیں۔

جواب

اوپر والے حصے کو دو حصوں میں تقسیم کریں۔ ایک مسجد اور ایک مصلی نساء جس طرح میں نے اپنی گفتگو میں عرض کیا ہے۔

فضیلۃ الشیخ عبد الرزاق زاہد حفظہ اللہ

سائل:

احسن اللہ الیک شیخ محترم یہ بھی راہ نمائی فرما دیں کہ پھر خواتین کو۔ سے حصے میں اعتکاف کر یں گیں مسجد والے میں ہی یقیناً لیکن اگر تعداد زیادہ ہو جائے تو کیا دوسرے حصے میں بھی کر سکتیں ہیں کیونکہ کمرہ تو ایک ہی ہے؟

جواب

السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ!

گزارش یہ ہے کہ اعتکاف مسجد میں ہوتا ہے، مصلیٰ میں نہیں ہو سکتا۔ لہٰذا اس جگہ کی ترتیب اس انداز سے بنانی چاہیے کہ اگر خواتین کی تعداد زیادہ ہو جائے تو مسجد کا حصہ زیادہ رکھا جائے۔

فضیلۃ الشیخ عبد الرزاق زاہد حفظہ اللہ