صحت انسانی کے لیے خوراک کا کردار بنیادی ہے،خوراک میں سبزیاں بھی اہم حیثیت رکھتی ہیں۔ سبزیوں میں سے میتھی ایک ایسی چیز ہے جو آسانی سے میسر ہونے والی بوٹی یا سبزی ہے میتھی کا استعمال عموماً سرد موسم میں زیادہ ہوتا ہے،اس کو دوسری سبزی کے ساتھ استعمال کیا جاتا ہے اکثر آلو کے ساتھ مکس کر کے پکایا جاتا ہے۔
اس عام سی سبزی کے فوائد بہت ہیں جس کو عام طور پر نظر انداز کر دیا جاتا ہے سبز پتے اور ایسی سبزیاں صحت کے لیے کتنے ہی فائدہ مند ہیں۔ میتھی کے بیج بھی مصالحے اور مختلف ادویات کی تیاری کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ اس کے استعمال سے درج ذیل فوائد حاصل ہوتے ہیں۔
ماں کے دودھ کی مقدار بڑھائے
میتھی ایک بہترین سپلیمنٹ کا کام بھی کرتی ہے ماں کا دودھ یا بریسٹ ملک کی مقدار بڑھانے کے لیے کافی فائدہ مند ہے، اسے چائے یا سپلیمنٹ کی شکل میں استعمال کرنا خواتین کو دودھ کی کمی کے مسئلے سے نجات پانے میں مدد دے سکتا ہے۔
جسمانی ورم یا سوزش میں کمی
میتھی اینٹی بیکٹیریا یعنی جراثیم کش ہے اس کے ساتھ ساتھ اینٹی آکسائیڈنٹ بھی ہے جو کہ جسمانی ورم کو کم کر کے مختلف امراض جیسے ڈپریشن، امراض قلب اور جوڑوں کے درد وغیرہ سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔
رنگ کی دلکشی زیادہ کرے
رنگت کی دلکشی میں اضافہ کرنے کے لیے مختلف کریمز اور بیوٹی پروڈکٹس استعمال کی جاتی ہیں جو کہ مضرِ صحت بھی ثابت ہو سکتی ہیں۔ میتھی دانہ فری ریڈیکلز سے پہنچنے والے نقصانات سے بچاتے ہیں جو جِلد پر سیاہ دھبوں اور جھریوں کا باعث بنتے ہیں۔ اس کے علاوہ میتھی دانہ کے استعمال سے جِلد کے دانوں کا بھی خاتمہ ہوتا ہے
نظام ہاضمہ بہتر کرے
میتھی استعمال کرنے سے آنتوں کی حرکت میں اضافہ ہوتا ہے، جس کی وجہ سے ہاضمہ کے مسائل میں کمی آتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ دل کی جلن کو دور کرنے کے لیے بھی مفید ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ میتھی دانہ جسم سے نقصان دہ ٹاکسن کو نکالنے کے لیے بھی مفید ہے۔ یہ بھوک بڑھانے کے لیے فائدہ مند ہے جبکہ غذائی نالی کے مختلف مسائل جیسے بدہضمی، قبض اور گیس جیسے مسائل کے خلاف بھی مفید ثابت ہوتی ہے۔
شوگر کے مریضوں کےلیے فائدہ مند
میتھی کے استعمال سے معدے میں شوگر جذب ہونے کی رفتار سست ہوتی ہے اور انسولین کی پیداوار بڑھتی ہے جو شوگر کے مریضوں کے لیے بہتر ہے جبکہ یہ کولیسٹرول کی سطح کو کنٹرول میں بھی مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔