صحت اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے۔ اس نعمت کی قدر اور حٖفاظت نہ کی جائے تو یہ چھن سکتی ہے۔ یاد رکھیں 99 فیصد معدہ کی بیماریاں غذاء کی بد پرہیزی سے ہوتی ہیں۔ غذاءکو اچھی طرح چبا کر نہ کھانا، کھانے کے ساتھ پانی کا زیادہ پیا جانا، ایک وقت میں کئی قسم کے کھانے کھانا، ابھی پہلی غذاء ہضم نہ ہوئی ہو اور دوسری غذا کھا لینا، کھاتے وقت غذاءکے ساتھ لُعابِ دہن شامل نہ کرنا وغیرہ وغیرہ۔

زیادہ مرچ مصالحہ سے بچیں

تمام بیماریاں منہ سے شروع ہو کر مقعد پر ختم ہوتی ہیں، آپ دو دن زیادہ مرچ مصالحہ والی چیزیں کھا کر دیکھ لیں، دوسرے دن رفع حاجت کے وقت مقعد میں وہ جلن ہو گی کہ اللہ کی پناہ۔ آنتوں میں سوزش، جگر میں سوزش، معدہ میں سوزش، معدہ کی کمزوری اور غذاء کا صحیح طور پر ہضم نہ ہونا جیسی بیماریاں لاحق ہوسکتی ہیں۔ مختصر یہ کہ صرف ایک غذائی بے احتیاطی سے کتنے امراض پیدا ہوتے ہیں۔
سب سے پہلے جس بات پر عمل کرنا ضروری ہے وہ یہ کہ کھانے کے ساتھ پانی کم سے کم پیا جائے۔ آپ کھانے کے ساتھ صرف ایک گلاس پانی سے زیارہ پانی ہرگز نہ پیئں۔ چاہے یہ ایک گلاس پانی آپ تین حصوں میں تقسیم کر کے پئیں۔ یہ پانی تازہ ہو، ٹھنڈا ہرگز نہ ہو۔

کھانے کو اچھی طرح چبائیں

کھانے کو بہت ہی اچھی طرح چبا کر کھائیں تاکہ غذاء زیادہ سے زیادہ جزو بدن بنے یعنی اگر آپ نے 100 روپے کی غذا کھائی ہے تو کم ازکم 90 روپے کی غذاء تو آپ کے جسم کو ملنی چاہیے، اور وہ مندرجہ بالا طریقہ سے کھانے سے ہی ممکن ہے۔ کھانے کے بعد ایک ٹکڑا گُڑ چبا کر کھا لینا چاہیے۔ جب آپ نے کھاناختم کر لیا تو اب آپ نے دو گھنٹے سے پہلے پانی نہیں پینا، یہی صحت کا راز ہے۔ سمجھیں آپ نے روزہ رکھا ہوا ہے۔

پہلی غذا ہضم ہونے کے بعد مزید کھائیں
جب تک پہلی غذا ہضم نہ ہو، کسی صورت دوسرا کھانا نہیں کھانا چاہیے، چاہے کوئی سونے کا نوالہ ہی کھانے کو کیوں نہ دے۔ جب تک حقیقی بھوک نہ لگے، کھانا نہ کھائیں۔ یاد رکھیں کھانا نہ کھانے سے انسان نہیں مرتا بلکہ زیادہ کھانے سے مر سکتا ہے۔

کھانا ضرورت ہے ضروری نہیں
کھانے کو ضرورت سمجھ کر کھائیں، ضروری سمجھ کر نہ کھائیں۔ کھانے کے ساتھ موسم کے مطابق سلاد کھائیں چاہیے تھوڑاہی سہی۔ موسم کا پھل بھی ضرور کھا لیا کریں۔

رات کے کھانے میں تاخیر نہ کریں
رات کا کھانا سونے سے کم ازکم اڑھائی گھنٹے قبل کھا لینا چاییے۔ رات کا کھانا کھانے کے بعد کم از کم 15 منٹ چہل قدمی لازمی کریں۔ قبض کسی صورت نہ ہونے دیں، کیونکہ قبض اُم الامراض ہے، رات کو سونے سے پہلے ایک بار پا خانے کے لیے ضرورجائیں، چاہے پا خانے کی حاجت ہو یا نه ہو۔

دو بیماریوں کی دوا ایک ساتھ مت کھائیں

کھبی بھی دو مختلف بیماریوں کی دوا ملا کر ایک وقت میں نہ کھائیں، دونوں کے بیچ میں ایک گھنٹے کا وقفہ ضروری ہے۔

دودھ کے ساتھ کھٹی اشیا نہ لیں

دودھ کیساتھ کھٹی چیزوں مثلاً اچار، لیموں، کینو، انار، وغیرہ کا استعمال ہرگز نہ کریں۔ صبح نہار منہ اگر بہت ضرورت محسوس ہو تو صرف دو گھونٹ تازہ پانی سے زیادہ نہ پئیں۔

دوپہر کے بعد قیلولہ
دوپہر کھانے کے بعد 15 منٹ قیلولہ کر لیا کریں۔ خربوہ خالی پیٹ کبھی نہ کھاںیں صفراء بن جاتاہے۔
دودھ اور خربوزہ ایک ساتھ ملا کر نہ کھائیں۔ تربوز یا خربوزہ کھانے کے کم از کم ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ بعد تک پانی نہ پئیں۔

چہل قدمی
اگر آپ کا پیشہ یا کام کی نوعیت سارا دن بیٹھ کر کام کرنا ہے تو ہر دو گھنٹہ بعد 10 منٹ کے لیے ضرور چل پھر لیا کریں۔

تیزابیت کا علاج
رات کو کھانے کے بعد ایک عدد کیلا کھا لیا کریں، ادرک کی چائے بھی پی سکتے ہیں۔
اگر تیزابیت زیادہ ہو تو آدھا چمچ سوڈا بائی کارب(میٹھا سوڈا) آدھے گلاس پانی میں حل کر کے پی لیں تھوڑا لیموں بھی نچوڑ سکتے ہیں۔

پیشاب پاخانہ کو ہر گز نہ روکیں
پیشاب کو کبھی روکے رکھنے کی کوشش نہ کریں۔گردوں کے امراض اور پتھری بننے کا سبب بن سکتا ہے
پاخانہ بھی کبھی روک کر نہ بیٹھیں، کیونکہ اس سے بواسیر اور Ulcerative colitis یعنی قولون کا زخم لاحق ہونے کا امکان بڑھ سکتا ہے۔
پاخانہ کرنے کے بعد مقعد Anus کو اچھی طرح سے پانی سے دھو یا کریں۔ قضائے حاجت کرنے کے بعد  تین گھونٹ پانی پی لیا کریں۔

دانتوں اور منہ کی صفائی
رات کو سونے سے پہلے، ٹوتھ پیسٹ لگا کر مسواک کر کے سویا کریں۔ صبح سویرے پھر ضرور مسواک کریں۔ پھر ناشتہ کرنے کے بعد ٹوتھ پیسٹ لگا کر مسواک کیا کریں۔ صبح منہ کا ذائقہ خراب نہیں ہو گا، منہ سے بد بُو نہیں آئیگی۔ دن بھر دہن صاف رہے گا۔ اگر آپ شادی شدہ ہیں تو، شریکِ حیات سے نزدیکی سے پہلے، چھوٹی الائچی کے دو، تین دانے نکال کر منہ میں رکھ کر چوستے رہیں۔

ڈاکٹر ثناءاللہ فاروقی