سوال 7773
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ ایک سوال تھا کہ
جس شخص کو پیشاب نالی لگی ہے وہ نماز کیسے پڑھے گا؟
جواب
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
اگر اس شخص کے لیے وضو کرنا ممکن ہو تو اسے ایک مرتبہ وضو کروا دیا جائے اور وہ اپنی نماز ادا کرے۔ اگلی نماز کے وقت دوبارہ وضو کروا دیا جائے اور اس طرح ہر نماز مکمل وضو کے ساتھ ادا کر لے۔ یہ مجبوری کے احکامات ہیں، لہٰذا اس صورت میں یہی عمل اس کے لیے کافی ہوگا۔
اور اگر ایسا ممکن ہو کہ دو نمازیں جمع کر لی جائیں، اور اس دوران اس کی پیشاب کی نلکی یا پیشاب کا بیگ ہٹا دیا جائے، جس کے بعد وہ طہارت اختیار کر سکتا ہو، تو ایسا کر لے۔ پھر ایک مرتبہ وضو کرکے دونوں نمازیں جمع کر کے ادا کر لے۔
یہ آخری صورت ہوگی۔
فضیلۃ الشیخ عبدالوکیل ناصر حفظہ اللہ
سائل: اگر وہ بیگ خالی کر لے تو پھر ادا کر سکتا ہے؟
جواب: جی ہاں، اگر وہ ایسا کر سکتا ہے تو یہ بھی درست ہے۔ البتہ بیگ چونکہ لگا ہوا ہے اور اس میں نجاست کے قطرات موجود ہیں، اس لیے اگر اسے ہٹانا ممکن نہ ہو تو مجبوری کے احکام لاگو ہوں گے۔ ایسی صورت میں اگر وہ بیگ لگے ہوئے ہی نماز ادا کر لیتا ہے تو بھی ٹھیک ہے۔
لیکن اگر بیگ ہٹانا ممکن ہو تو پھر دوسرے طریقے پر عمل کر لے، جیسا کہ ہم نے بتایا ہے۔ یعنی طہارت اختیار کرے اور اس کے بعد دوبارہ نیا بیگ لگا دیا جائے، پھر نماز ادا کر لے۔
اگر دوسری نماز قضا ہو جانے کا خطرہ ہو یا تکلیف کی شدت ہو تو نمازیں جمع بھی کر سکتا ہے، ورنہ ہر نماز اپنے وقت پر ادا کرے۔
خلاصہ یہ ہے کہ جس قدر ممکن ہو طہارت اختیار کرے، لیکن جہاں مشقت ہو وہاں مجبوری کے احکام لاگو ہوں گے اور بیگ کے ساتھ بھی نماز ادا کر سکتا ہے۔
فضیلۃ الشیخ عبدالوکیل ناصر حفظہ اللہ




