ناریل اللہ تعالی کی نعمتوں میں سے ایک عظیم نعمت ہے، جس سے ہم کئی ایک فوائد حاصل کرسکتے ہیں۔
عمومی فوائد:
ہمارے علم میں ہے کہ ناریل کا تیل بالوں کے لیے مفید ہے اور انہیں چمکدار بنانے کے ساتھ جلد کو نرم و ملائم رکھتا ہے۔ اس کے دیگر کئی ایک استعمال بھی ہیں جس سے اس کے تیل کی افادیت واضح ہوتی ہے۔ اس سے چمڑے کی مصنوعات اور لکڑی کے فرنیچر کی چمک بحال کی جاتی ہے۔ یہ تیل انڈوں کو پورے ایک سال تک تازہ رکھ سکتا ہے۔ اس تیل سے سخت داغ مٹائے جاسکتے ہیں۔ پینٹ پر لگی خراشیں صاف کی جاسکتی ہیں۔ اس کی باریک کوٹنگ سے نئے پلاسٹک کے برتنوں کے رنگ خراب ہونے سے بچایا جاسکتا ہے۔ یہ زنگ ختم کرتا ہے۔
ناریل کا تیل اور دانتوں کی صحت:
انسانی جسم کے لیے ناریل کا تیل بہت اہم ہے، کیونکہ اس میں شامل اینٹی مائکروبیل اور اینٹی آکسیڈنٹ صحت کے لیے بہت مفید ہیں۔ اسی طرح ۔ اس کا استعمال دانتوں کی بیماریوں میں بہت موثر ہے۔ اس سے دانتوں کے کیڑوں کی روک تھام ہوتی ہے، مسوڑھوں کی سوزش کم ہوتی ہے اور دانتوں کی چمک برقرار رکھنے میں فائدہ مند ہے۔
ناریل کے تیل سے نہایت ہی آسان طریقے سے دانتوں کے امراض سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔ اس کا طریقہ یہ ہے کہ روزانہ ایک چمچ ناریل کے تیل سے غرارے کریں ۔ اس کے لیے اسے دیر تک منہ میں گھماتے رہیں۔ ہفتے میں 2 سے تین بار یہ عمل دہرائیں جو کچھ ہفتوں میں پیلاہٹ کے شکار دانتوں کی سفیدی واپس لانے میں مدد دے سکتا ہے۔ اس عمل کے بعد برش یا مسواک سے دانت صاف کرلیے جائیں۔
دانتوں کی باقاعدگی سے صفائی نہ کی جائے تو دانتوں میں غذا کے ذرّات پھنس کر اُن پر میل جم جاتی ہے۔ اس کے علاوہ بیکٹریا اور جراثیم اپنا بسیرا کر لیتے ہیں، اس وجہ سے آہستہ آہستہ دانتوں کی چمک ختم ہو جاتی ہے۔ جبکہ ناریل کا تیل منہ کی جھلّی میں جذب ہو جاتا ہے اس سے ورم کم کرتا ہے، یہ تیل دانتوں کے اندر موجود نقصان دہ بیکٹریاز کو ختم کرنے میں بڑا موثر کردار ادا کرتا ہے۔ اس کے علاوہ اس سے سانس خوشبودار ہوتی ہے اور مسوڑھوں کی حفاظت ہوتی ہے، اور دانتوں کو گلنے سڑنے سے بھی بچاتا ہے۔
ناریل کا تیل اور احتیاط:
خیال رہے کہ ناریل کا تیل بہت سے بازاری کیمیکل ماؤتھ واشز سے کئی گنا بہتر ہے۔ تاہم جن افراد کو ناریل کھانے یا ناریل کا تیل پینے یا لگانے سے الرجی ہو وہ اس کے استعمال سے گریز کریں۔ اسی طرح یہ بعض افراد کے لیے ڈائریا کی وجہ بن سکتا ہے۔ اور غیر محتاط استعمال سے کولیسٹرول اور جگر کے مسائل بھی پیدا ہوسکتے ہیں۔
اللہ تعالی سب کو صحت و عافیت سے نوازے اور اپنی نعمتوں کی قدر کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔