سوال 7781

السلام عليكم و رحمة الله و بركاته
کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام و علمائے دین اس مسئلے کے بارے میں کہ:
ہم کینیڈا میں مقیم ہیں، جہاں سردیوں کے موسم میں دن بہت چھوٹے ہو جاتے ہیں اور مغرب و عشاء کا وقت کافی جلدی داخل ہو جاتا ہے۔ اس موسم میں اکثر نمازی دن کی نمازیں کام کی جگہوں (Job sites) پر ہی ادا کرتے ہیں، البتہ عشاء کی نماز کے لیے بڑی تعداد میں لوگ مسجد کا رخ کرتے ہیں۔
مسئلہ یہ درپیش ہے کہ:
1. مسجد کے احاطے میں گاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش بہت محدود ہے۔
2. شدید برف باری، منفی درجہ حرارت اور سخت ٹھنڈ کے باعث نمازیوں کو 100 سے 150 میٹر دور گاڑیاں پارک کر کے پیدل چل کر آنا پڑتا ہے، جس سے بوڑھوں، بیماروں اور عام لوگوں کو شدید مشقت و تکلیف کا سامنا ہوتا ہے اور بہت سے لوگ مجبوری میں باجماعت نماز سے محروم ہو جاتے ہیں۔
اس دشواری کے حل کے لیے مسجد انتظامیہ یہ انتظام کرنا چاہتی ہے کہ عشاء کی نماز کی دو الگ الگ جماعتیں (دو شفٹس) کروا دی جائیں؛ ایک جماعت اول وقت میں اور دوسری کچھ تاخیر سے، تاکہ پارکنگ کا مسئلہ بھی حل ہو سکے اور تمام لوگ باآسانی مسجد آ کر باجماعت نماز ادا کر سکیں۔
اس پس منظر میں درج ذیل اُمور کے شرعی احکام مطلوب ہیں:
1. ایک ہی مسجد میں دوسری جماعت کا حکم: کیا مذکورہ بالا اعذار (پارکنگ کی شدید تنگی، سخت سردی و برف باری اور لوگوں کے لیے مشقت) کے پیشِ نظر ایک ہی مسجد میں عشاء کی دو باقاعدہ جماعتیں کروانا شرعاً جائز ہے؟
2. اذان و اقامت کا مسئلہ: کیا دوسری جماعت کے لیے دوبارہ اذان اور اقامت کہی جائے گی یا پہلی جماعت کی اذان و اقامت ہی کافی ہوگی؟
3. امامت کی اہلیت: چونکہ مسجد کے باضابطہ امام صاحب کے لیے دونوں وقت رکنا یا دو بار امامت کروانا ممکن نہیں ہوتا، تو کیا دوسری جماعت کی امامت کے لیے کوئی بھی باشرع اور نماز کے ضروری احکام سے واقف عام نمازی امامت کروا سکتا ہے، یا اس کے لیے بھی کسی باقاعدہ عالم/شیخ کا ہونا ضروری ہے؟
قرآن و سنت اور کتبِ فقہ کے معتبر دلائل و حوالہ جات کی روشنی میں مدلل رہنمائی فرما کر عند اللہ ماجور ہوں۔
بینوا توجروا
جزاکم اللہ خیراً و احسن الجزاء

جواب

السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ!
ایسی صورتِ حال میں دوسری جماعت کروائی جا سکتی ہے، اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔
جہاں تک اذان اور اقامت کا تعلق ہے تو یہ فرض کے درجے میں نہیں ہیں۔ دوسری جماعت کے لیے اقامت کا اہتمام کر لیا جائے تو کافی ہوگا۔
نیز امامت کے لیے باقاعدہ عالم یا شیخ ہونا ضروری نہیں، بلکہ کوئی بھی ایسا شخص جو نماز کے مسائل سے واقف ہو اور نماز صحیح طریقے سے پڑھانا جانتا ہو، امامت کروا سکتا ہے۔

فضیلۃ الشیخ عبدالوکیل ناصر حفظہ اللہ

وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
1 جب باقاعدہ عذر موجود ہو شرعا دو نمازیں جمع کرنے کی رخصت ہے۔ (مسلم#1633)۔ تو عذر کی وجہ سے ایک ہی مسجد میں اس نماز کے حقیقی وقت میں ہی کچھ وقفہ وقفہ سے دو جماعتیں کروانا زیادہ مناسب ہے نمازیں جمع کرنے یا انفرادی نماز کی نسبت ۔
عذر کی وجہ سے مسجد میں دوسری جماعت کا جواز:
ترمذی#220
کتاب: نماز کا بیان
باب: اس مسجد میں دوسری جماعت جس میں ایک مرتبہ جماعت ہوچکی ہو

قَالَ:‏‏‏‏ جَاءَ رَجُلٌ وَقَدْ صَلَّى رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، ‏‏‏‏‏‏فَقَالَ:‏‏‏‏ أَيُّكُمْ يَتَّجِرُ عَلَى هَذَا ، ‏‏‏‏‏‏فَقَامَ رَجُلٌ فَصَلَّى مَعَهُ

ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ایک شخص (مسجد) آیا رسول اللہ ﷺ نماز پڑھ چکے تھے تو آپ نے فرمایا: تم میں سے کون اس کے ساتھ تجارت کرے گا؟ ایک شخص کھڑا ہو اور اس نے اس کے ساتھ نماز پڑھی ۔
سندہ، صحیح
2 ایک ہی مسجد میں جب *دوسری جماعت* کروانی ہو تو اذان کی ضرورت نہیں۔ اسی طرح اقامت بھی نہ کہیں تو حرج نہیں
مسلم#1191
ہم حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کے گھر ان کی خدمت میں حاضر ہوئے تو وہ پوچھنے لگے: جو (حکمران اور ان کے ساتھ تاخیر سے نماز پڑھنے والے ان کے پیروکار) تم سے پیچھے ہیں، انہوں نے نماز پڑھ لی ہے؟ ہم نے عرض کی: نہیں۔ انہوں نے کہا: اٹھو اور نماز پڑھو۔ انہوں نے ہمیں اذان اور اقامت کہنے کا حکم نہ دیا۔
تنبیہ: اگر دوسری جماعت کے لیے اقامت کہ دیں تب بھی درست عمل ہے۔
3 دوسری جماعت کے لیے اگر کوئی باقاعدہ قاری/عالم نہیں ہے تو اس صورت میں جنہوں نے جماعت سے نماز پڑھنی ہے ان میں سے ہی جو قرآن و سنت، نماز کے احکام کو زیادہ بہتر طریقہ سے جانتا ہے وہ جماعت کروا دے بس۔
ھذا ما عندی واللہ اعلم باالصواب

فضیلۃ الباحث ابو زرعہ احمد بن احتشام حفظہ اللہ