سوال 7780
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
50 ہزار روپے راستے سے ملے، مالک کو تلاش کرنے کے باوجود وہ نہ ملا تو اس رقم کو کہاں خرچ کرنا چاہیے؟ بہترین حل قران و سنت کی روشنی میں بتا دیں۔۔۔
جزاک اللہ خیرا
جواب
وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
گری پڑی چیز/ رقم جو باقاعدہ حیثیت رکھتی ہے جیسے سوال میں 50 ہزار روپے کا ذکر ہے۔
۔ اس کے بارے میں شرعی قاعدہ یہی ہے کہ ایک سال تک اعلان کیا جائے جس کی موجودہ صورتیں یہ ہوسکتی ہیں:
کہ جہاں ملے وہاں کے دکاندار، اہل علاقہ سے پوچھا جائے ان کو آگاہ کردیا جائے، وہاں فلیکس بنا کر لگا دی جائے، سوشل میڈیا پر پوسٹ کروا دی جائے، اس علاقہ کے لوگوں واٹس ایپ گروپ ہے تو اس میں نشر کردیا جائے، مساجد کے آئمہ کو آگاہ کردیا جائے۔ اس سب کے باوجود ایک سال تک اگر کوئی نہیں ملتا تو اس کی دو صورتیں ہیں:
1 اس رقم کو استعمال میں لے آئیں۔
2 اگر خود مالی طور پر زیادہ مستحکم ہیں تو اس رقم کو صدقہ کردیں۔
دونوں صورتوں میں سے کوئی بھی اپنا لیں لیکن اگر زندگی میں کبھی بھی رقم کے مالک کا پتا چلے تو اس کو وہ رقم لوٹانی ضروری ہے
فَإِنْ جَاءَ طَالِبُهَا يَوْمًا مِنَ الدَّهْرِ فَأَدِّهَا إِلَيْهِ
اگر کسی بھی دن اس کا طلب کرنے والا آ جائے تو اسے اس کی ادائیگی کر دو۔
(مسلم#4502)
وہ خود معاف کردے تو الگ بات ہے۔
صحیح بخاری#2426
کتاب: گری پڑی چیز اٹھانے کا بیان
باب: اور جب لقطہٰ کا مالک اس کی صحیح نشانی بتا دے تو اسے اس کے حوالہ کر دے۔
حَدَّثَنَا آدَمُ ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ ، وحَدَّثَنِي مُحَمَّدُ بْنُ بَشَّارٍ ، حَدَّثَنَا غُنْدَرٌ ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ ، عَنْ سَلَمَةَ ، سَمِعْتُ سُوَيْدَ بْنَ غَفَلَةَ ، قَالَ: لَقِيتُ أُبَيَّ بْنَ كَعْبٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ، فَقَالَ: أَخَذْتُ صُرَّةً مِائَةَ دِينَارٍ، فَأَتَيْتُ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَقَالَ: عَرِّفْهَا حَوْلًا، فَعَرَّفْتُهَا حَوْلًا فَلَمْ أَجِدْ مَنْ يَعْرِفُهَا، ثُمَّ أَتَيْتُهُ، فَقَالَ: عَرِّفْهَا حَوْلًا، فَعَرَّفْتُهَا فَلَمْ أَجِدْ، ثُمَّ أَتَيْتُهُ ثَلَاثًا، فَقَالَ: احْفَظْ وِعَاءَهَا وَعَدَدَهَا وَوِكَاءَهَا، فَإِنْ جَاءَ صَاحِبُهَا وَإِلَّا فَاسْتَمْتِعْ بِهَا، فَاسْتَمْتَعْتُ، فَلَقِيتُهُ بَعْدُ بِمَكَّةَ، فَقَالَ: لَا أَدْرِي ثَلَاثَةَ أَحْوَالٍ، أَوْ حَوْلًا وَاحِدًا.
ترجمہ:
انہوں نے بیان کیا کہ میں نے ابی بن کعب ؓ سے ملاقات کی تو انہوں نے کہا کہ میں نے سو دینار کی ایک تھیلی (کہیں راستے میں پڑی ہوئی) پائی۔ میں اسے رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں لایا تو آپ ﷺ نے فرمایا کہ ایک سال تک اس کا اعلان کرتا رہ۔ میں نے ایک سال تک اس کا اعلان کیا، لیکن مجھے کوئی ایسا شخص نہیں ملا جو اسے پہچان سکتا۔ اس لیے میں پھر آپ ﷺ کی خدمت میں آیا۔ آپ ﷺ نے فرمایا کہ ایک سال تک اس کا اعلان کرتا رہ۔ میں نے پھر (سال بھر) اعلان کیا۔ لیکن ان کا مالک مجھے نہیں ملا۔ تیسری مرتبہ حاضر ہوا، تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اس تھیلی کی بناوٹ، دینار کی تعداد اور تھیلی کے بندھن کو محفوظ رکھ۔ اگر اس کا مالک آجائے تو (علامت پوچھ کے) اسے واپس کردینا، ورنہ اپنے خرچ میں اسے استعمال کرلے چناچہ میں اسے اپنے اخراجات میں لایا۔ (شعبہ نے بیان کیا کہ) پھر میں نے سلمہ سے اس کے بعد مکہ میں ملاقات کی تو انہوں کہا کہ مجھے یاد نہیں رسول اللہ ﷺ نے (حدیث میں) تین سال تک (اعلان کرنے کے لیے فرمایا تھا) یا صرف ایک سال کے لیے۔
ھذا ما عندی واللہ اعلم باالصواب
فضیلۃ الباحث ابو زرعہ احمد بن احتشام حفظہ اللہ




