01) آخری عشرہ رمضان عشرہ انفرادی عبادت ہے۔ رسول اللہ ﷺ سے یہی ثابت ہے تفصیل کے لیے کتب احادیث کے اعتکاف کے ابواب یا ابواب روزہ ملاحظہ کر لیے جائیں اور کتب سیرت کو پڑھ لیا جائے۔
02) خدارا عشرہ رمضان کو کمرشلائز یا پروفیشنلائز نہ کریں اسے عبادت کے زمرے میں ہی رہنے دیں کیونکہ جس طرح ہم اسے منا رہے ہیں یہ عشرہ عبادت کم عشرہ تہوار میل ملاپ و دعوت زیادہ لگ رہا ہے۔ اسے فیسٹول یا ایونٹ نہ بنائیں۔
03) دروس کی اجازت ضرور ہے لیکن حسب ضرورت اور مختصر نہ کہ اسے جلسہ عام بنا لیا جائے بالخصوص طاق راتوں میں تو دو دو علماء کے پروگرامز رکھے ہوتے ہیں۔
04) رمضان کے شروع میں ہی ایسے جاذب نظر اشتہارات شائع کیے جاتے ہیں کہ لوگ اصل عبادت نماز تراویح اور تلاوت قرآن یا ذکر الہی کو فراموش کر کے صرف درس سننے آتے ہیں اور اس کے بعد دعوت طعام کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے اور وقفہ وقفہ سے کبھی قہوہ اور کبھی چائے چل رہی ہوتی ہے۔ مسجد میں کہیں بزرگ افراد تو کہیں نوجوان ٹولیاں بنا کر بیٹھے ہوئے ہیں اور مختلف دینی و دنیاوی موضوعات پر بحث مباحثہ چل رہا ہوتا ہے یہ سب کچھ رمضان کے ان بابرکت لمحات کو ضائع کرنے کے مترادف ہے۔ بلکہ اسے لایعنی اور فضولیات میں شمار کیا جائے تو بہتر ہو گا۔
05) نماز تراویح کے بعد ایک گھنٹے کا درس پھر اس کے بعد قیام اللیل کا سلسلہ شروع کر دیا جاتا ہے اور سبب یہ بیان کیا جاتا ہے کہ اس بہانے لوگ مسجد کے ساتھ جڑ جاتے ہیں وگرنہ باتوں میں وقت ضائع کر دیا جاتا ہے۔ حیرانی ہے کہ اسوہ حسنہ سے جوڑنے کے بجائے خود ساختہ اسباب اور وجوہات کی بناء پر عشرہ عبادت اور عشرہ دعا کے ساتھ کیا کر رہے ہیں۔
06) سونے پر سہاگہ کھانے کا ایک دور تراویح و درس کے بعد ہوتا ہے اور اسے مزید بڑھا کر سحری تک لے جانے والا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے یعنی ممکنہ لیلۃ القدر کو لیلۃ الطعام بنا دیا گیا ہے۔
07) خدارا انفرادی عبادات کریں خواہ مسجد میں یا گھر میں ، تلاوت قرآن اور ذکر الہی اور دعاوں کے ساتھ اور اگر ممکن ہو تو رات کی نماز چونکہ رسول اللہ ﷺ سے آٹھ رکعت ہی ثابت ہے لہذا عشاء کے بعد تلاوت قرآن اور ذکر الہی اور دعاوں پر زور دیا جائے اور سحری سے ڈیڑھ گھنٹہ قبل اس کا اہتمام کیا جائے اور اس کے بعد پھر انفرادی دعائیں جاری رکھی جائیں۔
08) سیاست ، تجارت، معاشرت، موبائل وغیرہ سے حتی الامکان اجتناب کریں اور کوشش کریں کہ اس دنوں میں کوئی ایک یا دو کتب منتخب کر لیں اور ان کا مطالعہ مکمل کریں۔ جیسا تجلیات نبوت، اصول ثلاثہ کی شرح، ریاض الصالحین وغیرہ یا جو آپ کے ذوق کے مطابق ہو۔
اللہ حافظ میرا کام تو اپنی بات کہہ دینا باقی آپ کی مرضی جو دل چاہے کریں۔

ڈاکٹر شاہ فیض الابرار