بعض لوگوں نے احادیث کو رد کرنے کے لیے ایک عجیب بات کی ہے کہ ’یہ عجمی سازش’ ہے۔ حالانکہ یہ بات بالکل بے بنیاد اور بے دلیل ہے۔ افسوس ان احباب پر، جو انکار کرنے پر آئیں تو بخاری ومسلم کی صحیح ترین روایات کو بھی نہ مانیں، اور الزام دھرنے پر آئیں، تو بلا کسی گواہ و ثبوت کے اتنا بڑا دعوی کردیں کہ یہ ساری سازش تھی۔ آج سے صدیوں پہلے لکھی گئی احادیث جن کی مکمل اسانید اور راویوں کے حالات موجود ہیں، وہ آپ کے تحقیقی معیار پر نہیں اترتیں، لیکن اسی صدیوں پہلے زمانے میں ایک سازش کی کھوج آپ نے نکال لی ہے، جس کا کوئی سر ہے نہ پیر…!!
بعض لوگوں کا ایک اور دعوی ہے کہ یہ عرب محدثین کی سازش ہے، جنہوں نے وقت کے حکمرانوں کی چاپلوسی کے لیے احادیث بنائی تھیں…!! حالانکہ یہ بھی اسی قسم کا بہتان ہے، اور اسے گھڑنے والا نہ صرف امانت و دیانت سے عاری ہے، بلکہ اس زمانے کے محدثین کی عزیمت و جرات بھری تاریخ سے بھی ناواقف ہے، جنہوں نے دین کی حفاظت کے لیے لازوال قربانیاں پیش کیں۔