اس موسم میں بادام صحت کے لیے نہ صرف مفید ہے بلکہ بہت زیادہ مفید ہے۔
صحت مند زندگی سب کے لیے ضروری ہے، یہی وجہ ہے کہ صحت اور عافیت کی اسلام میں بہت زیادہ اہمیت ہے۔ رسول اکرم ﷺ نے متعدد بار عافیت مانگنے کی تلقین کی اور خود بھی صحت و عافیت کی دعا کرتے رہے۔ دوسری طرف قوی مومن کو ضعیف مومن پر ترجیح دی اور اسے اللہ کا پسندیدہ اور محبوب شمار کیا۔
بادام کی خاصیت:
صحت مند زندگی کے لیے جہاں بہت سی غذائیں اللہ نے پیدا کر رکھی ہیں، وہاں بادام بھی اپنے فوائد میں یکتا ہے۔ بادام کے اندر گڈ کولیسٹرول یعنی صحت مند چربی پائی جاتی ہے، جو دل سمیت دیگر اعضائے رئیسہ کےلیے بے حد مفید ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بادام متعدد اجزاء کے حصول کا قدرتی ذریعہ ہے۔ بادام وٹامن ای، غذائی فائبر، میگنیشم، کاپر، زنک، آئرن، پوٹاشیم اور کیلشیئم سمیت 15 غذائی اجزاء جسم کو فراہم کرتے ہیں۔
بادام استعمال کرنے کا طریقہ:
بادام کو استعمال کرنے کے بارے میں کئی ایک طریقے ہیں، لیکن اکیلے بادام کو کسی چیز کے ساتھ ملائے بنا عموما بھگو کر کھایاجاتا ہے۔ جبکہ بعض لوگ خشک کو پسند کرتے ہیں۔
کیا بادام کو بھگو کر کھانا زیادہ مفید ہے؟
کیا بھگو کر کھانا اس کو زیادہ صحت مند بنادیتا ہے؟ تو اس کا جواب ہے کہ جی ہاں، بادام کو جیسے بھی کھایا جائے صحت کے لیے فائدہ مند ہے، مگر پانی میں بھگو کر استعمال کرنا انہیں زیادہ صحت بخش بنادیتا ہے۔ ماہرین کے مطابق بادام کو رات بھر پانی میں بھگو کر رکھنے سے اس سے کوٹنگ کی شکل جمع ہوجانے والا زہریلا مواد نکل جاتا ہے، جبکہ گلیوٹین ڈی کمپوز ہوکر phytic ایسڈ کا اخراج ہوجاتا ہے جو اس گری کے فوائد کو مزید بڑھاتا ہے۔
بادام کے مزید فوائد:
بادام سے ہونے والے چیدہ چیدہ فوائد اس طرح ہیں: یہ یاداشت مضبوط بنانے، نظام ہاضمہ بہتر بنانے، دماغی افعال میں بہتری لانے، جسمانی وزن کم کرنے، کولیسٹرول لیول کنٹرول کرنے، دل کی لئے فائدہ مند ہونے، بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے کا کام کرتا ہے۔ بالخصوص علمی اور تحقیقی کام کرنے والے افراد کے لیے بادام کافی مفید ہیں ۔ کیونکہ یہ دماغی صحت کے لیے ایک ٹانک کا کام کرتے ہیں۔