سوال

ایک موٹرسائیکل اسکیم ہے ،جس میں 200 ممبر ہیں، ہر ممبر ماہانہ 2500 روپے قسط ادا کرتا ہے ۔ اور ہر ماہ قرعہ اندازی کرتے ہیں، جس کا نام نکل آتا ہے، اس کو موٹر سائیکل دے دیتے ہیں ۔اور اس کی بقیہ اقساط معاف کردی جاتی ہیں، اور جس کا قرعہ اندازی میں نام نہ آئے، اس سے تب تک قسط لی جاتی ہے، جب تک کہ اس کے موٹر سائیکل کے پیسے (90 ہزار) پورے نہیں ہوجاتے۔کیا یہ حرام ہے ،یا ناجائز ہے یا سود ہے؟

جواب

الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!

یہ واضح طور پر جوا  ہے، کیونکہ جس کی پہلی دفعہ موٹر سائیکل نکل آئی، اسے گویا اڑھائی ہزار میں ہی 90 ہزار کی چیز مل گئی۔ پھر دوسرے کو پانچ ہزار میں، کسی کو دس میں، کسی کو پندرہ میں، کسی کو بیس میں۔  یہ جوئے اور  غرر یعنی دھوکے کی ہی ایک شکل ہے، جس میں آپ کو کوئی اندازہ نہیں کہ آپ کو کتنے پیسے ادا کرنے پڑیں گے۔ شریعت اسلامیہ میں ایسے معاملات اور کاروبار سے منع کیا گیا ہے،جیسا کہ قرآن ِ كريم میں ہے:

}يَاأَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِنَّمَا الْخَمْرُ وَالْمَيْسِرُ وَالْأَنصَابُ وَالْأَزْلَامُ رِجْسٌ مِّنْ عَمَلِ الشَّيْطَانِ فَاجْتَنِبُوهُ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُونَ {‎[المائده:90]

’اے ایمان والو! بات یہی ہے کہ شراب اور جوا اور تھان اور فال نکالنے کے پانسے کے تیر، یہ سب ناپاک، شیطانی کام ہیں ان سے بالکل الگ رہو تاکہ تم فلاح یاب ہو‘۔

  • دوسری بات 200 ممبران میں سے ہر ایک کو انہوں نے موٹر سائیکل دینی ہے، تو جس نے مکمل اقساط ہی نہیں دیں، وہ اس کے پیسے کہاں سے پورے کرتے ہیں؟ کہا جاتا ہے کہ ہم جمع ہونے والی رقم سے کاروبار کرتے ہیں، یعنی دو سو ممبران پہلی قسط جمع کروائیں، تو یہ پانچ لاکھ بنتا ہے، جس میں ایک موٹر سائیکل خرید کردے دی جاتی ہے، اور بقیہ پیسے کاروبار میں لگادیے جاتے ہیں، جس کی آمدن سے ان لوگوں کے پیسے پورے کیے جاتے ہیں، جنہوں نے مکمل اقساط ادا  نہیں کی ہوتیں۔ اس بات میں کتنی صداقت ہے، اس سے قطر نظر، کاروبار اور شراکت کا اصول بھی یہ ہے کہ طرفین کے لیے لین دین، نقع نقصان سب معاملات واضح ہوں۔ جو کہ یہاں نہیں ہیں۔ کیونکہ ہوسکتا ہے، جمع کردہ پیسوں سے کیے گئے کاروبار کا  نفع ایک بائیک سے زیاد ہ ہو، اور یہ بھی ممکن ہے کہ اس میں    منافع کی بجائے خسارہ ہوجائے۔

لہذا اس قسم کی اسکیموں میں شرکت بالکل ناجائز ہے۔

وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين

مفتیانِ کرام

فضیلۃ الشیخ  ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ الل

فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  سعید مجتبی سعیدی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ حافظ عبد الرؤف  سندھو  حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو محمد إدریس اثری حفظہ اللہ