سردی کے آتے ہی ایک عمومی مرض پائی جاتی ہے جس کا شکار بیشتر لوگ ہوتے ہیں۔ سرد موسم کی وجہ سے ہر دوسرا فرد نزلہ و زکام کا شکار ہوتا دکھائی دیتا ہے۔ عموما اس مرض کو درخور اعتنا نہ سمجھتے ہوئے، سنجیدگی سے اس کے سد باب کی کوشش نہیں کی جاتی۔ چند جوشاندے  کے استعمال کو کافی سمجھ کر اصلی وجہ تلاش کرنے سے سستی برتی جاتی ہے۔ یہ مرض اتنا خطرناک بھی نہیں جتنا کہ ہم تصور کرتے ہیں، لیکن  اگر نزلہ و زکام کا فوری اور مناسب علاج نہ کیا جائے، تو اس سے  دیگر بیماریاں بھی لاحق ہو سکتی ہیں۔

اس موسم میں اس مرض کا حل یہ ہے کہ مدافعتی نظام کو بہتر بنایا جائے، جس سے نزلہ و زکام سمیت دیگر بیماریوں سے محفوظ رہنے میں مدد ملتی ہے۔ اس سلسلے میں درجہ ذیل غذائیں مفید ثابت ہوتی ہیں:

مونگ پھلی

مونگ پھلی ہر دلعزیز میوہ ہے۔ سردیوں میں مونگ پھلی کھانے کا اپنا ہی مزہ ہے۔ آپ سردیوں میں مونگ پھلی کو گڑ کے ساتھ کھا سکتے ہیں، جو کہ ایک مزیدار مرکب ہے۔ مونگ پھلی کی خاصیت ہے کہ یہ توانائی کا بہترین ذریعہ ہیں، کیونکہ یہ صحت بخش چکنائی سے بھرپور ہوتی ہے۔

غذائی ماہرین کے مطابق ہمارے جسم کو اس قسم کی صحت بخش چکنائی ہضم کرنے کے لیے زیادہ وقت درکار ہوتا ہے۔ مونگ پھلی کی اہم بات یہ بھی ہے کہ اس سے تیار کردہ مکھن میں  صحت بخش چکنائی غذائیت سے بھرپور ہوتی ہے، جو جسم کو گرم رکھنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔ لیکن  کسی بھی غذا کی طرح اسے بھی اعتدال کے ساتھ  استعمال کرنا چاہیے۔ کچھ افراد کو اس سے الرجی ہوتی ہے، لہذا مونگ پھلی کھائیں تو فورا کھانسی شروع ہوجاتی ہے، ایسے افراد کو بھی گریز کرنا چاہیے۔

انڈے

انڈے صحت کے لیے نہایت فائدہ مند ہیں۔ اس میں ایسی چکنائی ہوتی ہے کہ جسم کے ٹشوز کی بحالی کرنا اس کا اہم کام  ہے۔ جوان افراد عام طور پر ایک دن میں 2 انڈے تک کھا سکتے ہیں۔ یہ پروٹین سے بھرپور ہوتے ہیں، ان کے استعمال سے پیٹ بھرا ہوا محسوس ہوتا ہے اور استعمال کرنے والا  اضافی کیلوریز والی غذا سے مستغنی ہو جاتا ہے، جس سے وزن بڑھنے کا مسئلہ نہیں ہوتا۔

شکر قندی

سردیوں کی غذا میں شکر قندی کو لازمی شامل کیاجانا چاہیے۔ شکر قندی میں پوٹاشیم، فائبر، وٹامن اے اور دیگر غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں۔ مفید اور صحت مند کاربوہائیڈریٹ بھی بھر پور ہوتے ہیں۔ اس کا باقاعدگی سے استعمال قوت مدافعت بہتر کرتا ہے اور سوزش کم ہوتی ہے۔ یہ قبض سے نجات دلانے میں مدد فراہم کرتی ہے۔ مدافعتی نظام کو بہتر بنانے کے لیے وٹامن سی کی ضرورت ہوتی ہے اور اس میں وٹامن سی کی  کافی  مقدار ہوتی ہے۔

باجرا

باجرے کے اندر مختلف قسم کے غذائی اجزاء جیسے وٹامنز اور معدنیات پائے جاتے ہیں، فائبر زیادہ ہوتا ہے۔ اس میں موجود فائبر اور وٹامن بی سردیوں کے دوران جسم کو حرارت فراہم کرنے کا موجب بنتا ہے۔ اس میں امینو ایسڈ کی مقدار بھوک کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔ یہ نظام ہاضمہ کو بھی بہتر بناتا ہے اور وزن کم کرنے میں بھی مدد کرتا ہے۔

ڈرائی فروٹ یاخشک میوہ جات

ڈرائی فروٹ کی تعداد تو کافی زیادہ ہے۔ یہاں چند اہم اور آسانی سے میسر ہونے والے ڈرائی فروٹ کو زیر بحث لارہے ہیں۔ ڈرائی فروٹ کا سردیوں میں  باقاعدگی سے استعمال حرات دینے کا باعث بنتا ہے اور جسمانی اور اعصابی طور پر متحرک رکھتا ہے اور دماغ کو صحت مند رکھتا ہے۔

ماہرین غذا کے مطابق سوزش کو ختم کرتے ہیں۔ بادام وٹامن ای، اینٹی آکسیڈنٹس اور میگنیشیم سے جبکہ اخروٹ اومیگا تھری سے بھرپور ہوتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بادام اور اخروٹ جسم کے اندر خراب کولیسٹرول اور بلڈ شوگر کو کم کرتے ہیں، ڈرائی فروٹ اپنی طبی خصوصیات کے لئے معروف ہے۔ اس فروٹ کے اندر کھجور بھی قابل ذکر ہے، جو کہ وٹامن، معدنیات، آئرن اور فائبر کا بہترین ذریعہ ہے۔ یہ قدرتی میٹھے کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اگر آپ خشک میوہ جات کا صبح اور شام کے اوقات میں استعمال کریں، تو سردی کے موسم میں قوت مدافعت بڑھ جائے گی، جس سے نزلہ زکام جیسے موسمی مرض سے آپ محفوظ رہتے ہیں۔

اللہ تعالی سب کو صحت وعافیت سے رکھے، اور مقصدِ زندگی کو سمجھ کر زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔