سوال (438)

نماز میں اگر کوئی غلطی ہوجائے تو سجدہ سہو کیا جاتا ہے اور اگر نماز جنازہ میں کوئی غلطی ہوجائے تو کیا کیا جائے ، آج ایک نماز جنازہ کی ادائیگی میں چار تکبیر کی بجائے تین تکبیر پڑھی گئی ہیں ، یادہانی پر نماز جنازہ دوبارہ ادا کی گئی تھی ۔ اس کی وضاحت کردیں ؟

جواب

سجدہ سہو ہے ۔

فضیلۃ الشیخ سعید مجتبیٰ سعیدی حفظہ اللہ

ہمارے رجحان کے مطابق سورۃ فاتحہ پڑھی گئی ہے ، درود شریف اور دعائیں پڑھی گئی ہیں اور امام چوتھی تکبیر بھول گیا ہے تو ان شاءاللہ نماز جنازہ ہوگیا ہے ۔

فضیلۃ الشیخ محمد ادریس اثری حفظہ اللہ

اہل علم اس طرف گئے ہیں کہ تمام تکبیرات ارکان میں سے ہیں ، واللہ اعلم کتابوں میں اس طرح لکھا ہوا ہے ، وہ کہتے ہیں کہ کوئی تکبیر رہ جائے تو آپ کو نماز جنازہ دوبارہ پڑھنا چاہیے ، البتہ میری اس میں یہ رائے ہے کہ نماز کے دوران ہی سبحان اللہ کہہ کر تصحیح کردی گئی ہے اور امام صاحب بھی سمجھ گئے ہیں کہ کیا غلطی ہے تو ایک اضافی تکبیر کہہ کر دعا کرلیں تو بھی صحیح ہے ، دعا نہ کرے تو بھی صحیح ہے ، یعنی اس کو تکبیرات پوری کرنی ہیں ، جس طرح لیٹ آنے والا شخص ہے ، وہ نماز کے دروان ہی تکبیرات پوری کرلے تو ٹھیک ہے جنازہ تو ہوگیا ہے ، باقی اس سوال میں ہے کہ نماز جنازہ دوبارہ پڑھ دی گئی ہے تو یہ بالکل صحیح ہوگیا ہے پھر تو کوئی اشکال نہیں رہا ہے ۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ