سوال 7102
السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ ایک سوال ہے کہ قرآن کریم میں عیسیٰ علیہ السلام کو مسیح کہا گیا ہے اور حدیث نبوی میں یہ لفظ دجال کےلئے بھی استعمال ہوا ہے ادب سے جواب درکار ہے۔
جواب
وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ وبرکاتہ!
عیسیٰ علیہ السلام کو ان کے معجزات کی بنا پر ‘مسیح’ کہا جاتا ہے۔ جیسا کہ قرآن میں ذکر ہے کہ وہ اللہ کے حکم سے پیدائشی اندھوں اور کوڑھ کے مریضوں کو تندرست کر دیا کرتے تھے۔ وہ بس اپنا ہاتھ مس کرتے (پھیرتے) تھے اور اللہ کے حکم سے مریض شفا پا جاتا تھا۔ اسی طرح مٹی سے پرندہ بنا کر اس میں پھونک مارتے، تو وہ اللہ کے حکم سے سچ مچ کا زندہ پرندہ بن جاتا۔ اسی نسبت سے آپ کا لقب مسیح پڑا۔
دوسری طرف، دجال کو مسیح اس لیے کہا جاتا ہے کیونکہ اللہ نے اس کی آنکھ مٹادی ہے (یعنی وہ کانی ہوگی)۔ اس کی آنکھ کی ساخت بگڑی ہوئی اور سپاٹ ہوگی، اسی مناسبت سے اسے ‘مسیح الدجال’ کہا جاتا ہے۔
فضیلۃ الشیخ عبدالوکیل ناصر حفظہ اللہ




