سوال (396)

اگر کسی کے پاس پانچ تولہ سونا ہے اور پیسے بھی موجود ہیں ، تو کیا زکاة دیتے وقت پیسوں کو بھی شامل کیا جائے گا یا ساڑھے سات تولے سونا ہونا ضروری ہے ؟

جواب

اگر سونا اور پیسے ملا کر سونے کے نصاب کو پہنچتے ہیں تو پھر زکوۃ دینا پڑے گی ۔

فضیلۃ العالم مقصود احمد حفظہ اللہ

بعض علماء کا خیال یہ ہے کہ سونا ، چاندی اور پیسہ الگ ہے ، شاید یہ بات صحیح ہے ، ورنہ سونے اور چاندی کا الگ الگ نصاب بنانے کی ضرورت نہیں تھی ، شرعی طور پہ سونے اور چاندی کا نصاب الگ ہے ، ہمارے ہاں سونے اور چاندی کو ملانے کا فتویٰ نہیں دیا جاتا ہے ، شاید احناف دیتے ہیں ۔
باقی کرنسی جو ہے اگر اس کا بدل ہے تو ملایا جائے ، اگر الگ ہے تو الگ رکھی جائے ، میری رائے یہ ہے کہ کرنسی اور چاندی ہو تو اس کو ملا لیا جائے اور سونے کو الگ رکھ دیا جائے ۔ یہی ہمارے نزدیک بہتر ہے یا پھر کرنسی کو بالکل الگ رکھ دیا جائے یہ بھی صحیح ہے ۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ