ویسے تو جسم کا ہر ایک عضو اور حصہ بہت اہم ہے ۔جس کے خراب یا زخمی ہونے کی صورت میں انسان بہت زیادہ مشکل کا شکار ہوتا ہے لیکن ریڑھ کی ہڈی اس قدر اہم ہے کہ  ہمارے تمام جسم کی حرکت اسی کے مرہون منت ہے، اس لیے ریڑھ کی ہڈی کا خیال رکھنا نہایت ضروری ہے۔

ماہرین صحت  کہتے ہیں کہ انسانی جسم کی مجموعی صحت  ہڈیوں کی صحت کے بغیر ممکن نہیں ہے  اور جسم کی سب سے اہم ترین ہڈی اسپائئل کاڈ یعنی ریڑھ کی ہڈی ہے،انسانی ڈھانچے میں اس کا کام بہت اہم ہے جو ہڈیوں کی بنیادی ساخت کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ریڑھ کی ہڈی جسم کے  اعصاب اور مسلز کا مجموعہ  ہوتی ہے جو جسم کے مختلف اعضاء کو جوڑتی ہے،  سو ریڑھ کی ہڈی کی مجموعی صحت کو برقرار  رکھنا بہت ضروری ہے۔

زیر نظر تحریر میں ہم  جسم کے اس اہم ترین حصے کو مضبوط، صحت مند بنانے اور اس کی لچک کو برقرار رکھنے کے لیے چند طریقے اور ٹوٹکے ذکر کریں گے جس سے اس کی صحت کو برقرار رکھا جاسکتا ہے۔ اس سلسلے میں درج ذیل چیزوں کا خیال رکھنا چاہیے۔

مناسب جوتوں کا انتخاب کیا جائے

مناسب اور صحیح جوتوں کا انتخاب ریڑھ کی ہڈی کے لیے بہت اہم ہے بے شک آپ محض چہل قدمی کریں ، دوڑنا چاہیں یا  اسکول یا دفتر جائیں جوتے کا انتخاب اہمیت رکھتا ہے کیونکہ  اگر اس کا صحیح انتخاب نہ کیا گیا تو یہ آپ کی ریڑھ کی ہڈی کی صحت کو براہ راست متاثر کرسکتا ہے۔اس سلسلے میں مدنظر رکھنے والی بات یہ ہے کہ  جوتے پیروں کے سائز کے مطابق ہوں  آرام دہ اور لچکدار ہوں تاکہ آپ کو چلنے میں کوئی دقت نہ ہو اور کمر بھی سیدھی رہے۔

بیٹھنے کی پوزیشن کیسی ہو ؟

بیٹھنا اور طویل بیٹھ کر کام کرنا آج کل زندگی کا حصہ بن چکا ہے ۔ اس عمل کے لیے کمر کے نچلے حصے میں موجود ڈسکس کھڑے ہونے کی نسبت بیٹھنے پر 3 گنا زیادہ دباؤ کا سامنا کرتی ہے۔

طویل دورانیے تک  بیٹھے رہنے سے  کمر کے نچلے حصے کے ساتھ ساتھ ٹانگوں میں تکلیف محسوس ہونے لگتی ہے، اس درد کو دور کرنے کرنے کا حل یہ ہے جب طویل بیٹھنا ہو تو  ہر 20 سے 30 منٹ میں کھڑے ہو کر کچھ قدم واک یا چہل قدمی کر لی جائے۔

آرام اور سکون دینا ضروری

جب دن بھر کام کیا جائے تو ریڑھ کی ہڈی کو اسی وقت آرام ملتا ہےجب ہم نیند لیں گے ۔قدرت نے نیند میں یہ خوبی رکھی کہ آپ کی ریڑھ کی ہڈی نیند میں  آرام کرنے کے ساتھ ساتھ جسم کو اگلے دن کے لیے تیار کرتی ہے۔ اس لیے آرام دینے میں کمی نہ کی جائے اور اسی طرح سوتے وقت سرہانے اور گدے کا درست انتخاب بھی اہم ہے

مساج کیا جائے

مالش کرنا یا مساج کرنا  جسم کی لچک کو بہتر بناتا ہے ۔ پٹھوں اور ریڑھ کی ہڈی پر تناؤ کو کم کرتا ہے اور خون کے بہاؤ کو بھی بہتر کرتا ہے۔

کمر کی مناسب ورزش

ریڑھ کی ہڈی کی صحت کو بہتر اور مضبوط بنانے میں مناسب ورزش بھی ابہت اہم ہے، ایسی جسمانی مشقیں یا ورزشیں کی جائیں جو   کمر کے نچلے حصے اور بنیادی پٹھوں کو  صحتمند بنائے تاکہ آپ کی ریڑھ کی ہڈی کو باقی جسم کو سہارا دینے کے لیے مدد ملے۔

تعلیم و تعلم اور علم سے وابستہ افراد کا زیادہ تر کام بیٹھنے کاہوتا ہے اور عموما ان افراد میں کمر درد کی شکایت بھی پائی جاتی ہے اس لیے علما اور طلباء سمیت سب افراد اپنی صحت کا خیال رکھیں ۔  ریڑھ کی ہڈی کو توانا اور صحتمند رکھنے میں سستی سےکام نہیں لینا چاہیے۔