سوال

میرا پراپرٹی کا  کاروبار ہے۔ کئی مرتبہ ایسا گاہک آتا ہے جو زمین یا پلاٹ خریدنا چاہتا ہے، لیکن رقم بینک سے ادھار لے کر دے گا۔ ایسی صورتحال میں بیع اس طرح ہوتی ہے کہ خریدار زر بیعانہ ادا کرتا ہے۔ اس دوران بینک والوں کی ایک ٹیم آ کر پراپرٹی کا جائزہ لیتی ہے اور اپنی ضروری کاروائی کرنے کے بعد خریدار کے قرض کی منظوری دے دیتی ہے اور رقم کی ادائیگی کی تاریخ و تفصیلات وغیرہ بتا دیتی ہے۔

بطور پراپرٹی ڈیلر اکثر تو ہماری  اس سارے معاملے میں جو بھی ڈیلنگ ہوتی ہے، وہ براہ راست خریدار کے ساتھ ہوتی ہے، نہ کہ بنک کے نمائندوں کے ساتھ۔ لیکن ولا تعاونوا على الاثم والعدوان کی بنیاد پر اشکال پیدا ہوتا ہے۔ اور دوسری بات یہ کہ شاید یہ معاملہ أمور مشتبھات میں بھی آتا ہو۔ اس وجہ سے جب مجھے یہ معلوم پڑتا ہے کہ خریدار نے بینک سے قرض لینا ہے تو میں اس سے معذرت کر لیتا ہوں، کہ میں آپ کو سودا نہیں بیچ سکتا۔ کچھ لوگ یہ کہتے ہیں کہ جب آپ کی ڈیلنگ صرف خریدار کی حد تک محدود ہے تو اس میں کوئی حرج نہیں۔ واللہ اعلم

ایک اضافی قباحت یہ بھی ہے کہ کچھ ڈیلز میں، بینک والے پراپرٹی ٹرانسفر کے وقت ڈیلر کو بھی بطور گواہ بنا کر دستخط کرواتے ہیں جس کا مضمون کم و بیش یہ ہوتا ہے کہ ہم نے فلاں زمین کے بدلے فلاں شخص کو یہ قرض دیا ہے۔ یہ زمین فلاں پراپرٹی ڈیلر کے ذریعے خریدی گئی ہے۔ (گو کہ اس دستاویز پر میرے دفتر کا کوئی بھی ملازم (بطور نمائندہ)  دستخط کر سکتا ہے۔ راہنمائی فرمائیں کہ کیا ان دو صورتوں میں ہمیں کیا کرنا چاہیئے۔جزاکم اللہ خیرا

جواب

الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!

جابر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں:

«لَعَنَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ آكِلَ الرِّبَا، وَمُؤْكِلَهُ، وَكَاتِبَهُ، وَشَاهِدَيْهِ»، وَقَالَ: «هُمْ سَوَاءٌ»[صحيح مسلم:1598]

’اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے سود لینےوالے، دینے والے، لکھنے والے، اور گواہوں سب پر لعنت کی ، اور فرمایا: کہ یہ سب برابر ہیں‘۔

آپ صرف ڈیلر ہوں اور جیسا کہ آپ نے کہا کہ آپ کی ڈیلنگ صرف خریدار سے ہو، اور بینک سے قرض لینے دینے میں آپ کی کوئی شرکت نہ ہو، تو پھر اس میں کوئی مسئلہ نہیں ہے، کیونکہ آپ اپنا سودا بیچ کر اس کی قیمت وصول کر رہے ہیں۔

لیکن اگر اس قرض لینے دینے میں آپ کے یا آپ کے کسی ملازم کے دستخط یا گواہی یا کسی قسم کی شرکت ہو، تو پھر آپ لوگ صرف ڈیلر نہیں، بلکہ اس سودی لین دین  کا حصہ بھی بن رہے ہیں، جو کہ قطعا درست نہیں ہے۔

وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين

مفتیانِ کرام

فضیلۃ الشیخ  ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ

فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  سعید مجتبی سعیدی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ حافظ عبد الرؤف  سندھو  حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو محمد إدریس اثری حفظہ اللہ