سوال (1308)

کیا ہر صحابی کو جنتی کہنا درست ہے؟ اگر ہر صحابی ہی جنتی ہے تو پھر جن کا نام لے کر جنتی کہا گیا ہےان کی کیا خصوصیت ہے ؟

جواب

تمام صحابہ کرام ایمان کے اعلی ترین مقام پر فائز اور اس کے حامل ہیں ، اور یقینا جنتی ہیں ، ان میں سے جن کے نام لے کر انہیں جنتی کہا گیا ہے تو یہ ان کا خاص اعزاز ہے ۔

فضیلۃ الشیخ سعید مجتبیٰ سعیدی حفظہ اللہ

اللہ تعالیٰ نے تمام صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین سے مغفرت اور جنت کا وعدہ کیا ہے، اور ان کو اپنی رضامندی کا پروانہ دنیا ہی میں عطا فرمایا ہے، تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم جنتی ہیں، قرآن کریم نے اس کی ضمانت دی ہے۔
حافظ ابن حزم رحمہ اللہ صحابہ کے بارے لکھتے ہیں:
“کلهم من اهل الجنة قطعا”
[الاصابۃ: 7/1]
کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سب کے سب قطعی جنتی ہیں۔
حافظ ابن حزم رحمہ اللہ کا مکمل کلام ان کی معروف کتاب الفصل فی الملل والاہواء والنحل [149،148/4]میں‌ ملاحظہ فرمائیں۔
باقی ان کے درجات میں تفاوت ہو سکتا ہے ، اسی لیے اللہ تعالیٰ نے ان کو ان الفاظ میں اپنی رضا اور خوشنودی کی سند عطاکی:

“وَالسَّابِقُونَ الْأَوَّلُونَ مِنَ الْمُهَاجِرِينَ وَالْأَنصَارِ وَالَّذِينَ اتَّبَعُوهُم بِإِحْسَانٍ رَّضِيَ الله عَنْهُمْ وَرَضُوا عَنْهُ وَأَعَدَّ لَهُمْ جَنَّاتٍ تَجْرِي تَحْتَهَا الْأَنْهَارُ خَالِدِينَ فِيهَا أَبَدًا ۚ ذَٰلِكَ الْفَوْزُ الْعَظِيم”[التوبة: 100]

“اور جو مہاجرین اور انصار سابق اور مقدم ہیں اور جتنے لوگ اخلاص کے ساتھ ان کے پیرو ہیں، اللہ ان سب سے راضی ہوا اور وه سب اس سے راضی ہوئے اور اللہ نے ان کے لیے ایسے باغ مہیا کر رکھے ہیں جن کے نیچے نہریں جاری ہوں گی، جن میں ہمیشہ رہیں گے یہ بڑی کامیابی ہے۔”
اسی لیے جن کو نام لے کر جنتی کہا ہے وہ بھی فضیلت میں تفاوت ہے، ورنہ جنتی سب ہیں۔

فضیلۃ العالم عبدالرحیم حفظہ اللہ

اس حوالے سے اعلام الموقعین بھی دیکھ لی جائے ۔
اسی طرح اللہ تبارک و تعالیٰ نے قرآن مجید میں “وكلا وعدالله الحسنی” کے الفاظ کیساتھ صحابہ کرام کو جنت کا سرٹیفیکیٹ عطافرمایا ہے۔

فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ
فضیلۃ الباحث اسداللہ بھمبھوی حفظہ اللہ