مکتبہ شاملہ عصر حاضر میں مذہبی حلقوں میں ریسرچ اور تحقیق کے لیے سب سے زیادہ استعمال کیا جانے والا سافٹ ویئر ہے۔ اس کو کس شخص یا ادارے یا سافٹ ویئر ہاؤس نے بنایا؟ اس حوالے سے خود شاملہ کی اپنی آفیشل ویب سائٹ پر بھی کوئی معلومات نہیں ہیں۔ لیکن اس کے متعلق بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ مصر کے ایک ڈاکٹر حسام ابو العلاء کا کارنامہ ہے۔ جس پر انہوں نے 2002 میں کام شروع کیا، 2004 کے آخر یا 2005ء کے شروع میں منظر عام پر آیا۔ ابتدا میں یہ ایک ذاتی مکتبہ تھا، جس میں کمی بیشی نہیں کی جاسکتی تھی، لیکن پھر بہت جلد اس کو سب کے لیے اوپن کردیا گیا کہ ہر کوئی اس میں اپنی مرضی کے مطابق کتابیں شامل کرسکتا تھا۔ اور یہیں سے پھر اس عظیم سافٹ ویئر کو قبولیتِ عامہ حاصل ہوئی، اور اس وقت جس قدر لوگ اس سے فائدھ اٹھا رہے ہیں، کوئی دوسرا سافٹ ویئر یا ٹول اس کے قریب قریب بھی نہیں ہے۔

چونکہ یہ ایک اوپن سافٹ ویئر تھا، اس لیے پوری دنیا سے لوگوں نے اس میں کتابیں شامل کرنے اور اسے مزید بہتر بنانے پر محنت کی۔ اور اس کے مختلف ورژن منظر عام پر آنا شروع ہوگئے، جیسا کہ الفیۃ، مکیۃ، ذہبیۃ، وقفیۃ وغیرہ۔ اس لیے شاملہ کو آفیشل ورژن بھی دینا پڑا، تاکہ دیگر لوگوں کے کام اس میں خلط ملط نہ ہوں۔

اس کو ایجاد کرنے والے اگرچہ مصری ہیں، لیکن اسے زیادہ پذیرائی اور اس پر محنت کرنے والے لوگ سعودیہ سے تعلق رکھتے ہیں، بلکہ اس کے موجد مصری ہونے کے باوجود بذات خود غالبا ریاض کے کسی ہاسپٹل میں بطور ڈاکٹر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ 2012ء میں اسے باقاعدہ سعودیہ کے ایک مکتب الجالیات نے اپنی سرپرستی میں لے لیا، اور پھر چند سال پہلے یہ سعودیہ کے ایک اور بہت بڑے مشہور رفاہی ادارے ’الراجحی’ کے زیرِ نگرانی آگیا، تب سے اس پر کام میں مزید تیزی آئی ہے۔

بنیادی طور پر مکتبہ شاملہ ایک چھوٹے سے خالی سوفٹ ویر کا نام ہے، جس کا حجم ( ۳۰۰) ایم بی کے قریب ہوا کرتا تھا، اس سافٹ ویر کی خوبی یہ ہے کہ اس میں ٹیکسٹ کی شکل میں دستیاب کتابیں شامل کرنے پر ان کے مشمولات کی تلاش آسان ہوجاتی ہے۔

مکتبہ شاملہ کے مختلف ناموں کے باجود بنیادی طور پر یہ سافٹ ویر دو ورژنوں پر مشتمل ہے: ایک نمبر (4) اور دوسرا (3.65)۔
ان دونوں کی اپنی اپنی خصوصیات ہیں، ایک محقق کو دونوں ورژنوں کی ضرورت پڑتی ہے۔

آخری آفیشل ورژن [4]

ورژن (4) آفیشل اور لیٹ اسٹ ورژن ہے، الراجحی کے اسے سرپرستی میں لینے کے بعد، اس میں مسلسل ترقی ہورہی ہے، فی الوقت اس میں (۳۱۰۲) مصنفین کی ( ۸۲۳۸) کتابیں شامل ہیں، اور اس کا سافٹ ویر رجب ۱۴۴۳ھ میں یعنی آج سے ڈیڑھ سال قبل اپڈیٹ ہوا ہے۔ اس کی بنیادی خصوصیات یہ ہیں:
۔ ایک مرتبہ چھوٹا اصل سافٹ ویر انسٹال کرنے کے بعد کتابیں آن لائن اپ ڈیٹ ہوتی رہتی ہیں،
۔ اس میں پی ڈی ایف کتابوں کا اضافہ ہوتا رہتا ہے، جو کہ ٹیکسٹ کتابوں سے مربوط ہوتی ہیں، اور کوئی عبارت تلاش کرنے پر مطلوبہ عبارت پی ڈی ایف کتاب میں مل جاتی ہے، اس طرح املا کی غلطی پکڑنا، اور معتبر حوالہ دینا آسان ہوجاتا ہے۔
اس شاملہ کا سائز اس وقت (۳۹) جی بی ہے۔
۔ اس شاملہ میں اپنی طرف سے کوئی کتاب شامل نہیں کرسکتے، جو کتابیں ادارے کی طرف سے شامل کی گئی ہیں، انہیں سے استفادہ ہوسکتا ہے۔
۔ یہ شاملہ نیا ہونے اور بہت سی خوبیوں کے باوجود، اس میں کئی ایک ایسی خوبیاں ناپید ہیں جو پرانے ورژن 3.65 میں پائی جاتی ہیں۔

 پرانا ورژن [3.65]

۔ورژن (3.65) اب اپڈیٹ ہونا بند ہوگیا ہے، لیکن اس میں کئی ایک ایسی خوبیاں پائی جاتی ہیں جو نئے ورژن میں موجود نہیں ہیں۔
۔ اس ورژن میں الشاملۃ الذھبیۃ ہے، جس میں ۳۰ ہزار کتابیں ہیں۔ اس مکتبہ کی سبھی کتابوں کے صفحات کو مطبوعہ کے مطابق بنایا گیا ہے، اس طرح کتابوں کی جلدوں کی تعداد لاکھوں تک پہنچ جاتی ہے۔
۔ اس میں اپنی طرف سے نئی اور ضروری کتابیں شامل کی جاسکتی ہیں۔
۔ اس میں تخریج حدیث، تراجم، نوٹس لینے وغیرہ کی ایسی خصوصیات پائی جاتی ہیں جو نئے ورژن میں موجود نہیں۔
۔ ذھبیۃ کے علاوہ اس ورژن میں ایک اور ( ۱۶۳۰۰ ) پی ڈی ایف کتابوں کے ساتھ مربوط مکتبہ شاملہ بھی آتا ہے، لیکن یہ ذھبیۃ سے مختلف ہے، اس ورژن کا سائز (367 ) جی بی ہے، ذھبیہ کا سائز پی ڈی ایف کتابوں کے بغیر (۶۰ ) جی بی ہے۔
۔ پرانے ( 3.65) ورژن کی بڑی خوبی قرآنی آیات کا ( ۱۱۲) تفاسیر سے مربوط ہونا ہے، یعنی ایک آیت آپ تلاش کرلیں، تو اس آیت کی تفسیر جملہ تفاسیر میں سامنے ہی مل جاتی ہے۔ ورق گردانی کرنے کی ضرورت پیش نہیں آتی۔
۔ پرانے ورژن کے ساتھ ایک نیا سوفٹ ویر الباحث الشامل کے نام سے مربوط ہے، یہ بہت زبردست سوفٹ ویر ہے، اس کے ذریعے تیس ہزارکتابوں میں سے مطلوبہ عبارت چند سیکنڈوں میں مل جاتی ہے، یہ سہولت نئے شاملہ میں نہیں ہے، ورنہ پورے شاملہ میں مطلوبہ عبارت کو تلاش کرنے میں گھنٹوں لگ جاتے ہیں۔
۔ مکتبہ شاملہ میں سرچ بہتر اور آسان بنانے کے لیے اس کے آن لائن ورژن بہت مفید ہے جو کہ درج ذیل ڈومین پر موجود ہے: https://shamela.ws/۔ جبکہ شاملہ کی پہلی آفیشل سائٹ اس نام سے موجود ہے: https://old.shamela.ws/.

بلاشبہ شاملہ ایک سمندر ہے، اس کے تمام فیچرز اور سہولیات کو سمجھ لیا جائے، تو ایک محقق اور باحث کے لیے بہت آسانیاں پیدا ہوسکتی ہیں۔

اس کو سمجھانے کے لیے اب تک بہت سارے لوگوں نے طبع آزمائی کی ہے، لیکن عربی زبان میں اب تک جس نے سب سے بہترین سمجھایا ہے وہ ایک سعودى محقق سعید بن ظافر آل برمان ہیں، جنہوں نے “مهارات المكتبة الشاملة” کے عنوان سے اس پر دس ویڈیوز بنائی ہیں۔

اسی طرح اردو میں بھی اس پر کئی ایک ٹیوٹوریلز موجود ہیں۔

شاملہ اردو

پاکستان میں مجلس التحقیق الاسلامی لاہور، المدینۃ اسلامک سنٹر کراچی وغیرہ کے تعاون سے مکتبہ شاملہ اردو کے نام سے ایک سافٹ ویئر لانچ ہوا ہے۔ اگرچہ اس کا عربی شاملہ یا اس کی ٹیم کے ساتھ کوئی تعلق نہیں، اور نہ ہی یہ اس طرز پر ہے، لیکن پھر بھی بہترین کاوش ہے۔ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے، اس وجہ سے بہت ساری چیزیں قابل اصلاح ہیں۔ لنک: https://shamilaurdu.com/