سوال 7716

شیخ ایک سوال تھا کہ لوگ مجلس کے اختتام پر یہ الفاظ کہتے ہیں وصلی اللہ تعالی علی رسولہ خیر خلقہ ونور عرشہ……..
تو کیا یہ نور عرش کے الفاظ کا استعمال درست ہے؟

جواب

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم خیر الخلق تو ہے، لیکن نورِ عرش قرار دینا کسی مستند ذریعے سے ثابت نہیں ہے۔
ہمارے برصغیری معاشرے میں ایک بحث چلتی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نور ہیں یا بشر؟ تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم بحیثیت خلقت و جنس تو آدم علیہ السلام کی اولاد میں سے ہیں، جو کہ بشر ہیں. البتہ آپ ہدایت کا ذریعہ ہیں اور ہدایت لے کر آئے، اس لیے اس معنی میں آپ نور ہدایت بھی ہیں.
لیکن عرش کا نور کس اعتبار سے کہا جائے؟ کوئی قرآن کی آیت یا حدیث ہے تو پیش کی جائے.. کوئی لاجیک، منطق، استدلال استنباط ہے، تو اس کی بھی وضاحت کی جائے، ہمارے علم کے مطابق ’نور عرش‘ کی تعبیر عقل و نقل کسی بھی اعتبار سے درست نہیں ہے۔ واللہ اعلم.

فضیلۃ العالم حافظ خضر حیات حفظہ اللہ