قارئین کرام ! سینگی لگوانا ایک مسنون علاج ہے ۔
جس میں اللہ تعالی نے اپنے بندوں کے لیے شفا رکھی ہے ۔ یہ علاج رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خود بھی کروایا ہے اور اپنی امت کو بھی اس کا حکم دیا ہے ۔
لیکن آج کل لوگوں کا اس کو ترجیح نہ دینے کی وجہ سے یہ تقریبا کم ہو چکا ہے ۔
لہذا آئیں ! سینگی کے فوائد و احکام ملاحظہ فرمائیں ۔
اور سینگی لگوا کر شفا پائیں ۔

1 شب معراج ملائکوں کی تاکید

سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

مَا مَرَرْتُ لَيْلَةَ أُسْرِيَ بِي بِمَلَإٍ مِنَ الْمَلَائِكَةِ،‏‏‏‏ إِلَّا كُلُّهُمْ،‏‏‏‏ يَقُولُ لِي :‏‏‏‏ عَلَيْكَ يَا مُحَمَّدُ بِالْحِجَامَةِ .

معراج کی رات میرا گزر فرشتوں کی جس جماعت پر بھی ہوا اس نے یہی کہا : محمد ( صلی اللہ علیہ وسلم ) ! آپ سینگی کو لازم کر لیں ۔
(سنن ابن ماجه : 3477)

2 سینگی لگوانے میں شفا ہے

سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

الشِّفَاءُ فِي ثَلَاثَةٍ :‏‏‏‏ شَرْبَةِ عَسَلٍ، ‏‏‏‏‏‏وَشَرْطَةِ مِحْجَمٍ، ‏‏‏‏‏‏وَكَيَّةِ نَارٍ، ‏‏‏‏‏‏وَأَنْهَى أُمَّتِي عَنِ الْكَيِّ .

شفاء تین چیزوں میں ہے۔ شہد کے شربت میں، سینگی لگوانے میں اور آگ سے داغنے میں لیکن میں امت کو آگ سے داغ کر علاج کرنے سے منع کرتا ہوں۔
(صحیح بخاری : 5680)

3 سینگی بہترین علاج ہے

سیدنا سمرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

خَيْرَ ما تَدَاوَيْتُم بَه الْحِجَامَة .

بہترین علاج سینگی لگوانا ہے
(المستدرك للحاكم : 7468)
ایک روایت کے لفظ ہیں :

إِنْ كَانَ فِي شَيْءٍ مِمَّا تَدَاوَوْنَ بِهِ خَيْرٌ فَالْحِجَامَةُ.

جو علاج تم كرتے ہو اگر كسی میں خیر ہے تو سینگی میں ہے۔
(سلسلة الاحاديث الصحيحة : 2301)

4 سینگی لگانے کے مسنون دن

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

مَنِ احْتَجَمَ لِسَبْعَ عَشْرَةَ، ‏‏‏‏‏‏وَتِسْعَ عَشْرَةَ، ‏‏‏‏‏‏وَإِحْدَى وَعِشْرِينَ، ‏‏‏‏‏‏كَانَ شِفَاءً مِنْ كُلِّ دَاءٍ .

جو سترہویں، انیسویں اور اکیس ویں تاریخ کو سینگی لگوائے تو اسے ہر بیماری سے شفاء ہوگی ۔
(سنن أبي داؤد : 3861)

5 سینگی لگوانے کے فوائد

عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے كہ انہوں نے نافع رحمہ اللہ سے کہا : میرا خون جوش ماررہا ہے، میرے لئے سینگی لگانے والا تلاش كرو اور كوشش كرنا كہ نرم ہاتھ والا ہو۔ كوئی بوڑھا یا بچہ نہ لے آنا۔ كیوں كہ میں نے رسول اللہﷺ سے سناآپ فرما رہے تھے:

الْحِجَامَةُ عَلَى الرِّيقِ أَمْثَلُ وَفِيهِ شِفَاءٌ وَبَرَكَةٌ وَتَزِيدُ فِي الْعَقْلِ وَفِي الْحِفْظِ فَاحْتَجِمُوا عَلَى بَرَكَةِ اللهِ يَوْمَ الْخَمِيسِ

نہار منہ سینگی لگوانا زیادہ فائدہ ہے۔ اس میں شفا اور بركت ہے، عقل اور حفظ كو زیادہ كرتی ہے، جمعرات كے دن اللہ كی بركت پر سینگی لگواؤ ۔(سلسلة الاحاديث الصحيحة : 766)

6 مونڈھوں اور گردن پر سینگی لگوانا

سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ :

أَنّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ احْتَجَمَ ثَلَاثًا فِي الْأَخْدَعَيْنِ وَالْكَاهِلِ .

نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے گردن کے پہلوی حصوں اور گردن کے زیریں حصوں پر تین پچھنے لگوائے۔
(سنن ابي داؤد : 3860)

ابن جوزی رحمہ اللہ لکھتے ہیں : مونڈھوں کا پچھنا کندھے اور حلق کے درد کے لیے مفید ہے اور گردن کے پہلوی حصے کا پچھنا سر کی بیماریوں اور اس کے دوسرے اجزا چہرہ ، زبان ، کان ، آنکھ ، ناک ، اور حلق کی بیماریوں میں بہت مفید ہے ۔ خون کی زیادتی یا فساد خون کی وجہ سے یہ بیماریاں لاحق ہو گئی ہیں۔
(الطب النبوی : 1/44)

7 بلیڈ پریشر کا علاج

سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

إِذَا هَاجَّ بِأَحَدِكُم الدَّمَ فَلْيَحْتَجِمْ ، فَإِنَّ الدَّم إِذَا تَبَيَّغَ بِصَاحِبِه يَقْتُلَه.

جب تم میں سے کسی شخص کا خون جوش مارے تو وہ سینگی لگوائے، کیونکہ جب خون جوش مار تا ہے تو انسان کو ہلاک کر دیتا ہے
(سلسلة الاحاديث الصحيحة : 2289)

8 پیر کے موچ کا علاج

سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ :

أَنَّ رَسُولَ الله صَلَّى الله عَلَيْهِ وَسَلَّمَ احْتَجَمَ وَهُوَ مُحْرِمٌ عَلَى ظَهْرِ الْقَدَمِ مِنْ وَثْءٍ كَانَ بِهِ .

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے پاؤں کے اوپر والے حصے پر تکلیف کی وجہ سے سینگی لگوائی اور آپ محرم تھے۔
(سنن نسائي : 2852)

9 سر کے درد کا علاج

سیدہ سلمہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ :

كَانَ ﷺ إِذَا اشْتَكَى أَحَدٌ رَأْسَهُ، قَالَ: اذْهَبْ فَاحْتَجِمْ ، وَإِذَا اشْتَكَى رِجْلَهُ، قَالَ: اذْهَبْ فَاخْضِبْهَا بِالْحِنَّاءِ .

جب كسی كے سر میں درد ہوتا تو آپﷺ اس سے كہتے : جا ؤ اور سینگی لگواؤ، اور جب کسی كی ٹانگ میں درد ہوتا تو اس سے كہتے : جاؤ اور اسے مہندی سے رنگ دو ( مہندی لگاؤ ) ۔
(سلسلة الاحاديث الصحيحة : 2059)
صحیح بخاری میں ہے کہ :

أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ احْتَجَمَ وَهُوَ مُحْرِمٌ فِي رَأْسِهِ مِنْ شَقِيقَةٍ كَانَتْ بِهِ .

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے احرام کی حالت میں اپنے سر پر سینگی لگوائی ۔ آدھے سر کے درد کی وجہ سے جو آپ کو ہو گیا تھا۔
(صحیح بخاری : 5701)

10 سینگی لگانے والے کو معاوضہ دینا

سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ :

احْتَجَمَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَأَعْطَى الْحَجَّامَ أَجْرَهُ.

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے سینگی لگوائی اور سینگی لگانے والے کو اس کی مزدوری دی ۔
(صحیح بخاری : 2278)

محمد سلیمان جمالی