کچھ لوگ اتنے پراسرار ہوتے ہیں کہ انکی کھوج میں زندگی مستانہ،مزاج قلندرانہ اور سوچ فلسفیانہ لگتی ہے انکی کھوج آپکی امیدوں کو جلا بخشتی ہے.!
آپکو اچانک سے یوں محسوس ہونے لگتا ہے کہ یہ دنیا اتنی سادہ اور کم قیمت نہیں کہ اس میں بوریت کو شامل کیا جائے بلکہ اس دنیا میں ایسے لوگ بھی گزرے ہیں جنکی یادیں،انکی صبحیں اور شامیں آپکو رنگین امنگ دیتی ہیں انکی اپنے ساتھ میں بیتائی ہوئی راتیں آپکو اندھیرے میں سکونت بخشتی ہیں گویا کہ اندھیرے سے آپکا خاندانی رشتہ ہو..!
انکی وفا اور سچائی سے آپکو زندگی گزارنے کی وجہ ملتی ہے کہ آپکو بس بدن اور روح سے زندہ اور شادماں رہنا ہے اور ایسی شاہی زندگی گزارنی ہے کہ دیکھنے والوں کو رشک آئے کہ مرنے کے بعد بھی کوئی کلماتِ ترحم نہ پڑھے کوئی آپکو بیچارہ نہ کہے، کوئی ترس نہ کھائے مرحمت نہ دکھائے گویا کہ آپکی موت بھی اداسی کا نہ لا سکے چہ جائیکہ زندگی میں اداسی ڈیرہ ڈالے..!
یہ پراسرار اور سنسان یادوں کے حجرے ہیں جن میں رہنے سے آپکو صرف گرمائش اور جلا ملتی ہے جسم اور دماغ ٹھنڈا نہیں پڑتا یہ ایسی قلا ہے کہ جسکا کوئی سرا نہیں ہے آپ ان جذبات اور احساسات کو کبھی سمجھ نہیں پاتے لیکن اسکو فیل کرتے ہیں محسوس کرتے ہیں جیسے وہ آپکے سانسوں کیساتھ شامل ہوکر روح میں رچ بس رہے ہوں…!
آپکو یہ احساس ہوتا ہے کہ رذیل اور کم ظرف لوگوں سے بھری دنیا میں آج بھی سچے لوگ موجود ہیں جنکی صداقتوں کی گواہی آسمان،زمین پوری کائنات دیتی ہے یہ باوفا لوگ اپنے میں پوری دنیا ہوتے ہیں جنکی خواہشات اتنی نیک اور قابل رشک ہوتی ہیں کہ فدا ہونے کو دل چاہے انکے عزم و استقلال کا یہ عالم ہوتا ہے کہ انکے سامنے سخت چٹانوں کے پہاڑ بھی سرنگوں ہوجائیں..!
سچے لوگ تو امر ہوکر بھی ہمیشہ رہتے ہیں انکی یادیں انکی باتیں آپکو گرمائش دیتی ہیں آپکو کبھی ٹھنڈا نہیں پڑنے دیتیں، کبھی اکیلے ہونے کا ڈر نہیں آنے دیتیں، مانو تو خود میں اندر پوری کائنات بس رہی ہے جسکے مقابلے میں باہر کی دنیا کی رنگینیاں مدھم پڑ جائیں..!
آپ انکے گزارے لمحات میں زندگی ڈھالنا چاہتے ہیں آپکا بدن انکو یاد کرنے سے فطری جھوم کھاتا ہے حقیقی طور پر زندہ ہونے کا احساس دلاتا ہے.
انکا گزارا وقت اتنا پر اثر اور سحر انگیز ہوتا ہے کہ آپکے کئی سال انکے چند لمحات پر فدا ہوں انکی یہ سنسناہٹ آپکو کبھی تنہا نہیں ہونے دیتی ہمیشہ آپکو زندہ ہونے کا احساس دلاتی ہے.!
مانو تو اس دنیا میں رجولیت آج بھی موجود ہے ان مردوں کے قلندرانہ مزاج سے آشنائی زندگی میں چاشنی بھرتی ہے زندگی شیریں ہوجاتی ہے مسلسل چلنے والے وسوسوں کی کڑواہٹ اور دل سے بوجھ دور ہوجاتا ہے منہ کا ذائقہ خوشبودار ہوجاتا ہے.!

عمیر رمضان