سوال (3815)

ایک دوست ہیں ان کا کہنا ہے کہ میرے والد میری بہن (یعنی اپنی بیٹی) سے زنا کرتے ہیں سارا گھرانہ بے دین ہے صرف مجھے اللہ نے راہِ راست پر چلایا ہے، اب اس بھائی کا کہنا ہے کہ شرعی طور پر کوئی ایسا حل بتایا جائے جس میں اس بہن کی معاشرے میں رسوائی بھی نہ ہو اور بدبخت باپ کو بھی کیفرِ کردار تک پہنچایا جاسکے، آپ احباب اس حوالے سے مشورہ دیجیے کیا کِیا جائے جبکہ باپ نے یہ دھمکی دے رکھی ہے کہ اگر تم نے کہیں بات کی تو تمہاری خیر نہیں ہے۔

جواب

الله المستعان الله المستعان الله المستعان،، لا حول ولا قوۃ الا بالله العلی العظیم،،

باپ کی ولایت تو ایسی حالت میں برقرار نہیں رہتی بھائی ولی بن کر بہن کی شادی کہیں کروا دے اور اس بات کو راز میں ہی رکھا جائے۔ تاکہ بہن کی زندگی خراب نہ ہو۔ باپ کے لیے دعا کی جائے۔

فضیلۃ الشیخ فیض الابرار شاہ حفظہ اللہ

بچی اگر بالغ ہے اور نکاح کی عمر کو پہنچ چکی ہے تو اس بچی کا مناسب رشتہ دیکھ کر نکاح کر دیا جائے اور اس بات کو صیغہ راز ہی میں رکھا جائے تاکہ اس بہن بیٹی کی سسرالی زندگی بہتر گزر سکے، باقی ایسے باپ کے خلاف قانونی کارروائی کرنی چاہیے جو بظاہر انسان کے روپ میں درندے ہیں۔

فضیلۃ الباحث کامران الٰہی ظہیر حفظہ اللہ