وہ اشیاء جن سے رسول اللہ نے پناہ طلب کی ہے

قارئین کرام! بعض اشیاء سے رسول اللہ ﷺ نے پناہ طلب کی ہے۔ یہ کون سی اشیاء ہیں؟ آئیں ملاحظہ فرمائیں اور ان سے پناہ طلب کرے۔

1 ناپاک جنوں سے پناہ

سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ جب بیت الخلاء میں داخل ہوتے تو یہ دعا پڑھتے:

اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنَ الْخُبُثِ وَالْخَبَائِثِ.

اے اللہ ! میں ناپاک جنوں اور ناپاک جننیوں سے تیری پناہ چاہتا ہوں ۔
(صحیح بخاری: 142)

2 عذاب قبر، دجال، موت وحیات کے فتنے سے پناہ

سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نماز میں یہ دعا پڑھتے تھے:

اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنْ عَذَابِ الْقَبْرِ ، وَأَعُوذُ بِكَ مِنْ فِتْنَةِ الْمَسِيحِ الدَّجَّالِ ، وَأَعُوذُ بِكَ مِنْ فِتْنَةِ الْمَحْيَا وَفِتْنَةِ الْمَمَاتِ.

اے اللہ! قبر کے عذاب سے میں تیری پناہ چاہتا ہوں ۔ زندگی اور موت کے فتنوں سے تیری پناہ چاہتا ہوں ۔ دجال کے فتنہ سے تیری پناہ چاہتا ہوں۔
(صحیح بخاری: 832)

3 قرض سے پناہ

سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نماز میں یہ دعا پڑھتے تھے:

اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنَ الْمَأْثَمِ وَالْمَغْرَمِ.

اے اللہ ! میں گناہ اور قرض سے تیری پناہ چاہتا ہوں ۔ (صحیح بخاری: 2397)

4 بزدلی سے پناہ

رسول اللہ ﷺ کا فرمان ہے:

اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنَ الْجُبْنِ.

اے اللہ ! میں بزدلی سے تیری پناہ چاہتا ہوں۔
(صحیح بخاری: 6374)

5 عاجزی، سستی، محتاجی والی عمر سے پناہ

سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ فرمایا کرتے تھے:

اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنَ الْعَجْزِ وَالْكَسَلِ ، وَالْجُبْنِ ، وَالْهَرَمِ.

اے اللہ ! میں عاجزی سے، سستی سے، بزدلی سے، اور بڑھاپے کی عمر سے تیری پناہ چاہتا ہوں۔
(صحیح بخاری: 2823)

6 غم دیکھ اور لوگوں کے غلبے سے پناہ

سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ فرمایا کرتے تھے:

اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنَ الْهَمِّ ، وَالْحَزَنِ…..وَضَلَعِ الدَّيْنِ ، وَغَلَبَةِ الرِّجَالِ.

اے اللہ ! میں غم و الم سے ، قرض چڑھ جانے سے اور لوگوں کے غلبہ سے تیری پناہ چاہتا ہوں۔
(صحیح بخاری: 6369)

7 سفر کی صعوبتوں سے پناہ

سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ
رسول اللہ ﷺ سفر پر نکلتے ہوئے جب اپنے اونٹ پر ٹھیک طرح سوار ہو جاتے تو فرماتے:

اللهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنْ وَعْثَاءِ السَّفَرِ، وَكَآبَةِ الْمَنْظَرِ، وَسُوءِ الْمُنْقَلَبِ فِي الْمَالِ وَالْأَهْلِ.

اے اللہ ! میں سفر کی تھکاوٹوں سے ، منظر کی غمگینی سے اور اہل و عیال میں بری طرح واپسی سے تیری پناہ چاہتا ہوں ۔ (صحیح مسلم: 1342)

8 ہر طرح کی برائی سے پناہ

سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ فرمایا کرتے تھے:

اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنْ شَرِّ مَا عَمِلْتُ وَمِنْ شَرِّ مَا لَمْ أَعْمَلْ.

اے اللہ ! میں نے جو کیا، اس کے شر سے اور جو میں نے نہیں کیا، اس کے شر سے تیری پناہ چاہتا ہوں ۔ (صحیح مسلم: 2716)

9 بے فائدہ علم، بے خوف دل، نا سیر ہونے والے نفس اور نا قبول ہونے والی دعا سے پناہ

سیدنا زید بن ارقم رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ فرمایا کرتے تھے:

اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنْ عِلْمٍ لَا يَنْفَعُ وَمِنْ قَلْبٍ لَا يَخْشَعُ وَمِنْ نَفْسٍ لَا تَشْبَعُ وَمِنْ دَعْوَةٍ لَا يُسْتَجَابُ لَهَا.

اے اللہ ! میں ایسے علم سے تیری پناہ چاہتا ہوں جو کوئی فائدہ نہ دے اور ایسے دل سے جو تجھ سے نہ ڈرے اور ایسی نفس سے جو سیر نہ ہو اور ایسی دعا سے جسے قبولیت حاصل نہ ہو۔
(صحیح مسلم: 2722)

10 نعمتوں کے زائل ہو جانے، عافیت کے چھن جانے اور ہر قسم کی سزا سے پناہ

سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی دعاوں میں سے ایک دعا یہ ہوا کرتی تھی:

اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنْ زَوَالِ نِعْمَتِكَ وَتَحَوُّلِ عَافِيَتِكَ وَفُجَاءَةِ نِقْمَتِكَ وَجَمِيعِ سَخَطِكَ.

اے اللہ ! تیری نعمت کے زائل ہونے سے، تیری عافیت کے ہٹ جانے سے، تیری ناگہانی سزا سے اور تیری ہر طرح کی ناراضگی سے پناہ چاہتا ہوں۔
(صحیح مسلم: 2739)

11 جہنم کی عذاب سے پناہ

سیدنا ابن عباس رضی اللہ عہنما سے روایت ہے کہ رسول اللہ تشہد میں یہ دعا پڑھا کرتے تھے:

اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنْ عَذَابِ جَهَنَّمَ.

اے اللہ میں تجھ سے عذاب قبر کی پناہ چاہتا ہوں۔
(سنن ابی داود: 984)

12 اللہ کی ناراضگی سے پناہ

سیدنا علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ اپنے وتر میں یہ دعا پڑھا کرتے تھے:

اللَّهُمَّ ! إِنِّي أَعُوذُ بِرِضَاكَ مِنْ سُخْطِكَ وَ بِمُعَا فَاتِكَ مِنْ عُقُوبَتِكَ.

اے اللہ ! میں تیری ناراضگی سے بچتے ہوئے تیری رضا کی پناہ میں آتا ہوں ۔ تیرے مواخذے سے بچتے ہوئے تیرے عفو و کرم کی پناہ لیتا ہوں۔
(سنن ابی داود: 1427)

13 فراخی اور تنگ دستی کے فتنے سے پناہ

سیدہ عائشہ‬ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ ان کلمات سے دعا فرمایا کرتے تھے:

اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُبِكَ مِنْ فِتْنَةِ النَّارِ وَ عَذَابِ النَّارِ وَمِنْ شَرِّ الْغِنَى وَالْفَقْرِ.

اے اللہ ! میں آگ کے فتنے سے، آگ کے عذاب سے ، مالداری کے شر سے اور فقیری کے شر سے تیری پناہ چاہتا ہوں۔
(سنن ابی داود: 1543)

14 تنگ دستی ذلت اور ظلم سے پناہ طلب کرنا

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ یہ دعا فرمایا کرتے تھے:

اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُبِكَ مِنْ الْفَقْرِ وَالْقِلَّةِ وَالذِّلَّةِ ، وَأَعُوذُبِكَ مِنْ أَنْ أَظْلِمَ أَوْ أُظْلَمَ.

اے اللہ ! میں محتاجی سے ، قلت سے اور ذلت سے ، تیری پناہ چاہتا ہوں اور اس سے کہ میں ظلم کروں یا مجھ پر ظلم کیا جائے۔
(سنن ابی داود: 1544)

15 بھوک اور خیانت سے پناہ

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ یہ دعا فرمایا کرتے تھے:

اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنَ الْجُوعِ فَإِنَّهُ بِئْسَ الضَّجِيعُ، ‏‏‏‏‏‏وَأَعُوذُ بِكَ مِنَ الْخِيَانَةِ فَإِنَّهَا بِئْسَتِ الْبِطَانَةُ.

اے اللہ ! میں بھوک سے تیری پناہ چاہتا ہوں، بیشک یہ بہت بری ہم خواب ہے، اور خیانت سے تیری پناہ چاہتا ہوں، بیشک یہ پوشیدہ خصلتوں میں سے یہ بہت بری خصلت ہے۔ (سنن ابی داود: 1547)

16 کسی بلندی سے گرنے، جل جانے، ڈبوب جانے، کسی زہریلے کیڑے سے ڈسنے، اور جہاد سے پیٹھ پھیر کر بھاگنے سے پناہ

سیدنا ابوالیسر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ یہ دعا فرمایا کرتے تھے :

اللَّهُمَّ ! إِنِّي أَعُوذُبِكَ مِنَ الْهَدْمِ ، وَأَعُوذُبِكَ مِنَ التَّرَدِّي ، وَأَعُوذُبِكَ مِنَ الْغَرَقِ ، وَالْحَرَقِ ، وَالْهَرَمِ ، وَأَعُوذُبِكَ من أَنْ يَتَخَبَّطَنِي الشَّيْطَانُ عِنْدَ الْمَوْتِ وَأَعُوذُبِكَ أَنْ أَمُوتَ فِي سَبِيلِكَ مُدْبِرًا ، وَأَعُوذُبِكَ أَنْ أَمُوتَ لَدِيغًا.

اے اللہ ! میں تیری پناہ چاہتا ہوں کہ کوئی مکان یا دیوار مجھ پر آ گرے یا میں کسی بلند مقام سے گر پڑوں ۔ میں تیری پناہ چاہتا ہوں غرق ہونے سے ، جلنے سے، بہت بڑی عمر سے ۔ میں تیری پناہ چاہتا ہوں کہ شیطان موت کے وقت مجھے بدحواس کر دے ، اور جہاد میں پیٹھ پھیرتے ہوئے مرنے سے اور کسی زہریلے کیڑے کے ڈسنے پر موت آنے سے۔
(سنن ابی داود: 1552)

17 برص، جنون، کوڑھ اور ہر طرح کی بیماری سے پناہ

سیدہ انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ یہ دعا فرمایا کرتے تھے:

اللَّهُمَّ ! إِنِّي أَعُوذُبِكَ مِنْ الْبَرَصِ وَالْجُنُونِ وَالْجُذَامِ وَمِنْ سَيِّئْ الْأَسْقَامِ.

اے اللہ ! میں برص سے ، پاگل پن سے ، کوڑھ سے اور بری بیماریوں سے تیری پناہ چاہتا ہوں۔
(سنن ابی داود: 1554)

18 بخیلی اور عاجزی سے پناہ

سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی ﷺ یہ دعا پڑھا کرتے تھے:

اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنَ الْبَخَلِ وَالْهَرَمِ.

اے اللہ ! میں بخیلی سے اور عاجز کر دینے والے بڑھاپے کی عمر سے تیری پناہ چاہتا ہوں۔
(سنن ابی داود: 3972)

19 بادلوں میں موجود شر سے پناہ

سیدہ عائشہ‬ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ نبی ﷺ جب آسمان کے کنارے پر کوئی بادل کا ٹکڑا دیکھتے تو کام کاج چھوڑ دیتے اگرچہ نماز ہی میں ہوتے اور یہ دعا کرتے:

اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنْ شَرِّهَا.

اے اللہ ! میں اس کے شر سے تیری پناہ چاہتا ہوں ۔
(سنن ابی داود: 5099)

20 نفاق اور بد اخلاقی سے پناہ

سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ یہ دعا فرمایا کرتے تھے:

اللَّهُمَّ ! إِنِّي أَعُوذُبِكَ مِنْ الشِّقَاقِ وَالنِّفَاقِ وَسُوءِ الْأَخْلَاقِ.

اے اللہ ! میں تیری پناہ چاہتا ہوں کہ میں (حق کی) مخالفت کروں یا منافق اور بد اخلاق بنوں ۔
(سنن ابی داود: 1546)

21 شیطان مردود سے پناہ

سيدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے نبی ﷺ نے فرمایا:

اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ ، وَهَمْزِهِ ، وَنَفْخِهِ ، وَنَفْثِهِ.

اے اللہ! میں مردود شیطان سے، اس کے چھونے سے، اس کی پھونک سے اور اس کے تھتکارنے سے تیری پناہ چاہتا ہوں۔
(سنن ابن ماجه: 808)

22 گمراہ ہو جانے سے پناہ

سيده ام سلمہ‬ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ نبی ﷺ جب گھر سے باہر تشریف لے جاتے تو فرماتے تھے :

اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ أَنْ أَضِلَّ ، أَوْ أَزِلَّ… الخ.

اے اللہ ! میں تیری پناہ چاہتا ہوں کہ میں گمراہ ہو جاؤں یا کسی لغزش کا شکار ہو جاؤں۔
(سنن ابن ماجه: 3884)

محمد سلیمان جمالی سندھ پاکستان

یہ بھی پڑھیں: مریض کی عیادت کا اجر و ثواب