اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں یادگار لمحات!
جامع مسجد الإمام ابن کثیر کی افتتاحی تقریب / حضرت علامہ قاری صہیب احمد میر محمدی حفظہ اللہ کا خطاب

گزشتہ روز اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں سعودی سفارتخانہ کے تعاون سے تعمیر ھونے والی جامع الامام ابن کثیر کی افتتاحی تقریب منعقد ھوئی۔ اس تاریخی مسجد کی تعمیر کے لئے سفارتخانہ کی طرف سے کلیہ القرآن الکریم والتربیہ الاسلامیہ پھولنگر اور المجلس الاسلامی باکستان نے کوآرڈینیشن کے فرائض سرانجام دیے ھیں۔

مملکت سعودی عرب کے سفارت خانہ کے تعاون سے قائم کی گئی اس مسجد کا سنگ بنیاد ستمبر 2022میں رکھا گیا تھا۔ عباسیہ کیمپس کی یہ مسجد 1000 نمازیوں کی گنجائش کی حامل ھے ۔ جس سے عباسیہ کیمپس، شعبہ امتحانات اور ابوبکرہال کے طلباء مستفید ہوں گے۔ مسجد فن تعمیر اور خوبصورتی میں اپنی مثال آپ ہے اور جلد ہی اسی طرز پر مزید مساجد بغداد الجدید کیمپس اور بہاولنگر کیمپس میں تعمیر کی جائیں گی۔

مسجد کے افتتاح کے موقع پر ایک پروقار تقریب عباسیہ کیمپس کے غلام محمد گھوٹوی ھال میں منعقد ھوئی۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے وائس چانسلر پروفیسر انجینئر ڈاکٹر اطہر محبوب کی زیر صدارت منعقدہ اس تقریب میں کلیہ القرآن الکریم و التربیہ الاسلامیہ کے سربراہ علامہ قاری صہیب احمد میر محمدی حفظہ اللہ اور مجلس اسلامی پاکستان کے سربراہ علامہ ڈاکٹر مسعود اظہر صاحبان مہمانان خصوصی تھے ۔

قاری شعیب احمد کی خوبصورت تلاوت قرآن پاک سے تقریب کا باقاعدہ آغاز ھوا ۔ اس موقع پر قاری صہیب احمد میر محمدی، ڈاکٹر حافظ مسعود عبدالرشید اظہر رئیس المجلس الاسلامی پاکستان، پروفیسر ڈاکٹر راحیلہ خالد قریشی اور پروفیسر ڈاکٹر اکرم چوہدری، ڈاکٹر ضیاء الرحمن ڈائریکٹر قران لرننگ اسٹڈیز نے خیالات کا اظہار کیا۔

ازاں بعد انجینئر پروفیسر ڈاکٹراطہر محبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے قاری صہیب احمد میر محمدی اور ڈاکٹر حافظ مسعود عبدالرشید اظہر رئیس المجلس الاسلامی پاکستان کے ہمراہ جامع الامام ابن کثیر کا افتتاح کیا۔
اس موقع پرڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ لینگوئجز پروفیسر ڈاکٹر جاوید حسان چانڈیو، ڈین فیکلٹی آف اسلامک لرننگ پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن، چیئرپرسن شعبہ عربی پروفیسر ڈاکٹر راحیلہ خالد قریشی، خزانہ دار پروفیسر ڈاکٹر ابوبکر، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر معظم جمیل،پروفیسر ڈاکٹر اکرم چوہدری ممبر سینڈیکیٹ، ملک اعجاز ناظم سیکرٹری جم خانہ بہاول پور، حمید اختر صدر ڈسٹرکٹ بار،اکمل چوہان صدر پریس کلب بہاول پور، نصیر احمد ناصر سابق صدر پریس کلب بہاول پور،قاری خطیب عبدالستار ڈائریکٹر مساجد، ڈائریکٹر پریس میڈیا اینڈ پبلیکیشنز شہزاد احمد خالد، میڈیا نمائندے، ملازمین اور طلباء وطالبات کثیر تعداد میں موجود تھے۔

عبد الصمد معاذ