سوال 7790

السلام علیکم مفتی صاحب،

ہمیں اپنی کمپنی کے ایک پراجیکٹ کے بارے میں آپ کی رہنمائی درکار ہے، تاکہ آگے بڑھنے سے پہلے ہم مکمل طور پر مطمئن ہو سکیں۔

پس منظر: ہم تھائی لینڈ کے ایک کلائنٹ کے لیے مراقبے (میڈیٹیشن) کی موبائل ایپ بنا رہے ہیں۔ ایپ کا مالک تھائی تھیرواد روایت سے تعلق رکھنے والا ایک بدھ راہب ہے، اور یہ کام ہمیں ایک درمیانی شخص کے ذریعے ملا ہے۔ مراقبے کے پروگرام تھائی بدھ روایات پر مبنی ہیں، اور ایپ میں یہ بتایا جائے گا کہ یہ طریقہ بدھ راہبوں کے برسوں کے تجربے سے ماخوذ ہے۔

راہب کے اپنے الفاظ (میٹنگ کی ریکارڈنگ سے):

“اس ایپ کا مقصد بدھ مت کو دنیا میں پھیلانا نہیں ہے۔ ہم اس میں سے صرف مراقبہ اور ذہنی یکسوئی (مائنڈ فلنیس) کا حصہ لے کر اس سب کے لیے قابل رسائی بنارہے ہیں۔”

“کسی بھی مذہبی مذہب کا شخص، عیسائی، سکھ یا مسلمان، مراقبہ کر کے اپنی مقدس کتاب، بائبل یا قرآن پڑھ سکتا ہے۔”

“یہ ایپ لوگوں کو بدھ مت میں داخل کرنے کے لیے نہیں ہے۔ ہاں، ہمارا ایسا ایک پروگرام ہے، مگر وہ بالکل الگ ہے۔ یہ ایپ صرف ذہنی صحت اور سکون کے لیے ہے۔”

درمیانی شخص نے بھی تحریری طور پر یہی تصدیق کی ہے کہ ایپ بدھ مت کی تبلیغ نہیں کرے گی۔ البتہ مواد بدھ راہب تیار کریں گے، اور ایپ کا AI حصہ بھی راہبوں کی رہنمائی سے تربیت پائے گا۔

ہمارا کردار: ہم صرف ٹیکنالوجی بناتے ہیں، یعنی اسکرینز، آڈیو / ویڈیو پلیئر، یوزر اکاونٹس، سبسکرپشن اور پراگریس ٹریکنگ۔ مراقبے کا مواد کلائنٹ فراہم کرتا ہے بے۔ یہ 16 مراحل پر مشتمل ایک طویل مدتی پروجیکٹ ہے، اور پہلے مرحلے کا کام شروع ہو چکا ہے۔

ہمارے سوالات:

ان وضاحتوں کے بعد کیا یہ ایپ بنانا جائز ہے؟ اگر جائز ہے تو کن شرائط کے ساتھ؟

اگر مواد صرف تکنیکی ہو (سانس کی مشقیں، توجہ، ذہنی سکون)، لیکن اس کا ماخذ بدھ روایت بتایا جائے، تو کیا حکم ہے؟ اور اگر اس میں منتر یا جاپ، بدھ کی تصاویر، یا تناسخ یا نروان جیسی تعلیمات شامل ہوں تو کیا حکم بدل جائے گا؟

کلائنٹ کا مذہب بدھ مت کی تبلیغ کا ایک الگ پروگرام بھی ہے۔ کیا اس سے ہمارے کام کے حکم پر کوئی اثر پڑتا ہے، بشرطیکہ ہماری ایپ کا اس سے کوئی تعلق نہ ہو؟

کیا ہم معاہدے میں یہ شرط رکھ سکتے ہیں کہ ایپ میں کوئی مذہبی یا تبلیغی مواد شامل نہیں ہوگا؟ اگر بعد میں ایسا مواد شامل کیا جائے تو ہمیں کیا کرنا چاہیے؟

اگر یہ کام ناجائز یا مشتبہ ہو، تو اب تک کے کام کی آمدنی کا کیا حکم ہے، اور ہم درست طریقے سے کیسے الگ ہوں؟

آپ سے گزارش ہے کہ حکم کے ساتھ اس کے دلائل بھی بیان فرما دیں، تاکہ نتیجہ جو بھی ہو، ٹیم پوری طرح مطمئن ہو سکے۔

جزاک اللہ خیراً

جواب

و علیکم السلام و رحمة الله و بركاته

سائل کے سوالات کے مطابق شرعی رہنمائی یہ ہے:

اگر ایپ کا اصل مقصد صرف ذہنی سکون اور مراقبہ (Mindfulness) یعنی نفسیاتی مشقیں ہیں اور اس میں بدھ مت کی تعلیمات یا اس کی کوئی مذہبی تبلیغ شامل نہیں، تو ایسا کرنے کی گنجائش موجود ہے، لیکن اگر اس میں کوئی شرکیہ یا بدعتی مواد یا کسی باطل مذہب کی ترویج و ترغیب ہو تو پھر جائز نہیں۔

اگر مواد صرف سائنسی تکنیک ہو جیسے سانس کی مشقیں، توجہ، ذہنی سکون، تو اس کا حکم جائز ہے۔ لیکن اگر اس میں منتر، جاپ، بدھ کی تصاویر، یا تانترک تعلیمات شامل ہوں تو اس کا حکم بدل جائے گا اور وہ ناجائز ہوگا، کیونکہ یہ غیر اسلامی مذہبی اعمال بن جائیں گے۔

کلائنٹ کا بدھ مت کی تبلیغ کا الگ پروگرام ہے تو اس کا گناہ اسی پر ہے۔ آپ کا ایپ اس سے کوئی تعلق نہیں رکھتا، بشرطیکہ آپ کا کام صرف ٹیکنیکل حصے تک محدود رہے اور آپ تبلیغی مواد میں شریک نہ ہوں۔

آپ معاہدے میں یہ شرط رکھ سکتے ہیں کہ ایپ میں کوئی مذہبی یا تبلیغی مواد شامل نہیں ہوگا۔ اگر بعد میں ایسا مواد شامل کیا جائے تو آپ اس کے ذمہ دار نہیں ہوں گے، اور آپ کو اس سے برات کا اعلان کرنا چاہیے۔

اگر کام ناجائز یا مشتبہ ہو تو اس سے الگ رہنا ضروری ہے۔ درست طریقہ یہ ہے کہ آپ صرف جائز ٹیکنیکل کام تک محدود رہیں اور کسی بھی مذہبی تبلیغ سے خود کو الگ رکھیں۔

فضیلۃ العالم حافظ خضر حیات حفظہ اللہ