سوال 7789
السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
مشائخ کرام ایک سوال ہے سیل کرنے کی کچھ نیٹ ورکنگ کمپنیاں کام کرتی ہیں۔ ایک آدمی دس ہزار کی پراڈکٹس خریدتا ہے تو ممبرشپ ملتی ہے۔ پھر دس آدمیوں کو شامل کر کے گروپ بناتا ہے۔ پھر وہ آگے ممبرز بناتے ہیں۔ ٹیم بڑھتی چلی جاتی ہے اور کمیشن بڑھتا چلا جاتا ہے۔ کیا یہ جائز ہے؟
جواب
السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ!
یہ نیٹ ورک مارکیٹنگ دھوکے اور فراڈ کا ایک بہت پرانا طریقہ کار ہے، جس میں بہت ساری قباحتیں ہیں۔
مثلاً آپ جب ممبرشپ حاصل کرتے ہیں تو ہر حال میں ان کی مصنوعات خریدنا ضروری ہوتا ہے، چاہے آپ کو ان کی ضرورت ہو یا نہ ہو۔ مزید یہ کہ اکثر ان مصنوعات کا کوئی خاص فائدہ بھی نہیں ہوتا اور بازار میں اس سے کہیں زیادہ سستی چیزیں مل جاتی ہیں۔
اصل معاملہ یہ ہے کہ انہیں مصنوعات فروخت کرنے سے زیادہ ممبرشپ فیس حاصل کرنے کا لالچ ہوتا ہے۔ اس پورے نظام میں اصل کام صرف یہ ہے کہ آپ نے مزید لوگوں کو شامل کرنا ہے۔ جس مقام پر آپ لوگوں کو شامل کرنا چھوڑ دیں گے، وہیں سے آپ کا زوال شروع ہو جائے گا۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ انہیں مصنوعات فروخت کرنے سے غرض نہیں، بلکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو شامل کرنے سے غرض ہے۔
پہلے یہ کام براہِ راست ہوتا تھا، یعنی لوگوں سے خود جا کر رابطہ کرنا پڑتا تھا، لیکن اب انہوں نے یہی کام آن لائن شروع کر دیا ہے۔
گولڈن کی اور دیگر ناموں سے بھی یہ سلسلہ چلتا رہا ہے۔ یہ کوئی آج کا طریقہ نہیں، بلکہ تقریباً 35، 40 سال پرانا طریقہ واردات ہے۔ بہت سے لوگ ان کے ساتھ منسلک ہو کر تباہ ہوئے ہیں۔ یہاں تک کہ بعض لوگوں کو انہوں نے باقاعدہ تشدد کا نشانہ بھی بنایا ہے، اور کچھ لوگ ان کے دفاتر تک گئے ہیں۔
کسی زمانے میں جب مجلّہ دعوت شائع ہوتا تھا تو اس میں اس حوالے سے مضامین بھی شائع ہو چکے ہیں۔ ان لوگوں سے جب جا کر بات کرنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے اخباری نمائندوں سے بھی اس معاملے پر بات کرنے سے گریز کیا۔
حالانکہ حقیقی کاروبار اور تجارت میں کوئی چیز پوشیدہ نہیں رکھی جاتی، لیکن یہ لوگ اپنے آپ کو چھپاتے ہیں۔ آخر کیوں؟ اس لیے کہ اس پورے معاملے میں دو نمبری اور دھوکہ دہی ہوتی ہے۔
فضیلۃ الشیخ عبدالرزاق زاہد حفظہ اللہ




