سوال 7784
السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
شیوخ کرام کیسے ہیں آپ؟
رکوع کے بعد ہاتھ باندھنے کی دلیل جن روایات سے لی جاتی ہے وہ روایات مکمل حوالہ جات کے ساتھ پیش کریں؟
جزاکم اللہ خیراً
جواب
وعلیکم السلام وںرحمة الله و برکاته
رکوع کے بعد ہاتھ باندھنے کی کوئی دلیل موجود نہیں، علامہ ناصر الدین البانی نے تو اس کو گمراہ کہ بدعت قرار دیا ہے۔
وَلَسْتُ أَشُکُّ فِي أَنَّ وَضْعَ الْیَدَیْنِ عَلَی الصَّدْرِ فِي هَٰذَا الْقِیَامِ بِدْعَةٌ ضَلَالَةٌ لِأَنَّهُ لَمْ یَرُدْ مُطْلَقًا فِي شَيْءٍ مِنْ أَحَادِیثِ الصَّلَاةِ وَمَا أَکْثَرَهَا وَلَوْ کَانَ لَهُ أَصْلٌ لَنُقِلَ إِلَیْنَا وَلَوْ عَنْ طَرِیقٍ وَاحِدٍ ، وَیُؤَیِّدُهُ أَنَّ أَحَدًا مِنَ السَّلَفِ لَمْ یَفْعَلْهُ ، وَلَا ذَکَرَهُ أَحَدٌ مِنْ أَئِمَّةِ الْحَدِیثِ
اور مجھے اس بات میں کوئی شک نہیں کہ اس قیام (یعنی رکوع کے بعد والے قیام) میں سینے پر ہاتھ باندھنا ایک گمراہ کن بدعت ہے، کیونکہ نماز سے متعلق بے شمار احادیث میں سے کسی ایک حدیث میں بھی اس کا مطلقاً ذکر نہیں آیا، اگر اس کی کوئی اصل ہوتی تو کم از کم ایک ہی طریق سے یہ بات ضرور ہم تک نقل ہو جاتی، مزید اس کی تائید اس بات سے بھی ہوتی ہے کہ سلف میں سے کسی ایک نے بھی اس پر عمل نہیں کیا، اور نہ ہی ائمہ حدیث میں سے کسی نے اس کا ذکر کیا
(جامع تراث العلامة الألباني في الفقه : 4/233)
نبی کریم ﷺ رکوع کے بعد ہاتھ چھوڑا کرتے تھے، ابو قلابہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
كَانَ مَالِكُ بْنُ الْحُوَيْرِثِ يُرِينَا كَيْفَ كَانَ صَلَاةُ النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَذَاكَ فِي غَيْرِ وَقْتِ صَلَاةٍ فَقَامَ فَأَمْكَنَ الْقِيَامَ ثُمَّ رَكَعَ فَأَمْكَنَ الرُّكُوعَ ثُمَّ رَفَعَ رَأْسَهُ فَانْتَصَبَ هُنَيَّةً
سیدنا مالک بن الحویرث رضی اللہ عنہ نماز کے اوقات کے علاوہ ہمیں دکھاتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ کی نماز کیسی تھی، تو وہ کھڑے ہوئے اچھی طرح قیام کیا پھر رکوع کیا تو اچھی طرح رکوع کیا پھر اپنے سر کو اٹھایا تو تھوڑی دیر کے لیے جسم کو ڈھیلا چھوڑ کر کھڑے ہو گئے
[صحیح البخاری حدیث نمبر: 802]
اس حدیث سے واضح ہے کہ رکوع کے بعد ہاتھ چھوڑے جائیں گے، ہاتھ باندھنا بلا دلیل ہے
ھذا ما عندي والله اعلم بالصواب
فضیلۃ العالم حافظ محمد عبداللہ حفظہ اللہ
سائل:
شیخ ابن باز رحمہ اللہ شیخ بدیع الدین راشدی رحمہ اللہ ہاتھ باندھنے کے قائل تھے تو وہ کن دلائل کی بنیاد پر؟
رہنمائی فرمائیں۔ نوازش ہوگی۔
جزاکم اللہ خیراً
جواب
وائل بن حجر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:
رَأَيْتُ رَسُولَ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِذَا كَانَ قَائِمًا فِي الصَّلَاةِ قَبَضَ بِيَمِينِهِ عَلَى شِمَالِهِ
میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا کہ جب آپ نماز میں کھڑے ہوتے تو اپنے داہنے ہاتھ سے اپنا بایاں ہاتھ پکڑتے
[سنن نسائی حدیث نمبر: 888]
اس روایت کے عموم سے بعض اہل علم یہ استدلال کرتے ہیں کہ نمازی رکوع سے پہلے بھی حالتِ قیام میں ہوتا ہے اور رکوع کے بعد بھی قیام ہی کی حالت میں کھڑا ہوتا ہے۔ جب پہلے قیام میں ہاتھ باندھنا مشروع ہے تو ان کے نزدیک بعد از رکوع والے قیام میں بھی ہاتھ باندھنے چاہئیں،
جب صرف “قیام” کا لفظ آئے اور ساتھ رکوع، سجدہ یا کسی اور حالت کا ذکر نہ ہو تو عام طور پر اس سے مراد رکوع سے پہلے والا قیام لیا جاتا ہے بعد والا قیام مراد نہیں ہوتا جیسا کہ حدیث میں ہے، براء بن عازب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا:
كَانَ رُكُوعُ النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَسُجُودُهُ وَبَيْنَ السَّجْدَتَيْنِ، وَإِذَا رَفَعَ رَأْسَهُ مِنَ الرُّكُوعِ مَا خَلَا الْقِيَامَ وَالْقُعُودَ قَرِيبًا مِنَ السَّوَاءِ
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے رکوع و سجود، دونوں سجدوں کے درمیان کا وقفہ اور جب رکوع سے سر اٹھاتے تو تقریباً سب برابر تھے، سوا قیام اور تشہد کے قعود کے
[صحیح البخاری حدیث نمبر: 792]
اب یہاں لفظِ قیام بولا گیا ہے اور اس سے مراد رکوع سے پہلے والا قیام ہے نہ کہ بعد والا، رکوع کے بعد والے قیام کی الگ سے وضاحت بھی کی گئی ہے، لہٰذا جب صرف “قیام” کا لفظ آئے اور ساتھ رکوع، سجدہ یا کسی اور حالت کا ذکر نہ ہو تو اس سے مراد رکوع سے پہلے والا قیام لیا جاتا ہے، بعد والا قیام مراد نہیں ہوتا اس ہی طرح حدیث میں آتا ہے، وائل بن حجر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں:
رَأَيْتُ رَسُولَ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَاضِعًا يَمِينَهُ عَلَى شِمَالِهِ فِي الصَّلَاةِ
میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو نماز میں اپنا دایاں ہاتھ بائیں پر رکھے ہوئے دیکھا
[مسند احمد حدیث نمبر: 18846]
اس روایت میں “فِي الصَّلَاةِ” یعنی “نماز میں” کے الفاظ آئے ہیں، حالانکہ نماز تکبیرِ تحریمہ سے شروع ہو کر سلام پھیرنے تک مکمل ہوتی ہے، اگر کوئی صرف ان الفاظ کو سامنے رکھ کر یہ نتیجہ نکالے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نماز کے اندر جب بیٹھتے بھی تھے، حتیٰ کہ دو سجدوں کے درمیان بھی، تو ہاتھ باندھتے تھے تو یہ استدلال درست ہو گا؟ نہیں ہرگز نہیں کیونکہ ہر عمومی لفظ کو اس کے محل اور طریقہ نماز کے مطابق سمجھا جاتا ہے کیونکہ وائل بن حجر رضی اللہ عنہ کی تفصیلی حدیث جس میں رسول اللہ ﷺ کی نماز کے اکثر حصے کی وضاحت کر دی گئی ہے اسکو مد نظر رکھنا ہوگا، سیدنا وائل بن حجر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:
قُلْتُ: لَأَنْظُرَنَّ إِلَى رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ كَيْفَ يُصَلِّي، قَالَ: “فَنَظَرْتُ إِلَيْهِ، قَامَ، فَكَبَّرَ، وَرَفَعَ يَدَيْهِ حَتَّى حَاذَتَا أُذُنَيْهِ، ثُمَّ وَضَعَ يَدَهُ الْيُمْنَى عَلَى ظَهْرِ كَفِّهِ الْيُسْرَى وَالرُّسْغِ وَالسَّاعِدِ، ثُمَّ قَالَ: لَمَّا أَرَادَ أَنْ يَرْكَعَ رَفَعَ يَدَيْهِ مِثْلَهَا، وَوَضَعَ يَدَيْهِ عَلَى رُكْبَتَيْهِ، ثُمَّ رَفَعَ رَأْسَهُ، فَرَفَعَ يَدَيْهِ مِثْلَهَا، ثُمَّ سَجَدَ، فَجَعَلَ كَفَّيْهِ بِحِذَاءِ أُذُنَيْهِ، ثُمَّ قَعَدَ، فَافْتَرَشَ رِجْلَهُ الْيُسْرَى، فَوَضَعَ كَفَّهُ الْيُسْرَى عَلَى فَخِذِهِ وَرُكْبَتِهِ الْيُسْرَى، وَجَعَلَ حَدَّ مِرْفَقِهِ الْأَيْمَنِ عَلَى فَخِذِهِ الْيُمْنَى، ثُمَّ قَبَضَ بَيْنَ أَصَابِعِهِ، فَحَلَّقَ حَلْقَةً، ثُمَّ رَفَعَ إِصْبَعَهُ، فَرَأَيْتُهُ يُحَرِّكُهَا يَدْعُو بِهَا، ثُمَّ جِئْتُ بَعْدَ ذَلِكَ فِي زَمَانٍ فِيهِ بَرْدٌ، فَرَأَيْتُ النَّاسَ عَلَيْهِمُ الثِّيَابُ تُحَرَّكُ أَيْدِيهِمْ مِنْ تَحْتِ الثِّيَابِ مِنَ الْبَرْدِ
میں نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا تو سوچا کہ میں یہ ضرور دیکھوں گا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کس طرح نماز پڑھتے ہیں چنانچہ نبی کریم نے قبلہ کی طرف رخ کر کے تکبیر کہی اور دونوں ہاتھ کندھوں کے برابر بلند کئے پھر دائیں ہاتھ سے بائیں ہاتھ کو پکڑ لیا، جب رکوع کا ارادہ کیا تو پھر رفع یدین کرتے ہوئے اپنے ہاتھوں کو کندھوں تک برابر بلند کیا اور رکوع میں اپنے دونوں ہاتھ اپنے دونوں گھٹنوں پر رکھ دیئے جب رکوع سے سر اٹھایا تو پھر رفع یدین کرتے ہوئے اپنے ہاتھوں کو کندھوں تک برابر بلند کیا اور جب سجدے میں گئے
[مسند احمد حدیث نمبر: 18850]
اب اس روایت میں ہاتھ باندھنے کا ذکر قبل از رکوع ہے اس بعد ہاتھ باندھنے کا ذکر موجود نہیں ہے معلوم ہوا کہ اس میں عموم اطلاق ہے ہی نہیں بلکہ خصوص ہے عام جو حدیث ہے مراد اس سے خاص ہے یعنی صرف رکوع سے قبل ہاتھ باندھنا مراد ہے
فضیلۃ العالم حافظ محمد عبداللہ حفظہ اللہ




