جہاں دوست احباب سے ملنا اور ساتھ کھانا پینا ہو، وہاں ماحول ویسے ہی خوشگوار ہوتا ہے. لیکن حقیقت ہے کہ تمام دوستوں کی سرگرمیاں اور خیالات سن کر مزید فرحت وانبساط کا احساس ہوا. اللہ تعالی سب کو عزتوں برکتوں، رفعتوں، سعادتوں سے نوازے۔

فاضلین کی یہ مجلس 18 جون 2023ء بروز اتوار لاہور چونگی امرسدھو میں القرآن اسلامک سنٹر میں منعقد ہوئی۔

دوستی کے لیے بے تکلف ہونا ضروری نہیں، لیکن اچھے دوست عموما بے تکلف ہوتے ہیں.. کل یہ چیزیں کافی حد تک دیکھنے میں آئیں. اللہ مزید محبت و مودت میں اضافہ فرمائے۔ اس قسم کے مواقع پر اگر ہم آپس میں ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی، دوسرے کو اہمیت دینا، اس کی بات کو توجہ سے سننے کا رواج مزید ڈالیں، تو ہماری یہ مجالس مزید بہتر اور مفید ہوسکتی ہیں۔

دوستوں نے دینی کام اور اس کی مختلف جہتوں کا ذکر کیا، کالجز، یونیورسٹیز کی بات ہوئی، تحقیق و تصنیف کا ذکر آیا، مختلف طبقات کو اپروچ کرنے کا ذکر ہواـ مزید آپ میڈیا، سوشل میڈیا وغیرہ کو بھی ساتھ ملالیں.. یہ سب عصر حاضر کی اہم ضرورتیں ہیں، یا دوسرے لفظوں میں کہہ لیجیے دفاع دین کے مختلف مورچے ہیں، ان میں سے کسی ایک کو بھی خالی نہیں چھوڑا جاسکتا۔ سعادت مندی کی بات یہ ہے کہ اللہ تعالی ہماری صلاحیت و استطاعت کے مطابق ہم سے کوئی بھی کام لے لے۔

اور خوشی کی بات یہ ہے کہ الحمدللہ ہماری کلاس کے اس گلدستے میں سب ہی طرح کے پھول موجود ہیں،

چنانچہ ان میں ائمہ و خطباء، مصنفین، مدرسینِ مدارس حفظ و کتب، لیکچرار یو ای ٹی، پنجاب یونیورسٹی آئی ای آر, ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور پرائیوٹ کالجز, حکماء و اطباء ، منتظمینِ مدارس، بزنس مین، سوشل میڈیا پرنٹ میڈیا، تحریک ختم نبوت و دفاع صحابہ، محدث ویب سائٹس، الاہداف ٹرست اور لجنۃ العلماء وغیرہ مختلف انداز سے سب اپنی اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

اس کلاس کو اللہ کی طرف سے عطا کردہ نمایاں ترین نعمتوں میں سے ایک یہ ہے کہ اس کلاس نے شیخ العرب والعجم محدث العصر، مسند الدہر حافظ ثناء اللہ المدنی رحمہ اللہ کی زندگی کے آخری چند سالوں میں ان سے درسِ حدیث لیا اور ان کی خدمت کی سعادت حاصل کی ہے۔

اس کلاس کا یہ اعزاز بھی ہے کہ اس میں سے یکے بعد دیگرے چھے سات طالبعلموں کا جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ میں داخلہ ہوا تھا، جن میں سے چار در حقیقت مادرِ علمی جامعہ رحمانیہ کی طرف سے ’مثالی طالبعلم‘ کی سند حاصل کرکے بطور انعام عمرہ کرنے کے لیے گئے اور جامعہ اسلامیہ میں براہ راست انٹرویو دے کر آئے۔ و للہ الحمد۔

تمام دوستوں نے اپنے اساتذہ کرام کو خراج تحسین پیش کیا جن کی محنتوں سے وہ کچھ کرنے کے قابل ہوئے۔ اللہ تعالیٰ دنیا و آخرت میں ہمارے اساتذہ و مربیین کو عزتوں رفعتوں اور کامیابیوں سے ہم کنار فرمائیں۔

اور ہمیں اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے اور کام میں بہتری اور لگن پیدا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

(حافظ خضر حیات)

#خیال_خاطر