سوال 7802
اگر کوئی شخص ظہر، عصر یا عشاء کی چار رکعت فرض نماز ادا کر رہا ہو اور آخری قعدے میں صرف التحیات پڑھ کر، درودِ ابراہیمی پڑھے بغیر سلام پھیر دے، تو کیا اس کی نماز ہو جائے گی یا اسے دوبارہ نماز پڑھنی ہوگی؟ اور کیا اس صورت میں سجدۂ سہو لازم ہوگا ؟
جواب
السلام علیکم و رحمة الله و برکاته، نہیں، ایسا شخص وہ رکعت دوبارہ لوٹائے کیونکہ اس نے درود ابراہیمی بھی نہیں پڑھا اور دعا جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے آخری رکعت میں پڑھنے کا حکم دیا ہے وہ بھی نہیں ادا کی، اس لیے ایسا شخص وہ رکعت دوبارہ لوٹائے گا سیدنا ابو مسعود انصاری رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں: ایک شخص آیا اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے آ کر بیٹھ گیا، ہم اس وقت آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے آس پاس موجود تھے، اس شخص نے عرض کیا: یا رسول اللہ! آپ پر سلام بھیجنے کے طریقے سے تو ہم واقف ہو چکے ہیں، جب ہم نماز پڑھ رہے ہوتے ہیں، تو اس دوران آپ پر درود کیسے بھیجیں؟ راوی بیان کرتے ہیں: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم خاموش رہے، یہاں تک کہ ہم نے یہ آرزو کی کہ اس شخص نے آپ سے یہ سوال نہ کیا ہوتا، لیکن پھر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ”جب تم مجھ پر درود بھیجنا چاہو، تو یہ پڑھو: اے اللہ! تو محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر درود نازل کر، جو امی ہیں اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی آل پر بھی (درود نازل کر)، جس طرح تو نے سیدنا ابراہیم اور سیدنا ابراہیم کی آل پر درود نازل کیا تھا، اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم ، جو امی نبی ہیں اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی آل پر برکتیں نازل کر، جس طرح تو نے سیدنا ابراہیم اور سیدنا ابراہیم کی آل پر برکتیں نازل کیں، بیشک تو لائق حمد اور بزرگی کا مالک ہے [سنن دارقطني حدیث نمبر : 1339] حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب تم میں سے کوئی دوسرے تشہد سے فارغ ہو جائے تو اللہ تعالیٰ سے چار چیزوں سے پناہ طلب کرے: جہنم کے عذاب سے، قبر کے عذاب سے، موت و حیات کے فتنہ سے اور مسیح دجال کے فتنہ سے۔“ [صحیح مسلم حدیث نمبر : 1326] اور چونکہ پہلے نماز میں نقص رہ گیا تھا، اس لیے یہ نئی رکعت پڑھ کر، سلام پھیرنے کے بعد دو سجدے کرے گا، جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ادھوری نماز پڑھانے کے بعد کیا تھا۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے (ایک دفعہ) ظہر کی نماز دو رکعت پڑھ دی۔ آپ سے کہا گیا کہ آپ نے دو رکعات پڑھی ہیں۔ اس کے بعد آپ نے دو رکعت اور پڑھ لیں، پھر سلام پھیر کر دو سجدے (سہو) کیے [صحیح البخاري حدیث نمبر : 715]
فضیلۃ العالم حافظ محمد عبداللہ حفظہ اللہ
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! اب تک جن مشائخ سے استفادہ کیا ہے اور جو کچھ مطالعہ کیا ہے، اس کی روشنی میں سورۃ فاتحہ، رکوع، سجدہ اور آخری قعدے میں تشہد فرض ہیں، جبکہ باقی دعائیں وغیرہ سنت کے درجے میں ہیں، چاہے وہ سنتِ مؤکدہ ہوں، لیکن فرض کے درجے میں بہرحال نہیں ہیں۔ درود بھی دعا ہی کی ایک شکل ہے۔ لہٰذا اگر کسی شخص نے آخری قعدے میں تشہد پڑھ کر درود اور دعائیں پڑھے بغیر سلام پھیر دیا تو اس کی نماز ہو جائے گی۔ البتہ ایسے شخص کو نصیحت کرنی چاہیے کہ وہ اہتمام کے ساتھ درود اور دعائیں پڑھ کر نماز مکمل کیا کرے۔ بعض روایات میں آتا ہے کہ ایک شخص نے ایسا کیا تھا تو اسے کہا گیا کہ تم نے جلد بازی سے کام لیا ہے۔ بس اس پر اتنا ہی حکم لگایا گیا تھا۔
فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ




