سوال 7801
ذکر الہی کی یہ صورت کہ زبان سے ادا ہو معروف ہے۔ اس بارے کیا خیال ہے کہ زبان معمولی حرکت بھی نہ کرے لیکن دل میں ذکر اذکار کر رہے ہوں، خاص طور پر جب نیند کی طرف جا رہے ہوں تو کیا ایسی کیفیت کا ذکر بھی باعث فضیلت ہو گا اور جائز ہے؟
جواب
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! ہمارے نزدیک ذکر میں دل اور زبان دونوں کا متحرک ہونا چاہیے۔ یعنی اعمالِ قلب بھی ہوں اور عملِ لسان بھی۔ حدیثِ قدسی میں بھی آتا ہے کہ بندے کے ہونٹ اللہ تعالیٰ کے ذکر کی وجہ سے حرکت کرتے ہیں۔ اسی طرح ذکر و اذکار اور قراءت کی تعریف میں بھی زبان اور ہونٹوں کی حرکت کو شامل کیا گیا ہے۔ لہٰذا صرف منہ بند کرکے اور آنکھیں بند کرکے دل میں کسی چیز کا تصور کرنا ذکر نہیں، بلکہ محض تصور ہے۔ البتہ جب زبان پر ذکر جاری ہو اور وہی ذکر دل میں بھی موجود ہو تو یہ حقیقی ذکر کہلاتا ہے۔
فضیلۃ الشیخ عبدالوکیل ناصر حفظہ اللہ
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! میں فضیلۃ الشیخ عبدالوکيل ناصر صاحب کی رائے سے تھوڑا سا اختلاف کرنے کی جسارت کروں گا۔ البتہ اگر میری بات دلیل کی روشنی میں غلط ثابت ہوئی تو ان شاء اللہ اپنی رائے سے رجوع کر لوں گا۔ زبان کو حرکت دیے بغیر دل میں اللہ تعالیٰ کا ذکر کرنا شرعاً جائز ہے۔ یہ بھی ذکرِ الٰہی کی ایک صورت ہے اور باعثِ اجر و فضیلت ہے۔ البتہ دل کے ذکر اور زبان کے ذکر کے درمیان فرق ضرور ملحوظ رکھنا چاہیے۔ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے اہلِ ایمان کی ایک صفت بیان فرمائی ہے:
الَّذِينَ يَذْكُرُونَ اللَّهَ قِيَامًا وَقُعُودًا وَعَلَىٰ جُنُوبِهِمْ
یعنی وہ لوگ جو کھڑے، بیٹھے اور اپنے پہلوؤں پر لیٹے ہوئے اللہ تعالیٰ کو یاد کرتے ہیں۔ اس آیت سے میرا ذاتی استدلال ہمیشہ یہ رہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا ذکر ہر حالت میں مشروع اور پسندیدہ ہے، خواہ انسان بستر پر لیٹا ہوا ہو، نیند کی طرف جا رہا ہو یا دل ہی دل میں اللہ تعالیٰ کو یاد کر رہا ہو، اور اس دوران اس کی زبان یا ہونٹ حرکت نہ کر رہے ہوں۔ اس میں کوئی مضائقہ یا حرج نہیں ہے۔ ایک اور مقام پر اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
وَاذْكُرْ رَبَّكَ فِي نَفْسِكَ تَضَرُّعًا وَخِيفَةً وَدُونَ الْجَهْرِ مِنَ الْقَوْلِ
یعنی اپنے رب کو اپنے دل میں عاجزی اور خوف کے ساتھ یاد کرو اور آواز بلند کیے بغیر ذکر کرو۔ اس آیت میں بھی ذکرِ قلبی کا ایک قرینہ موجود ہے۔ اسی طرح ایک حدیث میں ان الفاظ کا مفہوم آتا ہے کہ جو شخص اپنے رب کا ذکر کرتا ہے اور جو ذکر نہیں کرتا، ان دونوں کی مثال زندہ اور مردہ جیسی ہے۔ نیز نبی کریم ﷺ نیند سے پہلے جو اذکار کیا کرتے تھے، ان کے بعد اگر کوئی شخص نیند آنے تک دل میں اللہ تعالیٰ کو یاد کرتا رہے، مثلاً سبحان اللہ، الحمدللہ، لا الٰہ الا اللہ اور اللہ اکبر کو دہراتا رہے، تو اس میں کوئی مضائقہ نہیں، بلکہ یہ باعثِ اجر و ثواب عمل ہے۔ البتہ اس بات پر ضرور توجہ دینی چاہیے کہ ذکرِ قلبی کے اس تصور کو اہلِ تصوف کے ان مخصوص طریقوں اور کیفیات کے ساتھ خلط ملط نہ کیا جائے جن میں بدعات پر مبنی ذکر و اذکار رائج ہیں۔ ان کے معاملات الگ ہیں، اور جس ذکرِ قلبی کی بات میں نے عرض کی ہے، وہ الگ ہے۔ ان دونوں کے درمیان فرق ملحوظ رکھنا چاہیے۔ واللہ اعلم! مجھے اپنی سمجھ کے مطابق یہی بات درست معلوم ہوتی ہے۔
فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر فیض الابرار شاہ حفظہ اللہ
السلام علیکم ورحمة الله وبرکاته نماز میں یا اذکار کرتے وقت، قراءت کرتے وقت زبان کو حرکت دینا ضروری ہے، محض دل میں تدبر کرنے کو، سوچنے کو، قراءت نہیں کہتے، بلکہ خیال کہتے ہیں، قراءت کیلئے زبان کو حرکت دینا لازمی ہے، چاہے بے آواز ہی کیوں نہ پڑھا جائے ابو معمر عبداللہ بن خبرہ رحمہ اللہ کہتے ہیں، ہم نے سیدنا خباب بن ارت رضی اللہ عنہ سے پوچھا
أَكَانَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقْرَأُ فِي الظُّهْرِ وَالْعَصْرِ ؟ قَالَ: نَعَمْ، قُلْنَا: بِمَ كُنْتُمْ تَعْرِفُونَ ذَاكَ؟ قَالَ: بِاضْطِرَابِ لِحْيَتِهِ
کیا رسول اللہ ﷺ نمازِ ظہر اور نمازِ عصر میں کچھ پڑھتے تھے؟ انہوں نے فرمایا: ہاں، ہم نے پوچھا: آپ لوگ کیسے پہچانتے تھے؟ انہوں نے فرمایا آپ ﷺ کی داڑھی مبارک کے ہلنے کی وجہ سے [صحیح البخاری حدیث نمبر: 746] امام بیہقی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
فِيهِ دَلِيلٌ عَلَى أَنَّهُ لَا بُدَّ مِنْ أَنْ يُحَرِّكَ لِسَانَهُ بِالْقِرَاءَةِ
یہ حدیث دلیل ہے کہ قراءت میں زبان کو حرکت دینا ضروری ہے [السنن الكبرى للبيهقي : 2/79] نیز اس ہی حدیث پر باب قائم کیا ہے
بَابُ لَا تُجْزِئُهُ قِرَاءَتُهُ فِي نَفْسِهِ إِذَا لَمْ يَنْطِقْ بِهِ لِسَانُهُ
صرف دل میں قراءت کرنا کافی نہیں، جب تک زبان سے اس کو ادا نہ کرے [السنن الكبرى للبيهقي حدیث نمبر: 2432] سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
كَلِمَتَانِ حَبِيبَتَانِ إِلَى الرَّحْمَنِ، خَفِيفَتَانِ عَلَى اللِّسَانِ، ثَقِيلَتَانِ فِي الْمِيزَانِ سُبْحَانَ اللَّهِ وَبِحَمْدِهِ، سُبْحَانَ اللَّهِ الْعَظِيمِ
دو کلمے رحمن کو بہت محبوب ہیں، زبان پر (ادا کرنے میں) بہت آسان ہیں اور میزان میں بہت وزنی ہیں سبحان اللہ وبحمدہ، سبحان اللہ العظیم [صحیح البخاری حدیث نمبر: 7563] حدیث میں اللسان (زبان) کے لفظ سے بھی معلوم ہوتا ہے کہ اذکار وغیرہ وہی معتبر ہے، جو زبان سے کیے جائیں۔
فضیلۃ العالم حافظ محمد عبداللہ حفظہ اللہ
سائل:
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
أَنَا عِنْدَ ظَنِّ عَبْدِي بِي، وَأَنَا مَعَهُ إِذَا ذَكَرَنِي، فَإِنْ ذَكَرَنِي فِي نَفْسِهِ ذَكَرْتُهُ فِي نَفْسِي، وَإِنْ ذَكَرَنِي فِي مَلَإٍ ذَكَرْتُهُ فِي مَلَإٍ خَيْرٍ مِنْهُمْ۔
ترجمہ: میں اپنے بندے کے گمان کے مطابق ہوں، اور جب وہ مجھے یاد کرتا ہے تو میں اس کے ساتھ ہوتا ہوں۔ اگر وہ مجھے اپنے دل میں یاد کرتا ہے تو میں بھی اسے اپنے ہاں یاد کرتا ہوں، اور اگر وہ مجھے کسی جماعت میں یاد کرتا ہے تو میں اسے اس سے بہتر جماعت میں یاد کرتا ہوں۔ [صحیح البخاری: 7405، صحیح مسلم: 2675] استدلال: اس حدیث میں اللہ تعالیٰ نے واضح طور پر فرمایا:
فَإِنْ ذَكَرَنِي فِي نَفْسِهِ
یعنی اگر بندہ مجھے اپنے نفس میں یاد کرے۔ یہ ذکرِ قلبی کی مشروعیت اور فضیلت کی بالکل واضح دلیل ہے۔ اس میں زبان سے ذکر کرنے کی شرط بیان نہیں کی گئی۔
جواب:
السلام علیکم ورحمة الله وبرکاته محترم نفس کی وضاحت تو خود اگلے الفاظ ہی کررہے ہیں، نفس بمعنی تنہائی ہے، جیسا کہ اگلے الفاظ بھری مجلس کے ہے، شارح البخاري امام ابن حجر رحمه الله فرماتے ہیں
قَوْلُهُ: (فَإِنْ ذَكَرَنِي فِي نَفْسِهِ ذَكَرْتُهُ فِي نَفْسِي)، أَيْ: إِنْ ذَكَرَنِي بِالتَّنْزِيهِ وَالتَّقْدِيسِ سِرًّا ذَكَرْتُهُ بِالثَّوَابِ وَالرَّحْمَةِ سِرًّ
رسول اللہ ﷺ کے فرمان «فَإِنْ ذَكَرَنِي فِي نَفْسِهِ ذَكَرْتُهُ فِي نَفْسِي» کا مطلب یہ ہے کہ اگر بندہ مجھے تنہائی میں پاکیزگی اور تقدیس کے ساتھ یاد کرے تو میں بھی اسے تنہائی میں ثواب اور رحمت کے ساتھ یاد کرتا ہوں۔ (فتح الباري بشرح البخاري : 386/13) ھذا ما عندي والله اعلم بالصواب
فضیلۃ العالم حافظ محمد عبداللہ حفظہ اللہ
سائل:
كَانَ رَسُولُ اللَّهِ ﷺ يَذْكُرُ اللَّهَ عَلَى كُلِّ أَحْيَانِهِ
ترجمہ: رسول اللہ ﷺ ہر وقت اللہ تعالیٰ کا ذکر کیا کرتے تھے۔ حوالہ: صحیح مسلم، کتاب الحیض، حدیث: 373 اس حدیث میں کل احیانہ سے کیا مراد ہے؟ آپ اس کی کیا وضاحت فرمائیں گے۔
جواب:
اس میں اللہ رب العالمین کے ہمہ وقت ذکر کا تذکرہ ہے، یقیناً اللہ رب العالمین کی نعمتوں کا احساس جاننا، اسکے کمالات کو دیکھنا، یہ سب کچھ دل کا ذکر ہی ہے۔ لیکن وہ اذکار جنکا تعلق زبان کے ساتھ ہی، دعائیں ہیں، کلمات ہیں، قراءت ہیں، انکے دل سے پڑھنے پر کوئی صریح و صحیح دلیل نہیں۔ بلاشبہ، آیت خود بتا رہی ہے کیا مفہوم ہے، دل کی حاضری کے ساتھ بلند آواز سے نہیں پڑھنا
وَاذۡكُرْ رَّبَّكَ "فِىۡ نَفۡسِكَ تَضَرُّعًا وَّخِيۡفَةً وَّدُوۡنَ الۡجَـهۡرِ" مِنَ الۡقَوۡلِ بِالۡغُدُوِّ وَالۡاٰصَالِ وَلَا تَكُنۡ مِّنَ الۡغٰفِلِيۡنَ
شیخ عبدالسلام بن محمد رحمہ اللہ اس آیت کی تفسیر میں ہی فرماتے ہیں "دل کی حاضری کے ساتھ زبان سے الفاظ کا ادا ہونا بھی ضروری ہے، صرف دل میں ذکر کو فکر کہتے ہیں، ذکر نہیں" ھذا ما عندي والله اعلم بالصواب
فضیلۃ العالم حافظ محمد عبداللہ حفظہ اللہ




