کیلا ایک نہایت لذیذ پھل ہے، جو صحت کے لیے بھی بے حد فائدہ مند ہے۔ یہ ہر خاص و عام کی پہنچ میں ہے۔ اپنے سیزن میں تو ہمارے ملک میں وافر تعداد میں پایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ جنوب مشرقی ایشیا کے گرم علاقوں میں پر جگہ پایا جاتا ہے۔ اس کے فوائد کے بارے میں کافی کچھ بیان کیا گیا ہے۔ اگر ہم صحت مند غذا کو تلاش کریں تو کیلا کئی اعتبار سے بہترین انتخاب ہے۔ تحقیق سے درج ذیل خوبیاں ثابت ہیں:
دل کی صحت
کیلے کو دل کی صحت کے لیے بہت مفید تصور کیاجاتا ہے۔ جس کی وجہ یہ ہے کہ اس پھل میں پوٹاشیئم پایا جاتا ہے، سوڈیم بالکل کم ہے یا نہ ہونے کے برابر ہے، جس وجہ سے شریانوں کو ہائی بلڈ پریشر سے تحفظ دیتا ہے۔
ہاضمے کی بہتری
کیلا انسانی ہاضمے کی بے اعتدالی کو درست کر کے اسے بہتر بناتا ہے۔ معدے کی تیزابیت وغیرہ ختم کرتا ہے۔ اکثر لوگوں کو ہاضمے کی شکایت رہتی ہے جس کے لیے اکثر ڈاکٹر اور دواؤں کی مصیبت میں الجھے رہتے ہیں، لیکن دوائیں کھانے سے بہتر ہے کیلوں کا استعمال کریں، کیونکہ ایک درمیانی مقدار کے کیلے میں 3 گرام فائبر موجود ہوتا ہے، جس سے ہاضمہ بہتر رہتا ہے۔ اور یہ بھوک کی کمی کو بھی دور کرتا ہے۔
یاد رہے ایسے کیلے جو ابھی مکمل تیار نہیں ہوئے، یا سبز رنگ کے کیلے ہاضمہ کے لیے نقصان دہ ہیں۔
غذائیت سے بھرپور
کیلا غذائیت سے بھر پور ہوتا ہے۔ اس میں خاص مقدار میں فائبر اور اینٹی آکسیڈینٹ موجود ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک کیلے (126 گرام) میں پروٹین، فائبر، وٹامن، پوٹاشئیم اور دیگر کئی خوبیاں موجود ہیں۔ ایک درمیانے سائز کے کیلے کی غذائیت میں درج ذیل چیزیں شامل ہوتی ہیں:
کیلوریز: 100
فائبر: 2.8 گرام
چینی: 12.8 گرام
پانی: % 80
پروٹین: 1.2 گرام
کاربوہائیڈریٹ: 22.9 گرام
چربی: 0.7 گرام
شوگر کے مریضوں کے لیے بھی مفید
کیلے میں اگرچہ مٹھاس موجود ہوتی ہے، لیکن ان میں ایک خاص مقدار میں فائبر موجود ہوتا ہے، ہاضمے کے دوران کیلے میں موجود فائبر جَیل میں تبدیل ہوجاتا ہے جو معدہ میں کھانا ہضم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ شوگر کے مریض کھانے کے بعد اگر کیلوں کا استعمال کریں تو بلڈ شوگر لیول مناسب رہتا ہے۔
وزن میں کمی
کیلوں میں کیلریز بہت کم ہوتی ہے اور فائبر کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جس کی وجہ سے یہ پھل وزن کی کمی میں انتہائی مفید ہے۔ اور دوسری طرف اگر کسی کا وزن بالکل کم ہورہا ہو، اور بھوک نہ لگنے کی شکایت ہو، تو اس کیفیت میں بھي کیلا مفید ہے۔
گردوں کے لیے مفید
کیلے میں پوٹیشیئم کی مقدار زیادہ ہونے کی وجہ سے یہ گردوں کے لیے بھی فائدہ مند ہے اور بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ کیونکہ سوڈیم یا زائد نمکیات گردوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
ورزش کے بعد اور پہلے بھی مفید
کیلے کے اندر ایک ایسی خوبی پائی جاتی ہے کہ ان کا استعمال ورزش سے پہلے درمیان یا بعد میں جب بھی کر لیا جائے فائدہ مند ہے۔ پہلے اور بعد میں کیلے کھانے سے آپ کے جسم میں غذائیت پیدا ہوتی ہے، جس کے نیتجے میں پٹھوں کو تقویت ملتی ہے۔
اللہ تعالی سب کو صحت وعافیت اور اپنی نعمتوں سے محظوظ ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔