سوال
مالی حالات کی بہتری کے لیے ہمیں کیا کرنا چاہیے، کیا اس کے لیے کوئی وظیفہ ہے ؟رہنمائی فرمائیں۔
جواب
الحمدلله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!
رزق کی تنگی دور کرنے اور نعمتوں کی فراوانی کے حوالے سے شریعت میں تفصیلی رہنمائی موجود ہے، ذیل میں اختصار کے ساتھ کچھ چیزیں پیش کی جاتی ہیں:
- توحید کا اقرار، شرک سے بیزاری کا عقیدہ پختہ کریں، دیکھیں اللہ تعالی کس طرح زمین و آسمان سے برکتوں کے دروازے کھول دیتا ہے۔ [الاعراف:96]
- خود نماز کی پابندی اور اہل وعیال کو اس کی تلقین کریں، اللہ رزق کا بندوبست فرمادے گا۔ [طہ:132]
- ہر وقت اللہ کا ڈر اور خوف، اور جوابدہی کا احساس ہو، تو ہر مشکل سے آسانی، اور وہاں سے رزق ملتا ہے، جہاں سے گمان بھی نہ ہو۔ [الطلاق:2،3]
- گناہوں پر ندامت ، سچی توبہ و استغفار ،رزق بارش کی طرح برسنے کا ذریعہ ہے۔[ نوح:10-12]
- اللہ کی ذات پر توکل اور اعتماد کرنے والے کے لیے اللہ کافی ہوجاتا ہے۔ [الطلاق:3]
- اللہ کے رستے میں خرچ کرنا بھی رزق میں اضافے کا ذریعہ ہے۔ [سبا:39]
- صلہ رحمی یعنی رشتہ داروں کے ساتھ حسنِ سلوک، رزق میں کشادگی کا ذریعہ ہے۔ [بخارى:5985]
- فضول خرچی سے بچتے ہوئے شادی کرنے سے بھی رزق میں برکت آتی ہے۔[النور:32]
- اللہ کی ذات سے خلوصِ نیت سے دعا، بالخصوص اذان اور نماز کے بعد، تہجد اور دیگر قبولیت کے اوقات میں۔ سونے جاگنے، نمازوں کے بعد اور دیگر مسنون اذکارکی پابندی، اور جس قدر ہوسکے، زبان کو ذکر سے تَر رکھیں۔ بعض علماء اور اہل اللہ نصیحت کرتے ہیں کہ روزانہ عشاء کی نماز کے بعد 12 مرتبہ درود ابراہیمی اور بارہ مرتبہ سورۃ مزمل اور 12 مرتبہ پھر درود ابراہیمی پڑھیں۔اور سارا دن چلتے پھرتے (لَاحَولَ وَلَاقُوَّۃَ اِلَّا بِاللہِ) کا ورد کریں۔ جس حد تک اللہ کے ذکر ، اور اس سے مانگنے کی توفیق ملے گی، اسی قدر راحت وسکون اور آسودگی ملے گی۔ ان شاءاللہ۔
- اللہ کی دی ہوئی نعمتوں کا احساس، ان پر شکر بجالانا بھی نعمتوں میں اضافے کا ذریعہ ہے۔ [إبراهيم:7]
وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين
مفتیانِ کرام
فضیلۃ الشیخ ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ
فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ سعید مجتبی سعیدی حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ حافظ عبد الرؤف سندھو حفظہ اللہ
فضیلۃ الشیخ ابو محمد إدریس اثری حفظہ اللہ