مملکت توحید سعودی عرب اپنے قیام سے لیکر آج تک مسلسل قرآن وسنت کے علوم و فنون کی ترویج و اشاعت میں سرگرم ہے ، شاہ فہد نے قرآن کریم کی خدمت کے لیے ’ کمپلیکس ‘ تیار کروایا ، جو 1985/1403سے لیکر اب تک قرآن کریم کی خدمت میں مختلف انداز سے مصروف عمل ہے ، گو اس میں صرف قرآن کریم پر ہی نہیں ، بلکہ سنت کی خدمت کی طرف بھی توجہ دی گئی ، لیکن حدیث اور سنت کے لیے باقاعدہ ایک منصوبہ شروع کرنا بھی بہت سارے لوگوں کی خواہش تھی ، اور خود مملکت توحید کے فرمانروا بھی اس کام کو اپنے لیے سعادت کا ذریعہ سمجھتے تھے ، چنانچہ چند سال پہلے شاہ عبد اللہ کی طرف سے ’ جامع خادم الحرمین الشریفین للسنۃ المطہرۃ ‘ کے نام سے ایک سافٹ ویئر منظر عام پر آیا ، جو سافٹ ویئرز کی بھرمار کے باوجود ایک خاصے کی چیز ہے ۔ اسی تسلسل کی ایک کڑی شاہ سلمان کا حالیہ شاہی فرمان ہے ، جو ابھی کچھ گھنٹے پہلے 27 محرم 1439 کو جاری ہوا ، جس میں خصوصا حدیث اور اس کے متعلقہ علوم و فنون کی خدمت کے لیے ایک مستقل ’ کمپلیکس ‘ کی داغ بیل ڈالنے کا حکم جاری کیا گیا ہے ، جس کا نام ہوگا :
“مجمع خادم الحرمين الشريفين الملك سلمان بن عبدالعزيز آل سعود للحديث النبوي الشريف”​
ابتدائی طور پر اس بیان میں یہ کہا گیا ہے کہ احادیث رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی ہر ممکنہ طریقےسے خدمت کرنے کے لیے یہ کمپلیکس معرض وجود میں آئے گا ، جس کی علمی کمیٹی پوری دنیا سے منتخب جید علماء حدیث پر مشتمل ہوگی ، اور اس کے رئیس سعودی ’ ہیئۃ کبار العلماء ‘ کے رکن اور شیخ محمد بن عبدالوہاب کے خانوادہ کے چشم و چراغ شیخ محمد بن حسن حفظہ اللہ ہوں گے ۔ قرآن کمپلیکس کی طرح حدیث کمپلیکس کے لیے بھی شہرِ رسول ، مہبطِ وحی یعنی مدینہ منورہ کو اختیار کیا گیا ہے ۔
اس خبر کا سوشل میڈیا پر بڑی گرمجوشی سے استقبال کیا گیا ، معروف عالم دین ڈاکٹر عائض القرنی نے ٹویٹ کیا : اللہ تعالی ہمارے بادشاہ شاہ سلمان کو امت اسلامیہ اور حدیث شریف کی اس خدمت پر جزائے خیر عطا فرمائے ۔ سابق امام حرم مکی شیخ عادل کلبانی نے کہا : بہت خوشی کی خبر ہے ، جس پر شکریہ واجب ہے ، اللہ خادم حرمین کو برکت دے اور اس کے اجر میں اضافہ فرمائے ۔ ایک اور بزنس مین نے کہا : ثابت ہوا عصر حاضر میں دین کی حمایت و نصرت کرنے میں سعودی عرب سب سے آگے ہے ۔ ایک صاحب کا کہنا تھا : خدمت حدیث کے لیے عالم اسلام کا یہ سب سے بڑا منصوبہ منکرین حدیث کا منہ توڑ جواب ثابت ہوگا ۔ بعض اخباری بیانات میں یہ بات بھی ذکر کی گئی کہ جس طرح قرآن کمپلیکس کے توسط سے پورے عالم اسلام میں قرآن کریم کے فری نسخے تقسیم کیے جاتے ہیں ، اسی طرح اب حدیث رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر مشتمل کتب کو بھی عام کرنے کے لیے وسیع پیمانے پر کوشش کی جائے گی۔