بعض سنگ ہائے میل انسان کے لیے باعث مسرت ہونے کے ساتھ ساتھ پروفائل کو بھی جلا بخشتے ہیں۔ ڈیجیٹل دور کے جس ایرا میں ہم لمحات زیست  گزار رہے ہیں اب یہ چلن اور مزاج بن چکا ہے کہ ایسی کامیابیوں کو اپنے حلقہ احباب، دوستوں اور ہمنواؤں کے ساتھ شیئر کیا جائے۔ ایک وقت تھا کہ جب کبھی ایسی باتوں کو شو آف کرنے سے سنجیدہ حلقوں میں قابل تحسین تصور نہیں کیا جاتا تھا کہ “اپنے منہ میاں مٹھو” بننے والے بات ہے۔ سو اس دور میں ایسی بہت سی ایکٹیویٹیز ہیں جن کا اظہار دوسروں کے لیے بھی تحریض اور انسائٹمنٹ کا باعث ہوتا ہے۔

مسرت کن اور حوصلہ افزا خبر ہے کہ العلما ویب سائٹ alulama.org نے اپنی ترقی اور بہتری کی جانب سفر جاری رکھتے ہوئے اہم سنگ میل طے کیا ہے۔ وہ یہ ہے کہ مختصر سے وقت میں الحمدللہ ویب سائٹ نے سات ہزار کا ڈیجیٹ عبور کر لیا ہے۔ یعنی ایک ماہ میں صرف گوگل سرچ کے ذریعے  7000 سات ہزار افراد نے ویب سائٹ کو کلک کیا ہے یا اس کو وزٹ کیا ہے۔  ابھی عرضہ پہلے پچھلے ماہ 6000 چھ ہزار کے عدد کو عبور کیا تھا۔ العلما ڈاٹ او آر جی اب اپنی معاصر اور سسٹرز ویب سائٹس کے اندر نمایاں مقام پر کھڑی ہے۔ اس کا شمار اپنی کیٹیگریز کی ان ویب سائٹس میں ہوتا ہے جو ایک تھوڑے سے عرصے میں اپنا آپ منوانے میں کامیاب ہوئی ہے۔ بحول اللہ و قوتہ و الحمد للہ علی ذالک۔

جیسا کہ آپ کے علم میں ہوگا کہ العلما ویب سائٹ چند نمایاں خصوصیات کے ساتھ امتیاز کی حامل ہے۔ اس پر چند پورشنز اور کیٹیگریز ہیں۔ جس میں یومیہ کی بنیاد پر ڈیٹا اپلوڈ ہوتا ہے۔ ان میں اہم ترین فتاویٰ سیکشن ہے۔ جس میں جید علما مفتیان اور شیوخ کا ایک پینل ہے۔ جو مچتلف مسائل اور موضوعات پر اپنا متفقہ فتوی جاری کرتا ہے۔ ان میں دور حاضر کے جدید پیش آمدہ مسائل بھی ہیں جن کا ترقی اور ٹیکنالوجی کے ساتھ تعلق ہوتا ہے۔  یہ ایک ایسی کاوش ہے کہ دیگر ویب سائٹس میں دیکھنے کو نہیں ملتی۔

اس کے علاوہ دوسرا اہم ترین پورشن مقالات سیکشن کا ہے جس میں دینی، فقہی، سماجی، عائلی، سیاسی، معاشرتی اور عالمی موضوعات پر شریعت کی روشنی میں آرٹیکلز شائع ہوتے ہیں۔ اس طرح جاری کیلنڈر کے موضوعات پر دینی رہنمائی سے آراستہ تحاریر ہوتی ہیں۔ جن کے اندر موقع کی مناسبت سے معاشرے میں پیدا ہونے والی کج رویوں اور خرافات کا رد بھی ہوتا ہے اور ساتھ قرآن و سنت پر مبنی خالص دعوت ہوتی ہے۔ عالمی سیاست اور امت مسلمہ کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے تحاریر بھی ہوتی ہیں۔

صحت اور طب کے متعلق جانکاری اور معلومات رکھنا ہمارے لیے بہت اہم ہے کیونکہ اس کا براہ راست ہماری زندگی اور تندرستی کے ساتھ تعلق ہے۔ عموماََ موسمی تغیرات کو مد نظر رکھتے ہوئے پیدا ہونے والے مسائل پر علاج بالغذا کی شکل میں طبی رہنمائی کی جاتی ہے۔ دیسی جڑی بوٹیوں اور ہربل طریقے بتائے جاتے ہیں جن سے عمومی صحت کے مسائل حل کرنے میں مدد ملتی ہے۔

اس کے علاوہ علمائے کرام کی وفات اور دیگر اہم دینی مسلکی دعوتی ایونٹس کے متعلق خبریں بھی ویب سائٹ کی زینت بنتی ہیں۔ علمائے کرام کی سوانح عمری اور بائیو گرافی کے متعلق “تعارف علما “کے نام سے الگ سے پورشن ہے جس میں علمائے کرام کی نجی زندگی تعلیم و تعلم، تصنیف و تالیف، علمی و فکری اور دعوتی و تبلیغی سرگرمیوں کے متعلق ملاحظات ہوتے ہیں۔ اسی طرح “پوسٹ کارڈ” کے عنوان سے ایک اہم سلسلہ جاری ہے جس میں سوشل میڈیا پر دعوت و تبلیغ  کے لیے استعمال ہونے والے پوسٹرز اور پوسٹس ہوتی ہیں۔ آپ کو یہ بات جان کر حیرت ہوگی کہ ایسی پوسٹیں جو کہ قرآن و احادیث و سلف صالحین کے اقوال پر مشتمل ہیں ان کی تعداد سینکڑوں نہیں ہزاروں میں ہے۔ یوں آپ کے لیے تیار شدہ پوسٹیں اور ان کا ٹیکسٹ یونیکوڈ کی صورت بھی دستیاب ہے۔ جس کو ہر کوئی حاصل کر کے آگے شیئر کر سکتا ہے اور اس کے لیے کوئی پابندی اور قدغن نہیں ہے۔

یہ وہ چیدہ چیدہ خصوصیات ہیں جن کی بنیاد پر العلما ویب الحمد للہ کامیابی کا سفر کر رہی ہے۔ اور ایک مختصر وقت میں اس نے ایک اہم سنگ میل کو عبور کیا ہے جو کہ ایک اعزاز اور اللہ رب العزت کی طرف سے انعام سے کم نہیں ہے۔ و لِلہ الحمد۔

الیاس حامد