سوال (1068)
اگر روزے کے دوران عورت کو حیض آجائے تو کیا عورت روزہ چھوڑ سکتی ہے؟
جواب
روزہ باطل ہوجاتا ہے۔
فضیلۃ الباحث عبد الخالق حفظہ اللہ
روزے کے دوران افطار سے پہلے حیض کا عارضہ لاحق ہونے پر روزہ ختم ہو جاتا ہے۔ خواہ روزہ افطار کرنے میں چند منٹ ہی باقی ہوں۔
فضیلۃ الشیخ سعید مجتبیٰ سعیدی حفظہ اللہ
سوال: سوال یہ ہے کہ آج ایک عورت نے صبحِ سحری کی پھر نماز پڑھنے لگی تو اس کے ایام شروع ہوگئے ہیں، اس وقت تھوڑا سا نشان نظر آیا تھا، لیکن صبح سے لے کر ابھی تک کچھ نہیں آیا ہے، کیا اس کا روزہ باقی رہے گا یا نہیں؟
جواب: ایام کے معاملے میں ایک عورت کا ذاتی تجربہ ہی زیادہ معتبر ہوتا ہے، بمطابق سوال چونکہ سائلہ کے ایام شروع ہو چکے ہیں لہذا روزہ باقی نا رہا، اگرچہ اس کی مقدار ایک قطرہ ہے اور اس کے بعد تسلسل نہیں رہا۔ ایسا اکثر اوقات ہو جایا کرتا ہے۔
لہذا سائلہ کا روزہ باطل و فاسد ہے۔ اب وہ کھا پی سکتی ہے، اس کے لیے روزے دار کی طرح آج کا دن گزارا محض تکلف ہے۔ اس لیے کہ قاعدہ ہے:
الإلزام بالإمساك يحتاج لنصٍّ شرعي۔
رمضان کے بعد اسے اس روزے کی قضاء ادا کرنی ہو گی۔ جہاں باقی روزوں کی قضاء دے گی وہیں اس بھی دے گی۔
والله تعالى أعلى وأعلم والرد إليه أفضل وأسلم.
فضیلۃ الباحث ابو دحیم محمد رضوان ناصر حفظہ اللہ