سوال 7181
اگر گھر سے سونا چوری ہو جائے تو کیا وظیفہ کرنا چاہیے؟
جواب
السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ!
پہلے سو فیصد جانچ لیں، پرکھ لیں کہ گھر میں کوئی بندہ یا بندی تو اس طرح کی بات میں شامل نہیں۔ ٹھیک ہے نا جی؟ پھر چیز کو بار بار جگہ بدل کر، زیادہ سیکریٹ اور پرائیویسی والی جگہ پر رکھیں۔
رکھتے وقت بسم اللہ پڑھیں، آیت الکرسی پڑھ کر رکھیں۔ بسا اوقات بعض لوگ جنات کا ذکر کرتے ہیں، لیکن اس معاملے میں بہت احتیاط کی ضرورت ہے۔
اور کسی کی باتوں میں نہ آئیں کہ “ہم دِلوا دیں گے، جو لے جاتے ہیں واپس لے آتے ہیں”۔ بعض لوگ اس طرح کے دعوے کرتے ہیں، لیکن عاملوں کے چکروں میں نہیں پڑنا چاہیے۔ اکثر جھوٹے دعوے اور فضول باتیں ہوتی ہیں۔
صبر کریں، اللہ کے لیے صبر بھی تو ایک چیز ہے نا جی؟ نجات بھی صبر کے بغیر نہیں ہوتی۔
یہ اذکار پڑھیں:
إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ
اللّٰهُمَّ أْجُرْنِي فِي مُصِيبَتِي وَاخْلُفْ لِي خَيْرًا مِنْهَا
لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللّٰهِ
اسی طرح بعض اہلِ علم کے تجربات میں قرآن کی یہ آیت پڑھنے کا بھی ذکر آتا ہے:
يَا بُنَيَّ إِنَّهَا إِن تَكُ مِثْقَالَ حَبَّةٍ مِّنْ خَرْدَلٍ فَتَكُن فِي صَخْرَةٍ أَوْ فِي السَّمَاوَاتِ أَوْ فِي الْأَرْضِ يَأْتِ بِهَا اللَّهُ ۚ إِنَّ اللَّهَ لَطِيفٌ خَبِيرٌ
یہ قرآن کی آیت ہے، اور بعض علماء اس کے پڑھنے کا ذکر کرتے ہیں۔ جو چیزیں شرع میں ثابت ہیں، انہی پر اعتماد رکھیں، ان شاء اللہ خیر ہوگی۔
فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ




