سوال 7765

السلام علیکم ورحمۃ اللہِ وبرکاتہ
درس قرآن میں عورتیں ہیں ان کی طرف ایک سکرین لگائی جا سکتی ہے جس پر لائیو پروگرام دکھایا جائے کوئی حرج تو نہیں؟جزاکم اللہ خیر واحسن الجزاء فی الدنیا والاخرہ

جواب

وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
اس کی کوئی خاص حاجت اور ضرورت نہیں ہے۔ ہمیشہ سے خواتین پسِ پردہ رہ کر آواز سنتی رہی ہیں۔ اب یہ ایک فیشن اور روایت بن گئی ہے، لیکن بہرحال اس کی ضرورت نہیں ہے۔ ہماری رائے تو یہی ہے کہ ایسا نہیں کرنا چاہیے۔
البتہ اگر کوئی ایسا کر رہا ہے یا ایسا انتظام کر دیا جاتا ہے تو اس پر کوئی خاص سختی بھی نہیں ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ شخصیات کو دیکھنا ایک الگ بات ہے اور ان کے افعال کو دیکھنا الگ بات ہے۔
عام طور پر جب ویڈیو کلپس سنے اور دیکھے جاتے ہیں تو ان میں علماء کی شخصیات یا ان کے چہروں کو دیکھنا مقصود نہیں ہوتا، بلکہ بیان کے حوالے سے ان کی حرکات و سکنات پر توجہ مرکوز ہوتی ہے۔ بعض اوقات تو ان کا چہرہ بھی یاد نہیں رہتا۔
لہٰذا اس بنیاد پر یہ حکم نہیں لگایا جا سکتا کہ خواتین کو خطیب کو دیکھنے کا موقع دیا جا رہا ہے۔
جہاں تک حبشہ والوں والی دلیل کا تعلق ہے، صحیح بخاری، صحیح مسلم وغیرہ میں روایت ہے کہ انہوں نے مسجد کے اندر جہاد کی مشق کی تھی اور سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے انہیں دیکھا تھا۔ اس حوالے سے علماء نے لکھا ہے کہ وہاں ان کے افعال اور مشق کو دیکھنا مقصود تھا۔

فضیلۃ الشیخ عبدالوکیل ناصر حفظہ اللہ