سوال (2325)
ایک خواب کی تعبیر درکار ہے، خواب کا وقت صبح صادق فجر کے وقت، میں دیکھتا ہوں کہ والدہ کا انتقال ہو گیا ہے، میں ہر کسی کو اس کی اطلاع دے رہا ہوتا ہوں (جبکہ والدہ کا انتقال 12 سال پہلے ہو چکا ہے) اور تدفین کے انتظامات بھی، لیکن والدہ کی میت کہی نظر نہیں آ رہی ہوتی ہے، آس پاس کی فیملی ممبر کو اطلاع دے چکا ہوتا ہوں، ایک بھائی آبائی گھر میں رہتے ہیں میں اب وہاں اس گھر میں نہیں رہتا وہ بھائی کہتے ہیں کہ میت کو آبائی گھر لے کر جانا ہے، میں نے کہا ٹھیک ہے، بارش کا موسم بھی ہے اور میں کہتا ہوں کہ میت کی چارپائی اور غسل دینے کے پٹا لے آتے ہیں پھر یاد آتا ہے کہ باقی فیملی کو تو اطلاع دی ہی نہیں ہے، 2 بھائی بھی انتقال کر چکے ہیں میں انھیں بھی اور ماموں وغیرہ اور باقی فیملی کو بھی اطلاع کرنے لگتا ہوں، پھر میں اپنے چھوٹے بھانجوں کو لے کر مسجد جاتا ہوں کہ جا کر میت والی چارپائی اور غسل والا پٹا لے آؤ، مسجد جا کر وہاں جو بھائی ہوتے ہیں میں انھیں سے یہ دونوں چیزوں کا پوچھتا ہوں ، پھر میں ان سے پیسے کا حساب کرنے لگ جاتا ہوں کہ یہ پیسے ہیں تقریباً 143 ہزار روپے اور بقایا 50 ہزار بچ جاتے ہیں جو میں نے انھیں دینے ہوتے ہیں یہ پیسے میں انھیں اپنے عمرہ کی ادائیگی کے لیے دے رہا ہوتا ہوں، اور میں پریشان بھی ہوتا ہوں کے باقی کے پیسے کیسے ہونگے اور وہاں کا باقی خرچہ بھی چاہیے ہوگا، خیر میں وہ پیسے دے کر میت کی چارپائی وغیرہ اٹھانے کے لیے جاتا ہوں مسجد میں ہی جس جگہ وہ پڑی ہوتی ہےتو جب اٹھانے لگتا ہوں تو کیا دیکھتا ہوں کہ میری اپنی ہی میت وہاں پڑی ہے، جسم پر قمیض نہیں ہے، سر منڈھا ہوتا ہے جسم پر صرف شلوار ہوتی ہے بس میں اپنی میت دیکھ کر ذرا سا بھی حیران یا پریشان نہیں ہوتا اور میری میت بھی بالکل پر سکون حالت میں ہوتی ہے میں بازو ہلا کر بھی دیکھتا ہوں لیکن بالکل ایسے ہوتا ہے جیسے سو رہا ہے لیکن ہوتی میت ہی ہے، پھر میں اسی چارپائی کے ساتھ اٹھنے لگتا ہوں اور وہیں آنکھ کھل جاتی ہے۔
جواب
ان شاءاللہ بیت اللہ کی زیارت نصیب ہوگی، والدہ کی طرف سے بھی عمرہ کریں گے، اور اپنے مرحومین بھائیوں کے لئے بھی دعائیں وغیرہ کریں گے، بظاہر مالی اسباب نہ ہونے کے باوجود اللہ عمرہ کے اسباب پیدا کرے گا۔ واللہ اعلم
فضیلۃ العالم فہد انصاری حفظہ اللہ
سوال: اگر انسان خواب میں عمرہ کرتا ہوا پائے تو اس کی کیا تعبیر متوقع ہے؟
جواب: حقیقی طور پر عمرہ کرنا، گناہ معاف ہونا یا مال کی فراوانی کی طرف اشارہ ہے۔ واللہ اعلم
فضیلۃ العالم فہد انصاری حفظہ اللہ
سوال: السلام علیکم ورحمۃاللہ وبرکاتہ
معزز علماء کرام خواب کی تعبیر معلوم کرنا تھی میں دیکھتا ہوں کہ عمرہ کرنے کی غرض سے گیا ہوں (احرام وغیرہ کا علم نہیں پہنا ہے یا نہیں)
سب سے پہلے حرم میں پہنچتا ہوں تو ذھن میں یہ آتا ہے کہ مجھے تو رکن یمانی کا ہی پتہ نہیں، جب کعبہ کو دیکھتا ہوں تو کعبہ کی دیوار کے ارد گرد بالکل تھوڑے لوگ ہیں تو سوچتا ہوں کہ حجر اسود کو بوسہ آسانی سے دے سکوں گا۔
قریب پہنچ کر حجر اسود کو دیکھا تو وہ بالکل نیچے ہے ( ویسے تو دیوار میں کچھ اونچا نصب کیا گیا ہے لیکن میں جو دیکھتا ہوں ہے دیوار میں ہے لیکن سطح زمین سے اوپر نہیں)
جب بوسہ دینے کیلئے جاتا ہوں تو وہ کسی خوبصورت ہیرے کی طرح بالکل صاف لگتا ہے اور جس طرح اسکے ارد گرد چاندی کا کور ہے وہ سیاہ رنگ کا ( شاید) پلاسٹک کا کور ہے اور اس سے حجر اسود دیکھتا لیکن جگہ بالکل تھوڑی ہے جس میں بوسہ شاید نہیں دیا جا سکتا ( لیکن یاد نہیں میں نے بوسہ دیا یا نہیں)
پھر ذھن میں خیال آتا ہے کہ کافی دنوں سے مکہ میں موجود ہوں لیکن مکمل عمرہ اور مکمل طواف نہیں کر سکا ( کس وجہ سے یہ یاد نہیں)
یقینی نہیں لیکن کوئی عورت وہاں پر موجود ہے جسے میں جانتا ہوں کہ (شاید میری ساس کی بہن کو حجر اسود کے بالکل قریب بیٹھا دیکھتا ہوں تقریبا 50 سال سے زیادہ عمر کی ہیں)
وہ کچھ دن قبل عمرے سے واپس آئی ہیں کچھ دن پہلے بھی خواب دیکھا ہے کہ ہوں مکہ میں لیکن عمرہ نہیں کر پا رہا، رات کے کسی حصے میں 12 بجے کے بعد دیکھا اس کے بعد مسلسل دوبار جاگ آئی۔ جزاکم اللہ خیرا کثیرا
جواب: وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
اللہ کے دین کی طرف رجحان بڑھائیں، اس پر مضبوطی سے عمل کریں اور یقین کے ساتھ عمل کریں۔ اپنی عملی کوتاہیوں کو دور کریں۔ اگر آپ پر کوئی پریشانی یا مشکل لاحق ہے جس کی وجہ سے آپ خود کو سنبھال نہیں پا رہے، تو ذہن کو مرتب رکھیں، خلفشار سے بچیں اور اللہ سے خیر طلب کریں۔ دعا اور توبہ کے ذریعے اپنے آپ کو مضبوط کریں۔
فضیلۃ الشیخ عبد الوکیل ناصر حفظہ اللہ




