سوال 7795
السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
اگر کسی کا نام عبدالرحمن ہو تو کیا ہم اس کو صرف رحمن کہہ سکتے ہیں؟
عبد الغنی کو غنی؟
غلام مصطفیٰ کو مصطفیٰ؟
جواب
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته
اللہ اور رحمن، اللہ تعالیٰ کے ذاتی نام ہیں، اللہ رب العالمین کا فرمان ہے
قُلِ ادۡعُوا اللّٰهَ اَوِ ادۡعُوا الرَّحۡمٰنَ
کہہ دے اللہ کو پکارو، یا رحمان کو پکارو
(سورۃ الاسراء آیت نمبر : 110)
تو جیسے کسی کو اللہ نہیں کہہ سکتے، اس ہی طرح رحمن بھی نہیں کہہ سکتے، جیسے عبداللہ کہا جاتا ہے، ویسے ہی عبدالرحمن کہنا چاہیے، اور یہ اللہ کے نزدیک محبوب ترین نام ہے۔
حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
إِنَّ أَحَبَّ أَسْمَائِكُمْ إِلَى اللَّهِ عَبْدُ اللَّهِ وَعَبْدُ الرَّحْمَنِ
تمہارے ناموں میں سے اللہ کے نزدیک پسندیدہ نام عبداللہ اور عبدالرحمٰن ہیں
(صحیح مسلم حدیث نمبر : 5587)
رہی بات، اللہ رب العالمین کے باقی صفاتی ناموں کی، تو وہ “عبد” کے بغیر بھی استعمال ہوسکتے ہیں، جیسے عبدالغنی کو غنی کہنا، عبدالرحیم کو رحیم کہنا وغیرہ، اس ہی طرح غلام مصطفیٰ کو مصطفیٰ کہنے میں بھی کوئی حرج نہیں۔
ھذا ما عندي والله اعلم بالصواب
فضیلۃ العالم حافظ محمد عبداللہ حفظہ اللہ




