سوال 7796

السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
شیخ محترم کیا وتر عشاء کی نماز کا حصہ نہیں ہے۔
اور وتر صرف ایک ہے۔۔ تین پانچ سات نو ہوں تو باقی نفل ہوگئیں صرف 1 وتر ہے۔
اور شیخ محترم وتر میں دعا رکوع کے بعد ہے۔ یہ بھی سنت ہے؟

جواب

وعلیکم السلام و رحمة الله و برکاته، وتر نماز عشاء کا حصہ نہیں ہے، بلکہ رات کی نماز جسکو عرف عام میں تہجد، قیام اللیل یا تراویح کہتے ہیں، وتر اسکا حصہ ہے جو کہ عشاء کے بعد طلوع فجر سے پہلے پہلے کسی بھی وقت ادا کیا جاسکتا ہے
حضرت ابو بصرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ ایک مرتبہ صبح کے وقت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے پاس تشریف لائے اور فرمایا کہ اللہ نے تمہارے لئے ایک نماز کا اضافہ فرمایا ہے جو تمہارے لئے سرخ اونٹوں سے بھی بہتر ہے ہم نے عرض کیا یا رسول اللہ! وہ کون سی نماز ہے؟ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا نماز وتر جو نماز عشاء اور طلوع آفتاب کے درمیان کسی بھی وقت پڑھی جاسکتی ہے۔
(مسند احمد حدیث نمبر : 23851)
ایک، تین، پانچ، سات، نو، گیارہ، تیرہ، وتر الگ الگ طریقہ سے ادا کرنا رسول مکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہے، باقی یہ ساری کی ساری نماز ہی نفل ہے۔
نماز وتر فرض نہیں ہے لہذا دوبارہ لوٹانے کی ضرورت نہیں ہے، اگر کوئی قضاء دینا چاہے تو جائز ہے

سَأَلَ رَجُلٌ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، فَقَالَ يَا رَسُولَ اللَّهِ كَمْ افْتَرَضَ اللَّهُ عَزَّ وَجَلَّ عَلَى عِبَادِهِ مِنَ الصَّلَوَاتِ؟ قَالَ افْتَرَضَ اللَّهُ عَلَى عِبَادِهِ صَلَوَاتٍ خَمْسًا

انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ایک آدمی نے دریافت کیا: اللہ کے رسول! اللہ عزوجل نے اپنے بندوں پر کتنی نمازیں فرض کی ہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ نے اپنے بندوں پر پانچ نمازیں فرض کی ہیں
(سنن نسائی حدیث نمبر : 460)
جناب عبدالوارث بن سعید بیان کرتے ہیں کہ میں نے امام ابوحنیفہ سے پوچھا یا امام ابوحنیفہ سے وتر کے بارے میں پوچھا گیا، تو اُنہوں نے فرمایا کہ وتر فرض ہے۔ تو میں نے کہا یا اُن سے کہا گیا، فرض نمازوں کی تعداد کتنی ہے؟ جواب دیا کہ پانچ نمازیں ہیں۔ تو اُن سے کہا گیا تو آپ وتر کے بارے میں کیا کہتے ہیں؟ اُنہوں نے جواب دیا کہ فرض ہے – تو میں نے کہا یا اُن سے کہا گیا کہ آپ کو حساب کرنا نہیں آتا۔
(صحیح ابن خزیمہ حدیث نمبر : 1069)
ھذا ما عندي والله اعلم بالصواب

فضیلۃ العالم حافظ محمد عبداللہ حفظہ اللہ