سوال 7789

‘ دلوں سے غم مٹاتا ہے محمد نام ایسا ہے’
یہ چیز ذاتی تجربے سے ثابت ہے کہ جتنے بھی ھموم غموم لیکر آپ مسجد رسول اللہ ﷺ میں آجائیے سب ایسے دھل جائیں گے جیسے پانی میں نمک یا دور ھوں تو کثرت سے درود وسلام پڑھ کر دیکھئے۔ سب غم زائل ہونا شروع ہو جائیں گے اور دل راحت پانے لگے گا۔
“دلوں سے غم مٹاتا ہے محمد نام ایسا ہے” ﷺ

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
مشائخ کرام رہنمائی فرمائیں جزاکم اللہ خیرا
کیا یہ تحریر درست ہے؟

جواب

وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اس میں کسی نے ذاتی تجربہ بیان کیا ہے، اگر وہ بندہ قابل اعتماد ہے تو بالکل اس طرح ممکن ہے۔
اگر پارک میں جانے سے، واک کرنے سے، کسی خاص فرد کو ملنے یا کسی علاقے میں جانے سے راحت اور سکون مل سکتا ہے تو مسجد رسول اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا نام نامی اسم گرامی سے یہ کیفیت بالاولی حاصل ہو سکتی ہے۔
محب اور محبوب کا یہ آپسی تعلق دین سے ہٹ کر علم النفس میں بھی ثابت شدہ ہے۔ اللہ رب العالمین نے انسان کی فطرت میں یہ چیزیں شامل کی ہیں۔
جنت میں اللہ رب العالمین کے دیدار اور حضور کے ساتھ کا تصور کریں، یقینا یہ کیفیت طاری ہو گی۔

فضیلۃ العالم حافظ خضر حیات حفظہ اللہ