الحمد لله رب العالمين والصلاه والسلام على اشرف الانبياء والمرسلين وعلى اله وصحبه اجمعين.اما بعد!
سلف صالحین کے متعلق ان کے حالات میں پڑھا اور پڑھایا جاتا ہے کہ وہ تھوڑی عمر میں بہت زیادہ اور گرانقدر تصنیفات چھوڑ گئے۔
کچھ شوقین حضرات ان کے ہر دن کا زائچہ نکالتے اور اس کی روشنی میں بتاتے ہیں کہ فلاں بزرگ کی یومیہ اوسط ،اس قدر صفحات بنتے ہیں۔ آخر میں ساری بحث کا نچوڑ یہ نکالا جاتا ہے کہ اللہ سبحانہ وتعالی نے ان کے اوقات کو بابرکت بنادیا تھا۔ اس بخشش کا نتیجہ ان حضرات کی تصانیف کی کثرت کی شکل میں سامنے آیا۔
عہد موجود میں جن حضرات کے وقت میں اللہ تعالیٰ نے برکت رکھی ہے اور وہ ڈھیروں گوناگوں مصروفیات کے باوجود آئے دن کوئی نہ کوئی بیش قیمت اور نفع بخش کتاب قارئین کی خدمت ناز میں پیش کرتے رہتے ہیں ان میں سے ایک ہمارے محبوب، مشہور مصنف، مدرس، ایڈیٹر، مناظر اسلام فضيلة الشيخ حضرت مولانا حافظ فاروق الرحمٰن یزدانی صاحب حفظہ اللہ بھی ہیں
آپ کے سیال قلم سے دسیوں تصنیفات اور بے شمار
مقالہ جات خوانندگان محترم سے داد و تحسین سمیٹ چکے ہیں. فلله الحمد
ہمارے پیش نگاہ اس وقت آنجناب کی نئی نویلی تصنیف “فاروقی سبع سنابل”ہے جو کہ في كل سنبلة مائة حبة کے مصداق ہے. سات مقالہ جات اور تقریباً دو صد صفحات پر مشتمل یہ کتاب جہاں موصوف کی مسلکی غیرت کا منہ بولتا ثبوت ہے وہیں احباب کے لیے دعوت فرق کی بجائے دعوت فکر بھی ہے۔
کسی بھی فریق سے علمی اختلاف کرتے وقت ان کی اصلاح کے لیے انہی کی مستند کتابوں کے حوالہ جات دیے گئے ہیں۔
گویا در پردہ حضرت یزدانی اپنی معروضات پیش کرنے کے بعد چلمن سے لگ کر بیٹھے اور کہ رہے ہیں:

انہی کی محفل سجا رہا ہوں چراغ میرا ہے رات ان کی
انہی کے مطلب کی کہہ رہا ہوں زبان میری ہے بات ان کی

سادہ و درویش اور ہر علم والے سے اللہ کی رضا کے لیے محبت رکھنے والے اور دینی حمیت سے سرشار حضرت یزدانی صاحب کی زندگی ان لوگوں کے لیے چراغِ راہ ہے جو ہر لمحہ وقت کی قلت، اور وسائل کی عدم دستیابی کا رونا روتے نظر آتے ہیں، اور تمام وسائل ہونے کے باوجود ان کی خدمات کا دائرہ زبانی جمع خرچ سے زیادہ دکھائی نہیں دیتا ہے۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ان کے اوقات میں مزید برکتیں نازل فرمائے اور ان کے گوہر بار قلم سے مزید علمی تحقیقات منظر عام پر آتی رہیں اور ہم جیسے طالب علم مستفید ہوتے رہیں۔

ایں دعا از من و ازجملہ جہاں آمین آباد

نوٹ: مناسب قیمت پر کتاب خریدنے کے لیے مکتبہ اہل حدیث سے درج ذیل نمبر پر رابطہ فرمائیں
03336574758

 عبد العزیز آزاد