سوال 7738

السلام علیکم ورحمۃاللہ وبرکاتہ
مشائخ کرام و مفتیان عظام ! اس مسئلہ میں رہنمائی فرمائیں جو ایک بھائی نے توجہ دلائی ہے کہ مثلاً آج کل وقت زوال 12:12 اور وقت ظہر 12:22 ہے اور احادیث میں اول وقت نماز ادا کرنے کی فضیلت و تاکید بھی ہے مگر اہل حدیث مساجد میں بھی پورے سال ہمیشہ اذان ظہر 12:55 یا 1:00 بجے اور نمازِ ظہر 1:15 بجے ادا کی جاتی ہے کیا گھروں میں خواتین ، مریض اور مسافر وغیرہ اذان سے پہلے (12:22 پر) نماز ادا کر سکتے ہیں ؟ جبکہ وقت پر نماز ادا کرنے کی بجائے ہمیشہ معمول کے مطابق (1:15بجے) نمازِ ظہر کی ادائیگی (غلط رسم) ہے جو کاروباری مصروفیات کو مدنظر رکھ کر کیاگیا ہے – کیا یہ عمل درست اور بہتر ہے یا اس کی اصلاح کی ضرورت ہے جس طرح سعودی عرب میں اول وقت نمازوں کی ادائیگی ہوتی ہے ؟ اگر اصلاح کی گنجائش ہے تو آپ وارثین انبیاء اور منتظمین مساجد اس سلسلے میں اپنی اپنی زمہ داریاں اداکریں جزاکم اللّٰہ احسن الجزاء العارض :حماد کراچی

جواب

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
جہاں تک اس مسئلے کا تعلق ہے کہ نمازِ ظہر کا اول وقت کب شروع ہوتا ہے، تو زوال کا وقت ختم ہونے کے بعد فوراً ظہر کا وقت شروع ہو جاتا ہے۔ زوال کے وقت کے لیے دس منٹ کی بجائے آپ پندرہ منٹ کا احتیاطی وقت رکھ لیں۔ جیسا کہ عموماً علماء دس سے پندرہ منٹ کہتے ہیں، تو آپ پندرہ منٹ رکھ لیں۔ زوال کا وقت ختم ہونے کے پندرہ منٹ بعد ظہر کی اذان کہیں۔ یہی ظہر کی اذان کا اول وقت ہے، اور نماز ادا کرنا اسی وقت افضل ہے۔
گرمیوں میں ظہر کی نماز کو مؤخر کیا جائے گا، وہ ایک الگ مسئلہ ہے اور اس کے متعلق الگ حدیث ہے۔ لیکن عام حالات میں زوال کا وقت ختم ہوتے ہی اذان ہونی چاہیے۔ کاروباری لوگ اپنا کاروبار کریں، جو جہاں مصروف ہے، اپنی جگہ پر اپنا کام کرے، اور وہاں قریب جو مسجد ہے، وہاں ظہر کی نماز ادا کرے۔ اگر اس مسجد میں جماعت کچھ دیر سے ہو رہی ہے تو یہ الگ بات ہے۔
لیکن جہاں آپ کا حکم چلتا ہے، جہاں آپ سربراہ ہیں اور جہاں آپ اپنے مشورے سے اس بات کو معمول بھی بنا سکتے ہیں، وہاں ظہر کی نماز کا وقت زوال کے فوراً بعد شروع ہونے والے وقت کے مطابق رکھیں۔
جماعت کروانے کے لیے آپ ضرورت کے تحت دس، پندرہ، بیس یا پچیس منٹ کی تاخیر کر سکتے ہیں۔ لیکن اتنی تاخیر نہ ہو کہ زوال کے بعد کافی وقت گزر جائے، پھر اذان دی جائے اور اس کے بعد مزید پندرہ یا بیس منٹ تاخیر ہو۔ اس طرح آہستہ آہستہ نماز اول وقت سے نکل جائے گی۔
دوسری بات یہ ہے کہ جب تک کوئی شخص اپنی مسجد میں اپنے مؤذن، امام، خطیب اور مقتدیوں کے ساتھ مشورے سے اس وقت کی اصلاح نہیں کرتا، تب تک گھر میں موجود خواتین، مریضوں اور دیگر عذر رکھنے والوں کے لیے ضروری نہیں کہ وہ مسجد کی اذان کا انتظار کریں۔
اگر کسی کو یقین ہو کہ زوال کا وقت ختم ہو گیا ہے تو اذان ہوئی ہو یا نہ ہوئی ہو، وہ نماز ادا کر سکتا ہے۔ ان کی نماز کا اول وقت وہی ہے۔
ہمارے برادرانِ مشائخ ان شاء اللہ اس سلسلے میں اپنی رائے کا اظہار بھی ضرور کریں گے۔

فضیلۃ الشیخ ابو عدنان منیر قمر حفظہ اللہ

السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ! جزاکم اللہ خیراً، شیخ محترم! آپ نے بہت اچھا جواب دیا ہے۔
سوال میں یہی پوچھا گیا ہے کہ خصوصاً گھروں میں موجود افراد، بچے، عورتیں یا وہ لوگ جن کے لیے مسجد آنا مشکل ہے، مثلاً مریض، کیا وہ زوال کا وقت ختم ہوتے ہی اول وقت میں نماز پڑھ سکتے ہیں؟ ان کے لیے اذان کا انتظار ضروری نہیں، بلکہ صرف نماز کا وقت ہونا ضروری ہے، کیونکہ انہوں نے مسجد میں نہیں آنا۔ اذان تو مسجد میں بلانے کے لیے ہوتی ہے: حَيَّ عَلَى الصَّلَاةِ، حَيَّ عَلَى الْفَلَاحِ۔ لہٰذا جب نماز کا وقت ہو جائے تو وہ اول وقت میں نماز ادا کر سکتے ہیں۔ آپ نے بالکل ٹھیک فرمایا۔
البتہ جو لوگ مسجد آتے ہیں اور مسجد میں آنا ان کے لیے معمول ہے، ان کے لیے اذان ہے۔ ویسے بھی سوال میں یہ کہا گیا ہے کہ ایک بجے اذان ہوتی ہے، لیکن ایسا نہیں ہے۔ بہت ساری مساجد ایسی ہیں جہاں 12:45 بجے یا 12:35 بجے اذان ہوتی ہے۔ اس لیے تمام مساجد میں ایک بجے یا سوا ایک بجے اذان نہیں ہوتی، بلکہ پہلے ہی اذان ہو جاتی ہے۔
زوال کا وقت، جو دس، بارہ یا پندرہ منٹ ہوتا ہے، اسے نکال کر پھر اذان دینی چاہیے۔ اس معاملے میں ائمۂ مساجد اور خصوصاً منتظمین کو توجہ دینی چاہیے۔
آج کل تو ہر مسجد میں ٹائم پیس اور گھڑیاں لگی ہوئی ہیں، جو وقت بتاتی ہیں۔ زوال کا وقت، سایۂ زوال، فَیۡءُ الزوال، یہ سب بتاتی ہیں۔ لہٰذا اول وقت میں اذان دینی چاہیے۔
باقی اذان سے جماعت تک کا وقت موقع، محل اور مناسبت کے لحاظ سے پندرہ، بیس منٹ رکھا جا سکتا ہے، تاکہ لوگ وضو کر لیں، قضائے حاجت کر لیں اور اسی طرح دیگر ضروری حاجاتِ انسانی پوری کر لیں۔ اس کے لیے اتنا وقت ہونا چاہیے۔
آج بھی اذان اور جماعتیں 12:50 بجے بھی ہو رہی ہیں اور پورے ایک بجے بھی۔ اسی طرح اس سے پہلے بھی جماعت کروائی جا سکتی ہے۔ لیکن اذان تو جونہی زوال ختم ہو، مسجد میں فوراً دینی چاہیے۔
اس معاملے میں واقعی منتظمین کو خصوصی توجہ دینی چاہیے۔
بارک اللہ فیکم۔

فضیلۃ الشیخ ادریس اثری حفظہ اللہ

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
مشائخِ کرام! جزاکم اللہ خیراً احسن الجزاء، بارک اللہ فیکم۔ ماشاء اللہ، بہت بہترین اور زبردست گفتگو ہوئی ہے۔ اللہ تعالیٰ سب کو اصلاح اور عمل کی توفیق عطا فرمائے۔
شیخ محترم! آپ نے فرمایا کہ بعض علاقوں میں 12:35 یا 12:45 بجے اذان ہو جاتی ہے۔ شاید آپ کے علاقے میں ایسا ہوتا ہو، لیکن میرے ساتھی نے جو سوال کیا، اس کے بعد میں نے بھی اندازہ لگایا کہ شاید پورے کراچی میں اہلِ حدیث کی کوئی ایک مسجد بھی ایسی نہیں جہاں اس طرح وقت پر اذان ہوتی ہو۔
بعض مساجد میں اذان کا وقت پونے ایک بجے تک لے جایا جاتا ہے، حالانکہ اس وقت تک زوال کا وقت ختم ہوئے کافی دیر ہو چکی ہوتی ہے۔ مثلاً اگر زوال کا وقت 12:18 بجے ختم ہو رہا ہے تو دس بارہ منٹ بعد، یعنی تقریباً 12:30 یا 12:35 بجے اذان ہونی چاہیے۔ اس کے بجائے پونے ایک بجے کو آخری وقت سمجھ لیا گیا ہے اور ایک بجے نماز ہوتی ہے۔
پہلے ایک دو مساجد کے بارے میں سننے میں آیا تھا کہ انہوں نے اس معمول میں تبدیلی کی ہے، لیکن اب انہوں نے بھی اسے چھوڑ دیا ہے۔ گویا یہ ایک پختہ رسم بن گئی ہے کہ ظہر کی اذان ہمیشہ ایک بجے اور جماعت سوا ایک بجے ہوگی۔
اس رسم کے بارے میں بھی تھوڑی گفتگو ہونی چاہیے اور اس فتویٰ میں چند جملے اس حوالے سے شامل کیے جائیں کہ ہم گھڑی کے پابند ہیں یا شرعی طور پر نماز کے جو اوقات مقرر ہیں، ہم ان کے پابند ہیں؟
کچھ لوگ اس معمول کے جواز میں یہ دلیل دیتے ہیں کہ اسکولوں سے بچوں کی چھٹی مثلاً ایک بجے ہوتی ہے، اس لیے اگر نماز اس وقت رکھی جائے تو انہیں بھی جماعت میں شرکت کا موقع مل جاتا ہے۔ اسی طرح بعض دفاتر میں ایک سے دو بجے تک وقفہ ہوتا ہے، اس لیے وہاں کام کرنے والوں کو بھی نماز پڑھنے کا موقع مل جاتا ہے۔
لیکن یہ تو اپنے معاملات میں دنیا کو ترجیح دینے والی بات ہوئی۔ اگر کسی اسکول میں ایک بجے چھٹی ہوتی ہے تو بہت سے اسکولوں میں ڈیڑھ بجے اور کہیں دو بجے چھٹی ہوتی ہے۔ کیا ان کا خیال کرتے ہوئے نماز کو دو بجے کر دیا جائے؟ اسی طرح دفاتر میں کھانے اور نماز کے وقفے بھی مختلف ہوتے ہیں۔ کہیں ایک گھنٹہ ہوتا ہے اور کہیں آدھا گھنٹہ۔ بعض لوگ یہ پوچھ کر اپنا وقت مقرر کرتے ہیں کہ آپ کے پڑوس کی مسجد میں نماز کتنے بجے ہوتی ہے۔
ان تمام معاملات کو شریعت کے تابع ہونا چاہیے، نہ کہ نمازوں کے اوقات کو لوگوں کے کاروباری اور دفتری اوقات کے تابع کر دیا جائے کہ جس وقت لوگوں کو سہولت ہو، اسی وقت نماز ادا کی جائے۔
یہی حال عصر کی نماز میں بھی ہونے لگا ہے۔ مثلاً آج کل عصر کا وقت 3:37 بجے شروع ہوتا ہے، لیکن بعض مساجد میں اذان چار بجے اور جماعت 4:15 بجے ہوتی ہے۔ جب اس بارے میں توجہ دلائی گئی تو اب انہوں نے اذان 3:45 بجے اور جماعت چار بجے شروع کر دی ہے۔ حالانکہ اگر شرعی وقت پہلے شروع ہونے لگے اور وہ 3:20 بجے تک آ جائے، تب بھی اذان کا وقت وہی 3:45 بجے اور جماعت چار بجے مقرر رہتا ہے۔ اس سے پہلے وقت کرنے پر آمادہ نہیں ہوتے۔
بہرحال، اول وقت کی جو اہمیت اور فضیلت ہے، اس کی طرف توجہ دلانے کے لیے جو جدوجہد اور کوششیں ہو رہی ہیں، اللہ تعالیٰ آپ سب کو جزائے خیر عطا فرمائے۔
والسلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ

فضیلۃ الشیخ عبدالحنان سامرودی حفظہ اللہ