سوال

عصمتِ نبی علیہ الصلاۃ و السلام اور عصمت ِصبی میں کیا فرق ہے؟اور اہل تشیع حضرات اپنے بارہ اماموں کو معصومین کہتے ہیں۔ کیا یہ ٹھیک ہے؟

جواب

الحمد لله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!

عصمتِ نبی کا مطلب یہ ہے ،کہ نبی کے دل ودماغ کی نگرانی خود اللہ تعالیٰ کرتے ہیں۔اگرچہ ان میں گناہ کرنے کا داعیہ موجود ہوتا ہے۔لیکن اللہ تعالیٰ کی نگرانی سے وہ لوگ گناہ سے محفوظ رہتے ہیں۔جیسا کہ قران کریم میں یوسف علیہ السلام کے بارےمیں ہے:

“مَاۤ اُبَرِّئُ نَفْسِیْۚ اِنَّ النَّفْسَ لَاَمَّارَةٌۢ بِالسُّوْٓءِ اِلَّا مَا رَحِمَ رَبِّیْ اِنَّ رَبِّیْ غَفُوْرٌ رَّحِیْمٌ”. [سورة يوسف:53]

میں نفس کو بری نہیں کرتا ہوں نفس تو برائی پر اکساتا ہے آمادہ کرتا ہے۔مگر میرا رب جس پر رحم کرے اور اس کو بچا لے۔

اگر بشر ہو نے کے ناطے ان سے ایسی بات ہو جائے، جو اللہ کی منشاء کے خلاف ہو تو اللہ  فورا تنبیہ فرمادیتے ہیں، اوروہ اللہ کی منشاء کی طرف فورا آجاتے ہیں۔

ایک دفعہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس قریش کے سردار آئے ہوئے تھے، تو  ایک نابینا صحابی بھی آیاگیا لیکن آپ صلی اللہ علیہ وسلم سرداران قریش کی طرف متوجہ رہے،اور اس کی طرف توجہ نہ دی۔یہ بات اللہ کی منشا کے خلاف تھی،تو اللہ پاک نے فوراً  تنبیہ کرتے ہوئے فرمایا:

“عَبَسَ وَتَوَلَّىٰ‏أَن جَاءَهُ الْأَعْمَىٰ”. [سورة عبس:1،2]

’وه ترش رو ہوا اور منہ موڑ لیا (صرف اس لئے) کہ اس کے پاس ایک نابینا آیا‘۔

تو اس سے ثابت ہوا کہ انبیاء علیہم السلام  کی نگرانی خود اللہ تعالیٰ کرتے ہیں۔

جہاں تک تعلق ہے عصمتِ صبی کاتوان میں گناہ کی صلاحیت ہی نہیں ہوتی۔اس لیے بچہ گناہوں سے پاک رہتا ہے۔ایک ہے گناہ کی صلاحیت ہونے کے بعد گناہ سے بچنا،اور ایک ہے کہ اس میں  گناہ کی صلاحیت ہی نہیں ہے۔ یہی عصمتِ صبی کا مطلب ہے۔

باقی اہلِ تشیع کا اپنے ائمہ کو معصوم کہنا یہ غلط ہے۔معصوم صرف انبیائے کرام کی ذات ہے۔ ائمہ کرام نبی نہیں وہ برگزیدہ انسان ہیں۔وہ گناہوں سے پاک نہیں  ہیں۔اہلِ تشیع کا ان کے بارے میں اپنا ایک نظریہ ہے،  جسکا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين

مفتیانِ کرام

فضیلۃ الشیخ  ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ

فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  سعید مجتبی سعیدی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ