سوال

ایک کمپنی ہے جس کا نام بنانس ہے،طریقہ کار یہ ہے کہ اس کمپنی میں پانچ ہزار پاکستانی روپے جمع کروانے ہوتے ہیں، کم از کم پانچ ہزار سے شروع ہوتا ہے،رات نو بجے کے بعد اگر آپ ان کی ایپ اوپن کریں گے، تو انہوں نے اس ایپ میں لنکس وغیرہ دیے ہوتے ہیں، آپ  ان لنکس کو کلک کریں گے تو آپ کو پیسے ملیں گے،  جتنے زیادہ پیسے کوئی رکھتا ہے اس کو اتنے زیادہ پیسے ملتے ہیں، مثلا: اگر سو ڈالر کسی نے رکھے ہیں ، تو لنکس کلک کرنے پر اس کو پوائنٹس ملیں گے، اور وہ پوائنٹس سو ڈالر میں تبدیل ہوجاتے ہیں۔ کیا اگر کوئی ایسا کرے تو یہ جائز ہے یا  نہیں؟

جواب

الحمدلله وحده، والصلاة والسلام على من لا نبي بعده!

  • سوال میں ذکر کردہ کمپنی سے متعلق ہم نے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی ہے، متعدد افراد سےرابطے کے بعد ہمیں اس کے متعلق معلوم ہوا ہے کہ یہ  ایک مارکیٹنگ کمپنی ہے، جو مختلف اداروں  سے ان کی سروسز اور پراڈکٹس وغیرہ کی تشہیر کے لئے معاہدہ کرتی ہے، جس  کا باقاعدہ معاوضہ طے ہوتا ہے۔اسی کمپنی نے ایک ایپ بنائی ہوئی ہے، جس پر صارفین رجسٹریشن کرتے ہیں، تاکہ اس کمپنی کی حاصل کردہ ایڈز (اشتہارات) دیکھ کر پیسے کما سکیں۔ اور اس ایپ کی یہ رکنیت فری نہیں ہوتی، بلکہ پیسوں کے عوض ہوتی ہے، آپ جتنے پیسے ادا کریں گے، اسی قدر ایڈز (اشتہارات) تک آپ کو رسائی مل جاتی ہے۔

گویا کہ آپ  ان کی ایپ تک پہنچنے کا معاوضہ ادا کرتے ہیں، پھر وہ آپ کو ان اداروں کے لنکس بھیجتے ہیں جن اداروں کا ان سے معاہدہ ہوتا ہے، پھر وہ لنکس آپ کھولتے ہیں تو وہ اشتہار کی شکل میں سامنے آتے ہیں ،ان کو باقاعدہ دیکھنے سے ان کی شہرت ہوتی ہے، پھر وہ کمپنی ان سے اس بات کا معاوضہ  لیتی ہے اور معاوضہ میں سے کچھ وہ اس کسٹمر(صارف) کو دیتی ہے جس نے پانچ ہزار یا دس ہزار کم و بیش رکھ کر اس ایپ میں رکنیت حاصل کی ہوتی ہے۔

  • یہ جائز ہے، بشرطیکہ یہ تشہیری مہم جائز اور مباح کاموں کے لیےہو، جیسا کہ کسی تعلیمی ادارے اور ہسپتال وغیرہ کی مارکیٹنگ۔ لیکن اگر یہ اشتہارات ناجائز چیزوں کی تشہیر، یا فحش و حیاباختہ مواد، اور گانے بجانے پر مشتمل ہوں، تو انہیں دیکھنا قطعا ناجائز ہے، اور اس سے حاصل کردہ کمائی بھی حرام ہے۔

وآخر دعوانا أن الحمد لله رب العالمين

مفتیانِ کرام

فضیلۃ الشیخ  ابو محمد عبد الستار حماد حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  عبد الحلیم بلال حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ جاوید اقبال سیالکوٹی حفظہ اللہ

فضیلۃ الدکتور عبد الرحمن یوسف مدنی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ  سعید مجتبی سعیدی حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ ابو عدنان محمد منیر قمر حفظہ اللہ

فضیلۃ الشیخ عبد الرؤف بن  عبد الحنان حفظہ اللہ